English   /   Kannada   /   Nawayathi

احتجاج کررہے خواتین کے ساتھ پولس کی بدسلوکی ! راہل گاندھی نے کہا بیٹی بچاو کا نعرہ محض ڈھونگ

share with us

نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جنتر منتر پر کھلاڑیوں اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی کے حوالہ سے بی جے پی پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کھلاڑیوں کے ساتھ ایسا سلوک انتہائی شرمناک ہے۔ 'بیٹی بچاؤ' محض ایک ڈھونگ ہے! اصل میں بی جے پی ہندوستان کی بیٹیوں پر تشدد کرنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹی۔

جنتر منتر پر پہلوانوں کے دھرنے کے مقام پر بدھ (3 مئی) کی آدھی رات کو اس وقت ہنگامہ ہوا تھا جب پہلوان سونے کی تیاری کر رہے تھے۔ یہاں پہلوانوں اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی، جس کے بعد پہلوانوں نے پولیس پر حملہ کرنے اور بدسلوکی کرنے کا الزام عائد کیا۔

پہلوانوں کا کہنا ہے کہ بارش کی وجہ سے احتجاج کے مقام پر پانی بھر گیا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے تہہ کرنے والے فولڈنگ بیڈ منگوائے تھے لیکن دہلی پولیس نے انہیں لانے کی اجازت نہیں دی۔ کھلاڑیوں نے الزام لگایا کہ دہلی پولیس کے اے سی پی نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ مل کر کھلاڑیوں پر حملہ کیا۔ اس میں دشینت پھوگاٹ اور راہل یادو کے سر پر چوٹیں آئیں۔

ہنگامہ آرائی کے بعد جمعرات (4 مئی) کو پہلوانوں نے صبح پریس کانفرنس کی۔ بجرنگ پونیا نے کہا کہ اگر کھلاڑیوں کی بات نہیں سنی جا سکتی اور انہیں انصاف نہیں مل سکا تو وہ اپنے میڈلز حکومت کو واپس کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تمغے کا وہ کیا کریں گے؟ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی لڑائی حکومت یا اپوزیشن کے خلاف نہیں ہے، بلکہ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف ہے۔

پہلوانوں کا الزام ہے کہ پولیس اہلکاروں نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور خواتین پہلوانوں کو بھی نہیں بخشا۔ خاتون ریسلر ونیش پھوگاٹ اپنے ساتھ ہونے والی بدسلوکی پر بات کرتے ہوئے رو پڑیں۔ انہوں نے کہا ’’اگر آپ ہمیں مارنا چاہتے ہیں تو مار ڈالیں، کیا یہ دن دیکھنے کے لیے ہم نے ملک کے لیے تمغے جیتے؟‘‘

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا