English   /   Kannada   /   Nawayathi

اب بی جے پی رہنما نے کسانوں پر برڈ فلو پھیلانے کا بھی لگایا الزام !

share with us

:10؍جنوری 2021(فکروخبر/ذرائع)ایک طرف کورونا بحران میں جاری کسان تحریک کے تعلق سے کئی طرح کے خدشات بی جے پی وزراء و لیڈران نے ظاہر کیے ہیں، وہیں اب حیرت انگیز طریقے سے برڈ فلو پھیلنے کا الزام بھی بی جے پی لیڈر کسان تحریک پر لگا رہے ہیں۔ یہ الزام راجستھان کے بی جے پی رکن اسمبلی اور ریاستی جنرل سکریٹری مدن دلاور نے عائد کیا ہے۔ انھوں نے متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا کہ ’’کسان تحریک میں بیٹھے کسان ہر روز چکن بریانی سمیت دیگر لذیز کھانوں کی پارٹیاں کر رہے ہیں۔ اس سے برڈ فلو کا خطرہ لگاتار بڑھتا جا رہا ہے۔‘‘

رام گنج منڈی رکن اسمبلی مدن دلاور نے نہ صرف کسانوں پر کسان تحریک کے درمیان لذیز پکوان کھانے کا الزام عائد کیا بلکہ اس تحریک میں دہشت گردوں کے شامل ہونے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ کسانوں کی تحریک سے برڈ فلو کا خطرہ بہت زیادہ بڑھنے کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے مدن دلاور نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انھیں سڑک سے اٹھا دیا جائے۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’کسان تحریک میں جس طرح لذیز کھانوں کی پارٹیاں چل رہی ہیں اس سے برڈ فلو کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔ ملک میں برڈ فلو پھیلانے میں اس کسان تحریک کا بڑا ہاتھ ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں ڈیرا جمائے بیٹھے مظاہرین کو اب حکومت کو سڑک سے اٹھا دینا چاہیے، نہیں تو برڈ فلو جیسی خطرناک بیماری پھیلانے میں کسانوں کی نام نہاد تحریک ملک میں بڑا بحران پیدا کر دے گی۔‘‘

مدن دلاور کے اس متنازعہ اور زہرانگیز بیان سے کسان لیڈروں میں سخت ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ کسان لیڈروں نے ان کے بیان کو نہ صرف کسان مخالف قرار دیا ہے بلکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ اکھل بھارتیہ کسان مہاسبھا کے ریاستی نائب صدر دلیچند بوردا نے مدن دلاور کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’مدن دلاور اور بی جے پی کے لیڈر کسان تحریک کو شروع سے ہی بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ غیر جمہوری طریقے سے بیان بازی کر کے کسان تحریک کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن تحریک پر بی جے پی لیڈروں کی بیان بازی کا اثر پڑنے والا نہیں ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’کسان تحریک تبھی ختم ہوگی جب کسانوں کے مطالبات مان لیے جائیں گے۔‘‘

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا