English   /   Kannada   /   Nawayathi

شیوسینا رہنما نے اورنگ زیب عالمگیر کی قبر کو مہاراشٹرا سے باہر منتقل کرنے کی مانگ کی

share with us

چھترپتی سنبھاجی نگر: مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کے رکن اسمبلی سنجے شرسات نے پیر کو مطالبہ کیا کہ مہاراشٹر کے چھترپتی سمبھاجی نگر میں واقع مغل بادشاہ اورنگزیب کی قبر کو حیدرآباد منتقل کیا جائے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کا نام بدلنے اور پرانا نام اورنگ آباد رکھنے کے لیے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کی جانب سے غیر معینہ بھوک ہڑتال جاری ہے۔ جس کے جواب میں سمبھاجی نگر کے ایم ایل اے سنجے شرسات نے کہا کہ اگر انہیں اورنگ زیب سے اتنی ہی محبت ہے تو ان کی قبر کو حیدرآباد منتقل کردیں، انہیں وہاں ایک اسمارک بنانے دیں یا وہ جو چاہیں کریں، کوئی بھی پریشان نہیں کرے گا لیکن یہ غیر معینہ مدت کی ہڑتال کو ختم کریں۔

شیوسینا ایم ایل اے کے اس بیان پر اے آئی ایم آئی ایم کے مقامی صدر شارق نقشبندی نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے شیوسینا رہنما کا مطالبہ صرف سیاسی اور پوزیشن کو مضبوط کرنے اور بدامنی پیدا کرنے والا بتاتے ہوئے مسترد کردیا۔ شارق نقشبندی نے جواب دیا کہ اگر انہیں اورنگ زیب سے اتنی نفرت ہے تو وہ جی 20 کے مدوبین کو ان کی بیوی رابعہ الدرانی کی قبر، بی بی کا مقبرہ دیکھنے کے لیے دورے پر کیوں لے گئے جسے سنہ 1968 میں ان کے بیٹے محمد اعظم شاہ نے تعمیر کرایا تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ سابقہ حکمرانوں سے اتنی دشمنی رکھتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت اپنے خزانے کے لیے تاج محل اور دیگر یادگاریوں سے پیسہ کیوں کمانا چاہتی ہے۔ نقشبندی نے کہا کہ چونکہ بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کے پاس کوئی مدعا نہیں ہے، اس لیے وہ اس طرح کی سیاست کا سہارا لے رہے ہیں اور سماج کے مختلف طبقات کے درمیان انتشار پیدا کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ مہینے مرکزی حکومت نے اورنگ آباد کا نام بدل کر چھترپتی سمبھاجی نگر اور عثمان آباد کا نام دھاراشیو رکھنے کی ریاستی حکومت کی تجویز کو منظوری دی تھی۔ شیو سینا (یو بی ٹی)، کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی و دیگر پارٹیوں نے ابھی تک شرساٹ کے بیان پر ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اے آئی ایم آئی ایم کے ریاستی صدر سید امتیاز جلیل، نے مطالبہ کیا تھا کہ ممبئی، پونے، ناگپور، کولہاپور اور مالیگاؤں کے نام بھی تبدیل کیے جائیں۔ انہوں نے ممبئی کا چھترپتی شیواجی راجے مہانگر ، پونے کا جیوتیبا-ساوتری پھولے نگر، ناگپور کا ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نگر، کولہاپور کا چھترپتی شاہو مہاراج نگر اور مالیگاؤں کا مولانا آزاد نگر نام رکھنے کا مشورہ دیا تھا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا