English   /   Kannada   /   Nawayathi

امریکہ، جاپان میں برفباری: نظامِ زندگی درہم برہم ،51 افراد ہلاک

share with us


 

26/دسمبر/2022(فکروخبر/ذرائع)امریکہ اور جاپان میں شدید برفباری سے 51 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں، جبکہ لوڈ شیڈنگ سے ہزاروں گھروں کی بجلی بھی منقطع ہو گئی ہے۔

امریکہ میں نیویارک کا دوسرا بڑا شہر بفیلو اس وقت ایک بحرانی صورتحال سے دوچار ہے جہاں برفانی طوفان نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور 34 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

بفیلو میں آٹھ فٹ (2.4 میٹر) برف پڑی ہے اور بجلی کی بندش ہے۔ ان حالات میں ریسکیو کا عملہ زیادہ متاثرہ علاقوں تک پہنچنے سے قاصر ہے۔

بفیلو کے رہائشی نیویارک کے گورنر کیتھی ہوچول کا کہنا ہے کہ ’یہ ایسا ہے کہ جیسے کسی جنگی علاقے میں جانا۔‘

انہوں نے اتوار کی شام صحافیوں کو بتایا کہ رہائشی اب بھی ’انتہائی خطرناک جان لیوا صورتحال‘ سے دوچار ہیں۔ انہوں نے لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کی تنبیہہ کی۔

سخت سردی کے باعث نو ریاستوں میں 34 اموات کی تصدیق کی گئی ہے جن میں سے چار ہلاکتیں کولوراڈو اور 12 نیویارک میں ہوئیں۔

حکام کے مطابق برفباری سے متاثرہ بفیلو کے علاقے میں امدادی کارکنوں نے گاڑیوں اور برف کے تودوں کے نیچے سے لاشیں برآمد کیں۔

شہر کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ منگل تک بند ہے اور ڈرائیونگ پر پابندی برقرار ہے۔

ادھر ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جاپان کے شمالی علاقوں میں برفباری سے سنیچر کو سینکڑوں گاڑیاں سڑکوں پر پھنس گئیں جس کی وجہ سے ترسیل کا نظام متاثر ہوا، جبکہ 11 افراد ہلاک ہو گئے۔

فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق پیر کی صبح ہلاک ہونے والوں کی تعداد 17 ہو گئی اور 93 افراد زخمی ہوئے۔ ان میں سے بہت سے لوگ چھتوں سے برف ہٹاتے ہوئے گر کر مر گئے یا پھر چھتوں سے گرنے والی برف کے نیچے دب گئے۔

حکام نے برفباری سے متاثر ہونے والے علاقوں کے رہائشیوں کو ہدایت کی ہے وہ برف ہٹاتے ہوئے احتیاط کریں اور اکیلے کام نہ کریں۔

ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی کے مطابق سنیچر کو ٹوکیو کے قریب ایک 70 سالہ خاتون چھت سے گرنے والی برف کے نیچے دب کر مر گئیں۔

جاپان کے شمال مشرقی علاقوں میں اس سیزن کے دوران اوسط سے تین گنا زیادہ برفباری رپورٹ ہوئی۔

شدید برفباری کی وجہ سے جاپان کے شمال میں ایک پاور ٹرانسمیشن ٹاور گر گیا جس کے باعث کرسمس کے موقع پر 20 ہزار گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی، تاہم ٹرانسوپورٹیشن منسٹری کے مطابق اسی دن بعد ازاں بہت سے علاقوں کی بجلی بحال ہو گئی۔

اتوار کو برفباری کی وجہ سے شمالی جاپان میں درجنوں ٹرینیں اور پروازیں معطل کر دی گئیں۔

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا