English   /   Kannada   /   Nawayathi

النور پبلک اسکول، سنبھل میں فیس معافی کا فیصلہ

share with us

 


:20 جون 2021(فکروخبرنیوز/پریس ریلیز) النور پبلک اسکول، سنبھل کی انتظامیہ اور اسٹاف ممبر کی میٹنگ میں طے کیا گیا کہ کورونا وبائی مرض کی وجہ سے عام لوگوں کے اقتصادی حالات مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکے ہیں، نیز آن لائن کلاسوں سے تعلیم کا حق بھی کما حقہ ادا نہیں ہوتا، اس لئے پہلے کواٹر (اپریل سے جون 2021 تک) کی 50 فیصد فیس معاف کردی گئی ہے، یعنی صرف 50 فیصد فیس ہی وصول کی جائے گی۔ تمام ہی بچوں کی آن لائن کلاسیں جاری ہیں اور یہ سلسلہ اسکول کھلنے تک جاری رہے گا ان شاء اللہ۔ FA1 کے امتحانات جولائی کے پہلے ہفتے میں ہوں گے۔ النور پبلک اسکول (انگلش میڈیم) کا قیام ایک تحریک کے تحت کیا گیا ہے کہ عصری علوم کے ساتھ بچوں کی دینی تربیت کا خاص انتظام کیا جائے اور غریب طلبہ بھی انگریزی میڈیم اسکول میں تعلیم حاصل کرکے اپنا مستقبل بہتر بناسکیں، اسی لئے فیس بھی کم رکھی گئی ہے اور ہر ممکن طلبہ کی مدد بھی کی جاتی ہے۔
النور پبلک اسکول کے ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی نے کہا کہ یہ بات مسلم ہے آن لائن کلاسیں اسکول کا متبادل نہیں ہوسکتیں، لیکن موجودہ حالات میں آن لائن کلاسوں کے علاوہ کوئی دوسرا اختیار ہمارے پاس نہیں ہے۔ اگر بچے آن لائن کلاسیں نہیں کریں گے تو بچے ہیروسے زیرو بن جائیں گے۔ ڈاکٹر نجیب قاسمی نے اُن بچوں کے والدین سے درخواست کی جن کے پاس اسمارٹ فون مہیا نہیں ہے، کہ وہ گھر پر پڑھائی کا ضرور انتظام کریں تاکہ بچے کسی حد تک تعلیم سے جڑے رہیں ورنہ ان کی صلاحیتیں ختم ہوجائیں گی۔ موجودہ حالات میں جن بچوں کے والدین نے اپنے بچوں کو تعلیم سے نہیں جوڑا اُن کا صرف ایک تعلیمی سال خراب نہیں ہوگا بلکہ کئی سال تک بھی اس کے نقصان کی تلافی ممکن نہیں ہوسکتی۔ سمارٹ فون نہ ہونے پر اسکول میں امتحانات کے لئے متبادل انتظامات بھی کئے گئے ہیں تاکہ کوئی بھی بچہ امتحان سے محروم نہ رہ جائے۔ اسکول کھلنے پر وہی بچے عمدہ کارکردگی پیش کرسکتے ہیں جنہوں نے وقت کا فائدہ اٹھاکر آن لائن کلاسوں میں شرکت کی یا ان کے لئے کم از کم گھر پر پڑھائی کا معقول انتظام کیا گیا ہے۔
النور پبلک اسکول کے بانی ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی نے کورونا وبائی مرض کی وجہ سے جہاں دیگر اسکولوں کے ذمہ داروں سے کسی حد تک فیس معاف کرنے کی درخواست کی تاکہ بچوں کے والدین پر بوجھ کم ہو، وہیں دوسری طرف بچوں کے والدین سے بھی فیس کی ادائیگی پر سنجیدگی سے عمل کرنے کی اپیل کی کیونکہ فیس کی ادائیگی کے بغیر پرائیویٹ اسکولوں کی بقا مشکل ہے، نیز اساتذہ ودیگر اسٹاف کی تنخواہوں کی ادائیگی فیس کے بغیر ممکن نہیں ہوسکتی۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا