English   /   Kannada   /   Nawayathi

مسلمانوں پہلے سے زیادہ بہتر حالت میں ہیں ، مزید بہتری لانے کی ضرورت : مولانا سید محمود مدنی

share with us

مولانا نے اس موقع پر غیر مسلم بھائیوں میں مسلمانوں کی جو شبیہ بنی ہے یا بنائی گئی ہے اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس تصویر کو ہٹاکر اپنے اعمال و کردار کے ذریعہ سے ان کو قریب کرنا ہوگا، دعوت دینی ہوگی ، زبان سے نہ صحیح کم سے کم اپنے اعمال سے تو ظاہر کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کی بڑی بھول ہے کہ وہ ہندستان میں موجود غیر مسلمانوں کو پرائے تصور کرتے ہیں جس کی وجہ سے دعوتی میدان میں کام نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری غلطی ہے کہ ہم نے ان تک اللہ کے دین کا پیغام نہیں پہنچایا۔ ہم نے کوشش ہی نہیں کی کہ ان ہمارے بھائیوں کو بھی دینِ اسلام کی دعوت دیتے ۔ مولانا موصوف نے نئی نسل کی بے راہ روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہماری نسل بڑی تیزی کے ساتھ دین سے دور ہوتی جارہی ہے۔ خرافات اور نت نئے طریقے ان میں آکر وہ اسلام سے دور ہورہی ہے۔ حتی کہ آج کے نوجوان اپنے والدین کی خدمت کرنے کے بجائے انہیں بوجھ تصور کررہے ہیں۔ ان حالات میں ہمیں تقویٰ اختیار کرنے کی ضرورت ہے اور تقویٰ اللہ کی محبت سے آتا ہے ، جب انسان کو اللہ سے محبت ہوجاتی ہے تو وہ کوئی بھی کام اس کی مرضی کے خلاف نہیں کرے گا اور یہی اصل تقویٰ ہے۔ 
ملحوظ رہے کہ شہر کے عیدگاہ کی تزئین نو کے افتتاح کے موقع پر اسی میدان میں استقبالِ رمضان اور موجودہ حالات کے تناظر میں مسلمانوں کی ذمہ داریوں کے عنوان پر ایک عظیم الشان اجلاس عام منعقد کیا گیا تھا۔ اجلاس کا آغاز عبداللہ رازی کی تلاوت کلام پا ک سے ہوا، طریف ابوحسینا نے نعت اور محمد اصغر صدیقی نے نعت پیش کی۔ مہمانوں کا استقبال جنرل سکریٹری جماعت المسلمین بھٹکل مولانا محمد طلحہ رکن الدین ندوی نے کیا ، اس اجلاس میں ہندوستان کے مشہور ومعرف قراء میں قاری سہیل اور قاری شمس مبارک نے سبعہ وعشرہ قرأت کا مظاہرہ کیاتووہیں مشہور نابینا حافظ محمد انیس نے امام حرم شیخ عبدالرحمن السدیس ، شیخ شریم ، شیخ ایوب برمی کے طرز پر تلاوت فرمائی۔ جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں زیر تعلیم طلباء نے عالمی شہرت یافتہ قراء کے طرز پر قرآن کریم کی چند آیات تلاوت فرماکر سامعین کو محظوظ کیا ۔ جماعت المسلمین بھٹکل کی تقریباً ساٹھ سال اپنی خدمات انجام دینے والے موسیٰ بن ابوبکرعلی اکبرا کی مولانا سید محمود مدنی کے ہاتھوں تہنیت کی گئی اور ان کی خدمت میں مومنٹو پیش کیا۔ اس طرح عید گاہ کی تزئین میں جن انجینئروں اورکنٹراکٹرس نے اپنی خدمات پیش کی انہیں بھی مومنٹو سے نوازا گیا۔ جماعت کا مختصراً تعارف مولانا محمد شفیع قاسمی نے پیش کیا اور شکریہ کلمات مولانا عبدالعلیم قاسمی نے پیش کیے۔ نظامت کے فرائض امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم ندوی اور استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا محمد عرفان ندوی نے بحسنِ خوبی انجام دئیے۔ صدرِ جلسہ وقاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا محمد اقبال ملا ندوی کی دعائیہ کلمات پر یہ جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔ 

حالات سے گھبرانے کی ضرورت نہیں : مولانا محمد الیاس ندوی 
جلسہ کی غرض وغایت اور مہمانِ خصوصی کا تعارف پیش کرنے کے دوران جنرل سکریٹری مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی واستاد تفسیر جامعہ اسلامیہ بھٹکل حضرت مولانا محمد الیاس ندوی نے معاشرتی برائیوں کے ازالہ کی جانب عوام کی توجہ مبذول کرائی اور ملک کے موجودہ حالات پر مختصراً اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ مولانا نے کہاکہ موجودہ حالات سے پہلے مسلمانوں پر اس سے دشوار گذار اور کٹھن مراحل آچکے ہیں، ہمیں حالات سے نہیں گھبرانا چاہیے اور انہیں دیکھ کر مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ آج جن حکمرانو ں کو ہمارے دشمن سمجھ رہے ہیں ، ہوسکتا ہے کہ اللہ انہیں اسلام کی سربلندی کے لیے کھڑا کرے اور ان سے دین کا کام لے۔ تاریخ میں اسطرح کی مثالیں ہمیں ملتی ہے۔مولانا نے مزید کہاکہ ہماری نئی جس تیزی کے ساتھ بے راہ روی کا شکار ہورہی ہے اس پر ہمیں سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے اس کے ازالہ کی کوشش کرنی ہے۔ گانجہ اور افیون جیسے برائیاں بھی ہمارے اندر سرایت کرچکی ہیں ، بس اللہ کا بڑا ہی فضل ہے کہ اس نے ہم پر ستاری کا معاملہ کیا ہے ورنہ ہم منھ دکھانے کے قابل بھی نہ رہتے۔ 

رمضان المبارک سے قبل اس کے احکامات معلوم کرلیں : مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی 
امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل واستاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے استقبالِ رمضان کے موضوع پراپنا پر اثر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں رمضان کے آنے سے قبل روحانی وجسمانی دونوں طور پر تیار ہونا چاہیے ،ہمارا باطن جو ہمارے گناہوں کی وجہ سے گندہ ہوچکا ہے اس کو رمضان المبارک کے برکتوں اور رحمتوں کے حصول کے لیے تیار کریں ، مولانا نے رمضان المبارک سے قبل ہی اس کے احکام ومسائل علماء سے معلوم کرنے اور پہلے سے اس کی تیاری کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم دو مہینے سے قبل ہی رمضان کی تیاری کرتے تھے اور لوگوں کو تیاری کرنے کی دعوت دیتے تھے تاکہ مسلمانوں کے اندر بھی رمضان المبارک کی تیاری کرنے کی امنگیں پیدا ہوجائیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا