English   /   Kannada   /   Nawayathi

مہاراشٹرا سرکار نے سابق وزیر اعلی سمیت کئی رہنماوں کی سیکیورٹی میں کی تخفیف

share with us

:11؍جنوری 2021(فکروخبر/ذرائع)مہاراشٹر کی مہاوکاس اگھاڑی نے ایک بڑا فیصلہ کرتےہوئے سابق وزیراعلیٰ  دیویندر   فرنویس اور ان  کے اہل خانہ کو دی گئی سیکوریٹی میں  تخفیف کردی ہے جبکہ بی جےپی کی مہاراشٹر اکائی  کے صدر چندر کانت پاٹل کی سیکوریٹی ہٹا دی گئی ہے۔اس کے ساتھ ہی ساتھ اتر پردیش کے سابق گورنر رام نائک اور ایم این ایس لیڈرراج ٹھاکرے کی سیکوریٹی بھی گھٹا دی گئی ہے۔  بی جےپی نے جہاں اس فیصلے کو بدبختانہ اور ’’انتقامی‘‘ جذبے کے تحت قرار دیا ہےوہیں ریاستی وزیر داخلہ نے وضاحت کی ہے کہ سیکوریٹی میں ترمیم متعلقہ شخصیات کو لاحق خطرات کی بنیاد پر ایک کمیٹی کی سفارش پر کی گئی ہے۔ 
سابق وزیراعلیٰ اور اہل خانہ کی سیکوریٹی کم
 ریاستی محکمہ داخلہ نے جن لیڈروں  اور ان کے اہل خانہ کو دی گئی  سیکورٹی میں ترمیم کی ہے ان میں بیشتر اپوزیشن کے لیڈر  ہیں۔ اس سلسلے میں  عام کی گئی رپورٹ کے مطابق دیویندر فرنویس کی زیڈ پلس سیکوریٹی کو گھٹا کر وائی  کردیا گیا ہے۔  ان کی بیوی امریتا اور بیٹی کو دی جانے والی وائی سیکورٹی کو ایکس کٹیگری میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ 
 دیگر  بی  جےپی اور اپوزیشن لیڈر بھی زد پر آئے
 ریاستی حکومت  کے مطابق اہم لیڈروں کی سیکوریٹی میں ترمیم اعلیٰ افسران کی ایک ۵؍ رکنی  کی سفارش پر کی گئی ہے جسے مذکورہ افراد کو لاحق خطرات کا اندازہ لگاتے ہوئے ان کیلئے مناسب سیکوریٹی کی سفارش کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی  تھی۔ مذکورہ افسران کی رپورٹ کے مطابق جن دیگر لیڈران کی سیکوریٹی میں ترمیم کی گئی  ہے ان میں نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے، بی جے پی کی مہاراشٹر اکائی کے صدر چندر کانت پاٹل،یوپی کے سابق گورنر رام نائک اور بی جےپی لیڈر  آشیش شیلار شامل ہیں۔
 اجیت پوار کی سیکوریٹی  میں بھی تخفیف
  بی جےپی حالانکہ انتقامی کارروائی کا واویلا کررہی ہے مگر جن لوگوں کی سیکوریٹی کم کی گئی ہے ان میں  شیو سینا کے دیپک کاسرکر، ایم ایل اے راجیش شر ساگر، رپبلک پارٹی آف انڈیا کے سربراہ رام داس اٹھاؤلے حتیٰ کہ نائب وزیر اعلیٰ  اور این سی پی کے سینئر لیڈر اجیت دادا اور ان کی بیوی سونیترا  بھی شامل ہیں۔ان کے علاوہ  دیگر کئی لیڈران اور ان کے اہل خانہ کو دی جانے والے سیکورٹی میں کمی کی گئی ہے۔ البتہ سینئر وکیل استغاثہ اجول نکم اور شتروگھن سنہا کی سیکوریٹی میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں زیڈ پلس سیکوریٹی فراہم کی گئی ہے ۔ 

 وزیر داخلہ  نے وضاحت پیش کی

 اپوزیشن کے الزام کا جواب دیتے ہوئے   وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے  بتایا کہ’’۵؍اعلیٰ پولیس افسران کی کمیٹی بنائی گئی تھی  جسے  لیڈران کوکسی خطرہ کے پیش نظر جو سیکوریٹی دی گئی ہے، اس میں کمی یا زیادتی کی بنیاد پر سفارش کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر سیکورٹی میں کمی بیشی کی گئی ہے کسی رنجش کے تحت نہیں۔‘‘ انہوں نے  یاد دہانی کرائی کہ  جب بی جے پی اقتدار میں تھی  اس وقت شرد پوار اور اجیت دادا پوار جیسے بڑے لیڈروں کو خطرہ کے باوجود سیکورٹی نہیں دی گئی  تھی۔ 

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا