English   /   Kannada   /   Nawayathi

بی جے پی کی کوئی چال کامیاب نہیں ہو گی :ادھو ٹھاکرے

share with us

 ممبئی:03اپریل2022(فکروخبرنیوز/ذرائع)گڑی پاڑوا کے موقع پر وزیر اعلیٰ   ادھو ٹھاکرے نے ممبئی کے وڈالا میں گڈس اینڈ سروسیز ٹیکس ( جی ایس ٹی ) محکمہ کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا  اور کہا کہ  اس عمارت کا تعمیراتی کام ۲۰۲۵ء تک مکمل کرلیا جائے گا ۔ اس موقع پر انہوںنے مہاراشٹر کی مہا وکاس اگھاڑی حکومت کو بد نام کرنے اور اپوزیشن کی سازشوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی حکومت میں کوئی اختلاف نہیں ہے بلکہ تینوں پارٹیوں کے لیڈر خصوصاً نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر مالیات کے تعاون سے ریاست کی ترقی کا کام  زور و شور سے ہو رہا ہے جس کی وجہ سے اپوزیشن خصوصاً بی جے پی تلملا رہی ہے۔  ادھو ٹھاکرے نے واضح کردیا کہ ہماری حکومت کے خلاف اپوزیشن کی کوئی سازش ، کوئی چال کامیاب نہیں ہو گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہماری حکومت کانام مہا وکاس اگھاڑی ہے اور یہ حکومت زمین پر رہ کر عوام کی سہولت کےکام کر رہی  ہے۔ انہوںنے جی ایس ٹی کی نئی عمارت کی تعمیرکا کریڈٹ وزیر مالیات اجیت  پوار کو دیا اور کہا کہ اس کے لئے اجیت دادا نے کافی کوششیں کیں اور عمارت کی جگہ حاصل کرنے کیلئے تگ و دو کی ۔
    بی جے پی پر دبے لفظوں میںتنقید کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہت سے لوگ اکثر اعلان کرکے ناریل پھوڑتے ہیں لیکن اس کے بعد کچھ نہیں ہوتا ہے صرف ناریل کی فروخت میں اضافہ ہوتا ہے  لیکن ہم ایسا نہیں کرتے بلکہ ہماری حکومت محض ناریل پھوڑنے سے آگے بڑھ کر عمل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ آج  جی ایس ٹی کی نئی عمارت کی تعمیر کا کام شروع کر رہا ہے  ۔ ہماری حکومت میں اور ان میں یہی فرق ہے۔ اس سنگ بنیاد سے بھی یہ ثابت ہوتا ہے کہ ہمارے  درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔
  وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے جو اپنے تیوروں میں نظر آرہے تھے  ،نے بی جے پی کو خاص طور پر یہ احساس دلایا کہ کسی  عزم کو پورا کرنے کے لئے ریاست کے خزانے میں پیسے لگتے ہیں اور ہمارے لئے یہ فخر کی بات ہے کہ مہاراشٹر سے جی ایس ٹی کی سب سے زیادہ وصول ہوتی ہے اور مرکزی حکومت کے خزانے میں یہ جمع ہو تا ہےلیکن مرکزی حکومت ہمیں ہمارا حصہ دینے میں ٹال مٹول کرتی ہے۔ انہوں نے ریکارڈ جی ایس ٹی وصولی کے لئے تمام افسران ،ملازمین اور اجیت  پوار کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔ 
   وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکر ے نے اپوزیشن بی جے پی  پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ مہاراشٹر سے نفرت کرنے والوں سے میں یہ کہنا چاہوں گاکہ مہاراشٹر ملک کو سب سے زیادہ جی ایس ٹی ادا کرتا ہے جس سے ملک کی معیشت کو سب سے زیادہ سہارا ملتا ہے۔ اگر مہاراشٹر کا یہ تعاون نہیںہوتا تو ملک کی معیشت اور ترقی بھی متاثر ہوتی اور یہ بات  انہیں نہیں بھولنی چاہئے اور اسی لئے مہاراشٹر کو بدنام کرنے کی حرکت بند کر دینی چاہئے۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے ترقیاتی کاموں کے تعلق سے بھی کئی اہم باتوں کی طرف روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ ۲؍ برسوں سے کورونا کے سبب ہم متعدد پروجیکٹوں کی افتتاحی تقریب میں عوام کے سامنے نہیں آپارہے  تھے لیکن چونکہ اب پابندیاں ہٹ چکی ہیں اس لئے عوام  کےدرمیان نظرآرہےہیں۔ ‘‘
 اس تقریب کے موقع پر نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار، شہری ترقیات کے وزیر ایکناتھ شندے، ٹیکسٹائل کے وزیر اسلم شیخ، رکن پارلیمان راہل شیوالے، قانون ساز کونسل کے رکن آر تمل سیلوان، چیف سیکریٹری منو کمار سریواستو، مالیات کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری منوج سونک، پورٹ ٹرسٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر راجیو جلوٹا، گڈز اینڈ سروسز ٹیکس کے کمشنر راجیو متل، منصوبہ بندی کے پرنسپل سیکریٹری راج گوپال دیورا، مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر رادھے شیام موپلوارموجود تھے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا