English   /   Kannada   /   Nawayathi

الیکٹورل بانڈ سے متعلق نیا ڈیٹاعام

share with us

نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے اتوار کو انتخابی بانڈز سے متعلق نیا ڈیٹا کو عام کیا۔ کمیشن نے یہ ڈیٹا ایک سیل بند لفافے میں سپریم کورٹ کے حوالے کیا تھا۔ بعد میں عدالت نے کمیشن کو اس ڈیٹا کو عام کرنے کی ہدایت دی۔ مانا جا رہا ہے کہ یہ تفصیلات 12 اپریل 2019 سے پہلے کی مدت سے متعلق ہیں۔ کمیشن نے گذشتہ ہفتے مذکورہ تاریخ کے بعد کے انتخابی بانڈز سے متعلق تفصیلات کو عام کیا تھا۔ کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ سیاسی جماعتوں نے 12 اپریل 2019 کو سپریم کورٹ کے عبوری حکم نامے کے مطابق انتخابی بانڈز سے متعلق ڈیٹا سیل بند لفافے میں داخل کیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ 'سیاسی جماعتوں سے حاصل کردہ ڈیٹا کو سیل بند لفافے میں سپریم کورٹ میں جمع کرایا گیا تھا۔ سپریم کورٹ کے 15 مارچ 2024 کے حکم پر عمل کرتے ہوئے، کورٹ رجسٹری نے سیل بند لفافے میں ایک پین ڈرائیو میں ڈیجیٹل ریکارڈ کے ساتھ کاپیاں بھی واپس کر دیں۔ کمیشن نے آج سپریم کورٹ رجسٹری سے الیکٹورل بانڈز سے متعلق ڈیجیٹل ڈیٹا کو اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے بے حساب چندے کی جانچ کے لیے ایک طریقہ کار بنانے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چندہ دینے والوں کی پرائیویسی کا تحفظ کیا جانا چاہیے اور انہیں ہراساں نہیں کیا جانا چاہیے۔ انتخابی بانڈز پر ایک سوال کے جواب میں کمار نے کہا تھا کہ 'جہاں تک انتخابی بانڈز کا تعلق ہے، کمیشن ہمیشہ شفافیت کے حق میں رہا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ جمہوریت میں چیزوں کو چھپانے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ عوام کو معلوم ہونا چاہیے۔ ہم سب شفافیت کے حق میں ہیں۔ یہ مشق کا پہلا حصہ ہے۔ ملک کو اب ایک ادارہ جاتی نظام کے ذریعے اس مسئلے کا حل تلاش کرنا ہوگا جہاں چندہ دہندگان کی رازداری کا بھی خیال رکھا جائے۔

 

گزشتہ دن الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کی جانب سے موصول ہونے والا الیکٹورل بونڈز ڈیٹا اپنی ویب سائٹ پر اپَ لوڈ کیا جس کے بعد سے متعدد نیوز ایجنسیاں اور سیاسی پارٹیاں اس ڈیٹا کا اپنے طور پر تجزیہ کررہی ہیں، اور ہر گزرتے لمحے چشم کشا انکشافات ہورہے ہیں۔ 
ڈی ایم کے آئی ٹی وِنگ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر سیاسی جماعتوں کو ملنے والے عطیہ کے ’’بدلے‘‘ دیئے گئے پروجیکٹس اور ’راحت‘ کے اعدادوشمار اور دستاویزات شیئر کی ہیں۔ ڈی ایم کے آئی ٹی ونگ نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’بی جے پی کے ذریعے الیکٹورل بونڈ اسکینڈل دنیا کی سب سے بڑی قانونی سرکاری کرپشن اسکیم ہے۔ ہیش ٹیگ وصول راجا مودی

اس کے بعد ایکس پر متعدد پوسٹس جاری کئے گئے ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ برسر اقتدار پارٹی نے عطیہ کے بدلے کمپنیوں کو کیا دیا۔

(۱) سیاسی پارٹیوں کو سب سے زیادہ عطیہ فیوچر گیمنگ اینڈ ہوٹل سروسیز نامی کمپنی نے دیا ہے۔ اس نے ایک ہزار ۳۷۳؍ کروڑ کے بونڈز خریدے ہیں۔ اپریل ۲۰۱۹ء اور مارچ ۲۰۲۴ء کے درمیان اس کمپنی پر انفورسٹمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور محکمہ انکم ٹیکس (آئی ٹی) نے ۶؍ مرتبہ چھاپے مارے ہیں۔ 
(۲) میگھا انجینئرنگ اینڈ انفرا اسٹرکچر لمیٹڈ نے اپریل ۲۰۲۳ء میں ۱۴۰؍ کروڑ روپے عطیہ کئے ہیں اور بدلے میں اسے ۱۴؍ ہزار کروڑ روپے کا سرنگ بنانے کا پروجیکٹ دیا گیا۔یہ سرنگ تھانے سے بوریولی کے درمیان تعمیر کی جارہی ہے۔
(۳) فوریکس اسکینڈل کے مبینہ معاملے میں اپریل ۲۰۲۲ء میں جندال اسٹیل اینڈ پاور لمیٹڈ پر ای ڈی اور آئی ٹی نے چھاپے مارے۔ اپریل سے جولائی ۲۰۲۳ء کے درمیان اس کمپنی نے ۴۵؍ کروڑ روپے کے انتخابی بونڈ خریدے۔
(۴) مبینہ ٹیکس چوری معاملے میں دسمبر ۲۰۲۰ء میں آئی ٹی نے یشودھا ہاسپٹلس پر چھاپہ مارا۔ اکتوبر ۲۰۲۱ء اور اکتوبر ۲۰۲۳ء کے درمیان اس ادارے نے ۱۶۲؍ کروڑ روپے کے انتخابی بونڈز خریدے۔
(۵) مئی ۲۰۱۹ء سے جنوری ۲۰۲۴ء کے درمیان ہلدیا انرجی لمیٹڈ نے بی جے پی کو ۳۷۷؍ کروڑ روپے عطیہ کئے اور بدلے میں اسے نیلامی میں کوئلے کی کان کنی کیلئے بڑی کانیں دی گئیں۔

(۶) مئی ۲۰۱۹ء تا جنوری ۲۰۲۴ء ٹورینٹ پاور لمیٹڈ نے بی جے پی کو ۵ء۰۱۶؍ کروڑ روپے عطیہ کئے، بدلے میں اسے ۸؍ ہزار کروڑ روپے کا پاور پروجیکٹ دیا گیا۔
(۷) ویزا کے جعلی کیس میں اگست ۲۰۲۲ء میں ای ڈی نے ویدانتا لمیٹڈ پر چھاپے مارے ۔ کمپنی نے نومبر ۲۰۲۲ء میں ۱۱۰؍ کروڑ روپے کے بونڈز خریدے۔
(۸) اگست ۲۰۲۳ء میں کلاپطرو پر آئی ٹی نے منصوبہ بند طریقے سے چھاپہ مارا۔ اکتوبر ۲۰۲۳ء میں کمپنی نے ۵ء۵؍ کروڑ روپے کے بونڈز خریدے۔
(۹) ٹیکس چوری کے مشتبہ معاملے میں آئی ٹی نے جولائی ۲۰۲۲ء میں مائیکرو لیبس لمیٹڈ پر چھاپہ مارا۔ کمپنی نے اکتوبر ۲۰۲۲ء میں ۵؍ کروڑ روپے کے بونڈز خریدے۔
(۱۰) اے پی سی او انفرا ٹیک نے جنوری ۲۰۲۲ء میں ۱۰؍ کروڑ روپے عطیہ کئے۔ ۲۰۲۲ء میں اسے ۱۰؍ ہزار کروڑ کا معاہدہ دیا گیا۔ یہ کمپنی ورسوا باندرہ سی لنک تعمیر کررہی ہے۔
(۱۱) ٹیکس چوری کے مبینہ الزام میں ہیرو موٹوکارپ لمیٹڈ پر مارچ ۲۰۲۲ء میں آئی ٹی نے چھاپہ مارا۔ کمپنی نے اکتوبر ۲۰۲۲ء میں ۲۰؍ کروڑ کے انتخابی بونڈز خریدے۔

(۱۲) اکتوبر ۲۰۲۱ء میں ٹیکس چوری کے مبینہ الزام میں ہیٹیرو گروپس پر آئی ٹی نے چھاپہ مارا۔ کمپنی نے اپریل ۲۰۲۲ء میں بی جے پی کو سپورٹ کرنے کیلئے ۵۵؍ کروڑ کے انتخابی بونڈز خریدے۔
(۱۳) نومبر ۲۰۲۳ء میں ونڈر سیمنٹ لمیٹڈ نے ۲۰؍ کروڑ کے الیکٹورل بونڈز خریدے۔ ۲۰۲۴ء میں گجرات میں اسے ایک فیکٹری شروع کرنے کی اجازت دی گئی۔ 
(۱۴) دسمبر ۲۰۲۳ء میں مبینہ ٹیکس چوری کے الزام میں شرڈی سائی الیکٹریکل لمیٹڈ پر آئی ٹی نے چھاپے مارے۔ جنوری ۲۰۲۴ء میں کمپنی نے ۴۰؍ کروڑ کے الیکٹورل بونڈز خریدے۔
(۱۵) ۱۰؍ نومبر ۲۰۲۲ء کو آربندو فارما لمیٹڈ کے ڈائریکٹر کو حراست میں لیا گیا۔ کمپنی نے ۵؍ کروڑ کے الیکٹورل بونڈزخریدے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا