English   /   Kannada   /   Nawayathi

مسجد کی گیٹ پر بھی چلا بلڈوزر لیکن مندر کے قریب کی سبھی دکانیں محفوظ ، پولس نے اعتراض کرنے والوں کو ہی کھدیڑا

share with us

:20اپریل2022(فکروخبرنیوز/ذرائع)جہانگیر پوری میں ایم سی ڈی کے ذریعہ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات ہٹائے جانے کے مقصد سے بلڈوزر کی کارروائی پر سپریم کورٹ نے تقریباً 11 بجے روک لگا دی تھی، لیکن اس کے تقریباً 2 گھنٹے بعد تک انہدامی کارروائی چلتی رہی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیاسی لیڈر و سماجی کارکن برندا کرات نے جب موقع پر پہنچ کر ایم سی ڈی افسران کے عمل کی مخالفت کی اور انھیں سپریم کورٹ کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے کارروائی روکنے کو کہا، تب جا کر بلڈوزر نے کام کرنا بند کیا۔

دہلی کے جہانگیر پوری میں ایم سی ڈی کے ذریعہ سپریم کورٹ کے احکام کی خلاف ورزی پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔ سپریم کورٹ کے ذریعہ بلڈوزر کی کارروائی پر روک لگانے کا حکم دیئے جانے کے تقریباً دو گھنٹے بعد تک انہدامی کارروائی چلتی رہی اور اس دوران اس مسجد کا دروازہ بھی توڑ دیا گیا جہاں پر گزشتہ دنوں تشدد کا واقعہ پیش آیا تھا۔ ایم سی ڈی کی اس کارروائی کے دوران جانبداری کا مظاہرہ بھی دیکھنے کو ملا کیونکہ مسجد کا دروازہ تو توڑ دیا گیا، لیکن پاس میں ہی موجود مندر پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ مندر کے سامنے بلڈوزر جیسے ہی پہنچا، وہاں بھیڑ جمع ہو گئی جس کے بعد بلڈوزر کو پیچھے ہٹنا پڑا۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے کئی لوگ کارپوریشن پر جانبداری کا الزام عائد کر رہے ہیں۔

الزام ہے کہ مسجد کا گیٹ بے دردی کے ساتھ توڑ دیا گیا اور اس سے ملحق دیواریں بھی توڑ دی گئیں۔ ساتھ ہی وہاں موجود ایک موبائل کی دکان پر بھی بلڈوزر چلایا گیا۔ مسجد کے قریب میں ہی مندر بھی تھا جہاں غیر قانونی تعمیرات دکھائی دے رہی تھیں، لیکن اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے ذریعہ جاری کی گئی ویڈیو میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کس طرح مسجد کے آس پاس کا حصہ ایم سی ڈی افسران کی موجودگی میں توڑ دیا گیا۔

جب باری وہاں پر موجود مندر کے غیر قانونی تعمیرات کو گرانے کی آئی تو ایم سی ڈی جھجکتی ہوئی دکھائی دی۔ ایم سی ڈی کی تجاوزات مخالف کارروائی کے دوران علاقے کے مندر کے آس پاس بنی دکانوں کو چھوا تک نہیں گیا، جب کہ اس سے پہلے مسجد کے نزدیک بنی دکانوں کو بھی توڑ دیا گیا۔

ناراض لوگوں نے جہانگیر پوری میں ایم سی ڈی کی بلڈوزر چلانے کی کارروائی کے دوران جب جانبدارانہ رویہ کا ایشو اٹھایا اور سوال کیا کہ جب مسجد کے پاس والی دکانوں کو توڑ دیا گیا تو مندر کے پاس بنی دکانوں کو کیوں چھوڑا جا رہا ہے۔ اس پر پولیس نے اعتراض کرنے والے لوگوں کو کھدیڑ دیا۔

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا