English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھٹکل : مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کی سیرت مہم میں برادران وطن کے بچوں نے بھی لیا حصہ ، انعامی تقریب میں جمعیت علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا معصوم ثاقب قاسمی کی شرکت ، جناب سید حسن سقاف صاحب کی خدمات کا کیا گیا اعتراف

share with us

بھٹکل 25؍ نومبر 2022(فکروخبرنیوز) مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کی جانب سے جاری سیرت مہم ‘‘ محمد صلی اللہ علیہ وسلم سب کے لیے ’’ کے مختلف پروگرامات کے انعامات کی تقسیم کے لیے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے عنوان پر ایک عوامی پروگرام انجمن گراؤنڈ پر کل بعد نمازِ عشاء منعقد کیا گیا جس میں بطورِ مہمانِ خصوصی جمعیت علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا معصوم ثاقب صاحب قاسمی نے شرکت کی۔ 

پروگرام میں آن لائن نعتیہ مسابقہ اور مضمون نویسی کے مقابلوں میں امتیازی نمبرات حاصل کرنے والوں کے درمیان تشجیعی انعامات اسٹیج پر موجود علماء اور ذمہ داران کے ہاتھوں تقسیم کیے گئے۔ 

اس پروگرام کی خاص بات یہ رہی ہے کہ مضمون نویسی کے مقابلوں میں برادرانِ وطن کے بچوں اور بچیوں نے بھی حصہ لیا۔ 

پروگرام میں جماعت ہذا کے سابق صدر جناب سید حسن سقاف صاحب کی جماعت کے لیے انجام دی گئی طویل خدمات پر شال پوشی کی گئی اور سپاس نامہ پیش کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بانی و جنرل سکریٹری مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل مولانا محمد الیاس ندوی نے سیرت کے تعلق سے اس مہم کے انعقاد پر

جماعت کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج مسلمانوں میں ہی بڑی تعداد وہ ہے جو سیرت سے ناواقفیت کی وجہ سے دوسری اقوام کے لوگوں سے بھی بڑھ کراسلام اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر اعتراضات کررہی ہے۔ آج ہمارے اندر یہ داعیہ بھی پیدا نہیں ہورہا ہے کہ سیرت کو پڑھ کر خود اس پر عمل کریں۔ چودہ سو سال سے سیرت ہمارے سامنے ہے لیکن عمل اب بھی ندارد ۔ ہمارے اندر صرف باقی ہے تو اس کے تئیں اپنی جان دینے کا جذبہ ، باقی سب چیزیں مفقود ہیں۔ مولانا نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں سب سے زیادہ ہمیں سیرت کو پڑھنا ہے ، پڑھوانا ہے اور اس پر عمل کرتے ہوئے دوسروں تک بھی اس پیغام کو عام کرنا ہے۔ آج ہم اس بات کا ارادہ کرکے اٹھیں کہ ہمارے اپنے جاننے والوں میں ہم سیرت کے پیغام کو عام کرنے کی کوشش کریں گے۔ 

قاضی جماعت المسملین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی نے کہا کہ ہمیں سیرت کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں لانے کی ضرورت ہے۔ اسلام پر شکوک وشبہات کی اہم وجہ اسلامی تعلیمات سے ناواقفیت ہے۔ وہ ذات جو ہم سبھوں کے لیے اسوہ اور نمونہ بنائی گئی تھی اس کو ہم نے اپنی زندگی کے لیے نمونہ نہیں بنایا۔ مولانا نے کہا کہ دنیا کی سبھی معلومات ہیں لیکن اسلامی تعلیمات سے ہم ناواقف ہیں۔

جمعیت علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا معصوم ثاقب صاحب قاسمی کا جیسے ہی خطاب شروع ہوا ، بارش کا نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے پروگرام کو اسی پر ختم کیا گیا۔ 

آج بعد نماز جمعہ خلیفہ جامع مسجد میں مولانا موصوف کا خطاب ہوا۔ اسی کے معا بعد آن لائن نعتیہ مسابقہ اور مضمون نویسی کے مقابلہ میں اول ، دوم اور سوم آنے والوں کے درمیان انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

پروگرام میں قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی ، مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد ندوی اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا