English   /   Kannada   /   Nawayathi

مہاراشٹرا اسمبلی میں ارنب گوسوامی اور کنگنا راناوت کے خلاف قرار داد منظور

share with us

:09ستمبر 2020(فکرو خبر/ذرائع)سوشانت سنگھ کی موت کے بعد بالی ووڈ میں کنبہ پروری کے خلاف پرزور آواز اٹھانے والی اداکارہ کنگنا رناوت اور ریپبلک ٹی وی کے اینکر ارنب گوسوامی کے خلاف خصوصی حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق قرار داد پیش کی گئی۔ اس قرارداد کو لے کر اسمبلی میں خوب ہنگامہ ہوا۔ حال ہی میں کنگنا رناوت نے ممبئی کو 'پی او کے' جیسا بتا دیا تھا اور ارنب گوسوامی مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ، اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمنٹ کے خلاف قابل اعتراض الزامات عائد کرتے رہے ہیں جس کے پیش نظر ان کے خلاف مذکورہ قرارداد پیش کی گئی۔

سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کا معاملہ مہاراشٹر اسمبلی میں زور و شور سے اٹھا۔ منگل کے روز شیو سینا رکن اسمبلی پرتاپ سرنائک نے اسمبلی میں ریپبلک ٹی وی کے مالک اور اینکر ارنب گوسوامی کے خلاف خصوصی حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ "ارنب گوسوامی نے اپنے پروگراموں میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور این سی پی سربراہ شرد پوار کے خلاف غیر اخلاقی زبان کا استعمال کیا۔"

سرنائک نے مزید کہا کہ ارنب لگاتار ٹی وی پروگراموں میں مہاراشٹر کے وزراء، اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمنٹ کی بے عزتی کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ "میڈیا کی آزادی کے نام پر وہ وزیر اعلیٰ، پوار صاحب اور دوسرے منتخب عوامی نمائندوں کی شبیہ خراب کر رہے ہیں۔ ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ایوان ان کے خلاف سخت کارروائی کرے۔"

اس قرارداد کی بی جے پی اراکین اسمبلی نے زبانی مخالفت کی جب کہ مہاراشٹر کے وزیر برائے پارلیمانی امور نے اس کی حمایت کی۔ انھوں نے بھی نائب اسپیکر سے قرارداد منظور کرنے کی اپیل کی۔ وزیر برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ "جب کوئی وزیر اعظم کے بارے میں تبصرہ کرتا ہے تو آپ ناراض ہو جاتے ہیں، ایسے میں اس شخص کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہونی چاہیے جو بری نیت سے وزیر اعلیٰ کو نشانہ بنا رہا ہے۔"

این سی پی لیڈر چھگن بھجبل اور سماجوادی پارٹی رکن ابو عاصم اعظمی نے بھی قرارداد کی حمایت کی۔ بھجبل نے کہا کہ "جمہوریت میں ہر کسی کو اپنی بات کہنے کی آزادی ہے، لیکن ایسا کرنے میں لفظوں کا انتخاب بھی ضروری ہے۔" اسمبلی کے نائب اسپیکر نرہری جروال نے کہا کہ قرارداد پر آئینی ضابطوں کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ سرنائک نے اس قرارداد پر وزیر داخلہ سے بیان کا مطالبہ بھی کیا۔

اس قرارداد کی مخالفت میں سابق وزیر اعلیٰ اور اسمبلی میں حزب مخالف لیڈر دیویندر فڑنویس نے کہا کہ منگل کے روز اسمبلی کی کارروائی کا آخری دن ہے اور ایسے میں مزید اہم کام ہونے چاہئیں۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ اظہار رائے کی آزادی پر برسراقتدار طبقہ دوہرا رویہ اختیار کر رہا ہے۔

اس ہنگامے کے درمیان اسمبلی کی کارروائی تین مرتبہ ملتوی کرنی پڑی۔ علاوہ ازیں بی جے پی اراکین اسمبلی نے ایوان میں نعرے بازی بھی کی۔ بعد میں سرنائک نے دعویٰ کیا کہ نائب اسپیکر نے قرارداد کو منظور کر لیا ہے۔ اس درمیان مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے اداکارہ کنگنا رناوت کے اس بیان کی تنقید کی جس میں انھوں نے ممبئی کو پاک مقبوضہ کشمیر بتایا تھا۔ انھوں نے اسے ممبئی کے ساتھ ہی مہاراشٹر اور ممبئی پولس کی بے عزتی قرار دیا ہے۔

اس کے علاوہ شیوسینا رکن اسمبلی منیشا کیاندے نے ارنب گوسوامی کے خلاف قرارداد پیش کی، اور پھر کانگریس رکن اسمبلی اشوک جگتاپے نے اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف خصوصی حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق قرارداد پیش کی۔ انھوں نے اداکارہ پر ممبئی کو بے عزت کرنے کا الزام عائد کیا۔ مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے چیئرمین رام راجے نائک نے دونوں قراردادوں کو منظور کرتے ہوئے کہا کہ "میں نے خصوصی حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق قراردادوں کو منظوری دی ہے۔ چونکہ اس تعلق سے کوئی کمیٹی نہیں ہے، اس لیے ان پر میں فیصلہ لوں گا۔"

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا