English   /   Kannada   /   Nawayathi

الہ آباد تشدد: احتجاج اور تشدد کے الزام میں مسلم شخص جاوید کے گھر پر بلڈوزرچلا، بھاری فورس تعینات

share with us

الہ آباد:12جون 2022 (فکروخبرنیوز/ذرائع)  نبی کریم ؐ کی شان میں گستاخی کے خلاف مسلمانوں  کے احتجاج سے پولیس  نے جس سختی  سے نمٹا اور جس طرح مظاہروں  میں شریک ہونےوا لوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اسے ’’حکومتی دہشت گردی ‘‘ سے تعبیر کرتے ہوئے    فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ا س بیچ رانچی میں پولیس کی اندھادھند فائرنگ میں ۲؍ نوجوانوں کی موت اور تشدد کی جانچ کیلئے ہیمنت سورین سرکار نے ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے جبکہ اتر پردیش میں پولیس مظاہرین کو چن چن  کر نشانہ بنانے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ 
توہین رسالتؐ کے خلاف جمعہ کے روز ہونے والے تشدد کے سلسلہ میں پولیس نے سخت کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس ضمن میں الہ آباد میں بلڈوزر کی کارروائی شروع ہو گئی ہے۔ پولیس اور انتظامہ کے لوگ معاملہ کے مبینہ ’ماسٹر مائنڈ‘ جاوید پمپ کے گھر پر پہنچ گئے ہیں۔ ’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق جاوید کے گھر کے مین گیٹ کو توڑ دیا گیا ہے۔

بتادیں کہ شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آر سی  کے خلاف مظاہروں  میں پیش پیش رہنےوالی جواہر لال نہرو یونیورسٹی کی طالبہ آفرین فاطمہ کے والد محمد جاوید کو یوپی پولیس نے الہ آباد جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب  ان کے گھر سے گرفتار کرلیاتھا۔ پولیس  نےمحمد جاوید کونپور شرما کے خلاف اور اس کی گرفتاری کیلئے جمعہ کو  ہونےو الے  مظاہروں کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا ہے۔ الہ آباد کے ایس ایس پی  نے آفرین فاطمہ کا نام لئے بغیر کہا کہ ’’ اس کی ایک بیٹی دہلی میں  پڑھتی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ وہ جے این یو میں  ہے  اور وہ بھی اسی طرح کے خرافاتی معاملوں میں ملوث رہتی ہے۔ ‘‘ ایس ایس پی نے مزید کہا کہ ’’یہ باپ اور بیٹی مل کر پروپیگنڈہ پھیلاتے  ہیں  اور اپنے بچاؤ کیلئے  طرح طرح  کی ترکیبیں ڈھونڈتے ہیں مگر پولیس کے پاس ثبوت ہیں۔ مقدمہ درج کرلیاگیاہے، ۲۹؍ سنگین دفعات لگائی گئی ہیں۔‘‘

قبل ازیں، پی ڈی اے (پریاگراج ڈیولپمنٹ اتھارٹی) نے جاوید پمپ کے مکان پر نوٹس چسپاں کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس گھر کو صبح 11 بجے تک خالی کر دیا جائے تاکہ اتھارٹی انہدامی کارروائی انجام دے سکے۔ دریں اثنا، پولیس نے جاوید کے گھر کو چھاونی میں تبدیل کر دیا ہے۔ سب سے پہلے جاوید کے گھر کا مین گیٹ توڑ گیا اور اس کے بعد باؤنڈری وال بھی گرا دی گئی ہے۔ ایس پی سٹی لوگوں سے کہہ رہے ہیں کہ وہ موقع سے ہٹ جائیں۔ تاہم جاوید کا گھر اندر سے بند ہے۔

آج تک کی رپورٹ کے مطابق پولیس اہلکار جاوید کے گھر میں داخل ہو گئے اور سامان باہر نکال دیا۔ پولیس اہلکاروں نے مکان کی پہلی منزل پر پہنچ کر کرسیاں اور دیگر سامان نیچے پھینکا۔ جاوید کا گھر اندر سے بند ہے اور صبح سے کوئی رکن باہر نہیں آیا۔ رپورٹ کے مطابق پولیس افسران نے پہلے ہی صاف کر دیا تھا کہ اگر دروازہ نہیں کھولا جاتا تو اسے توڑ کر لوگوں کو باہر نکالا جائے۔ موقع پر خاتون پولیس اہلکار بھی تعینات ہیں تاکہ خواتین مخالفت کریں تو انہیں قابو میں کیا جا سکے۔

خیال رہے کہ پی ڈے کی جانب سے رات گئے جاوید کے گھر پر نوٹس چسپاں کیا گیا تھا۔ نوٹس میں کہا گیا تھا کہ 12 جون کو صبح 11 بجے تک گھر خالی کر دیا جائے۔ نوٹس میں کہا گیا تھا کہ گھر کا تمام سامان باہر نکال لیں، تاکہ اتھارٹی اپنی کارروائی انجام دے سکے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا