English   /   Kannada   /   Nawayathi

تعلیم و تربیت نسلوں کے تحفظ کا ذریعہ!  انعامی تقریب سے مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی کا خطاب

share with us

:13ستمبر 2021(فکروخبر/ ذرائع)تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی،یہ وہ بنیاد ہے جہاں سے تعمیر کا سفر شروع ہوتا ہے،جہاں بارش نہیں ہوتی وہاں کی فصلیں تباہ و برباد ہوجاتی ہیں،اور جہاں تعلیم وتربیت نہیں ہوتی وہاں کی نسلیں تباہ و برباد ہوجاتی ہیں،نسلوں کو محفوظ رکھنے،ان کو آگے بڑھانے اور ان کے اندر شعور و آگہی اور بیداری پیدا کرنے کا بنیادی ذریعہ تعلیم ہے، اس لیے تعلیم کا حصول ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔ ان با مقصد اور فکر انگیز جملوں کا اظہار آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے سکریٹری مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے پر بھنی میں منعقدہ تقریب تقسیم انعامات سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے فرمایا ۔واضح ہو کہ انجینئرسید فیضان دانش اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے  لاک ڈاؤن کے دوران رمضان فیملی کوئز، آؤ قرآن سمجھیں فیملی کوئز،اور پر بھنی گاٹ ٹیلنٹ کے عنوان سے تین طرح کے آن لائن انعامی مقابلے منعقد کیے گئے تھے جن میں ہندوستان سمیت مختلف ممالک سے پانچ ہزار سے زائد مسلم فیملیز نے حصّہ لیا، چناچہ اس پروگرام میں مقابلوں میں نمایاں طور پر کامیاب ہونے والوں کی حوصلہ افزائی کی گئی اور انہیں انعامات سے نوازا گیا۔یہ تقریب شاداب فنکشن ہال پربھنی میں منعقد ہوئی تھی،جس کی صدارت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے فرمائی، موصوف اپنی مصروفیات کے باعث پروگرام میں آن لائن شریک ہوئے۔

انہوں نے اپنے صدارتی خطا ب میں یہ بھی کہا کہ ہمارے سامنے حصول تعلیم کا وہی مقصد اور تصور ہونا چاہیے جو قرآن میں بتایاگیا ہے،ہماری تعلیم ہمیں خدا سے قریب کرنے کا ذریعہ بنے اور اس کے ذریعے انسانوں کی خدمت کا جذبہ ہمارے دلوں میں پیدا ہو،مولانا محترم نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں ہمارے بگاڑ اور پستی اور ہماری نسلوں کی بربادی کا اگر کوئی سبب ہے تو وہ قرآن مجید سے دوری ہے،اس لیے ہم اپنا رشتہ قرآن کریم سے مضبوط کریں اور اپنے بچوں کو قرآن پاک کی تعلیم دیں، اور دینی نہج پر ان کی تربیت کریں۔

اپنے خطا ب کے اخیر میں انہوں نے انجینئر سید فیضان دانش صاحب اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے لوگوں کو آؤ قرآن سمجھیں فیملی کوئزکے عنوان سے قرآن کریم سے جوڑنے کی اس کوشش کو قابل تحسین قرار دیا،اور اس میں حصہ لینے والے تمام مرد وخواتین ،طلبہ و طالبات کو قابل مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس طرح کی کوششیں جاری رہنی چاہیے۔رمضان فیملی کوئز میں اول درجے سے کامیاب ہونے والے دو خوش نصیب افراد کو منتظمین کی جانب سے عمرہ کا انعام دیا گیا ،جس کا اعلان صدر مجلس مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے کیا۔

اس انعامی تقریب سے جناب مولانا رفیع الدین اشرفی صاحب ،جناب مولانا عبد القدیر ندوی صاحب ،جناب غلام محمد مٹھو صاحب سمیت کئی فعال اور سرکردہ خواتین نے بھی اظہار خیال کیا، اسٹیج پر مختلف علمی اور سماجی شخصیات موجود تھیں، جبکہ بڑی تعداد میں کوئز کمپٹیشن میں حصہ لینے والے والے مرد و خواتین شریک ہوئے۔پروگرام لائیو بھی نشر کیا گیا ،اور بڑی تعداد میں لوگوں نے بذریعہ یوٹیوب پروگرام سمیت کیا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا