English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھٹکل :  عصری تعلیم کے حصول کے دوران حفاظِ قرآن کی فہرست میں شامل ہوئے مزید دو طلباء 

share with us

بھٹکل 27/ جولائی 2020(فکروخبر نیوز) قرآن کریم کا ایک اعجاز یہ بھی ہے کہ اس کو یاد کرنا اللہ تعالیٰ نے بہت ہی آسان بنادیا ہے۔ جس کی وجہ سے ہم دیکھتے آرہے ہیں کہ حفظ ِ قرآن کی مجلسیں وقتاً فوقتاً منعقد ہوتی رہتی ہیں اور یوں حفاظ کی فہرست میں اہم ناموں کا اضافہ ہوتا ہے۔ 
    بھٹکل میں آج حفظِ قرآن کی تکمیل کی دو مختصر سی مجلسیں منعقد ہوئیں۔ بھلے ہی کورونا وائرس کے پیشِ نظر عائد قوانین میں عوام کی بڑی تعداد ان مجالس میں شرکت نہ کرسکی لیکن روحانی اعتبار سے اس مجالس کی اہمیت کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔ 
    آج دوپہر قریب بارہ بجے علی پبلک اسکول بھٹکل میں ایک مختصر سی مجلس منعقد ہوئی جس میں ساتویں جماعت کے طالب علم شعور احمد ابن سہیل مومن نے حفظِ قرآن کریم کی تکمیل کی۔استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل وسابق صدر جمعیت الحفاظ بھٹکل مولانا نعمت اللہ صاحب ندوی نے قرآن کریم کی چند آیات پڑھاکر اس کے حفظ کی تکمیل فرمائی۔اور نائب قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبد الرب صاحب ندوی کی دعاء پر جلسہ کا اختتام ہوا ۔ دوسری تقریب مسجد ہدیٰ میں بعد عصر منعقد ہوئی جس میں انجمن انجینئرنگ میں زیر تعلیم عبدالمتعال ابن عبدالمتین دُرگا نے  حفظِ قرآن کی تکمیل کی۔ 
ان مجالس کی مناسبت سے علماء نے اپنے اظہارِ خیالات کے دوران اس بات پر اپنی خوشی کا اظہار کیا کہ آج کل عصری تعلیم کے دوران حفظِ قرآن کریم کا ایک سلسلہ چل پڑا ہے جو بہت ہی خوش آئند بات ہے۔ مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے اپنے خیالات کا اظہار کے دوران شعور احمد اوران کے سرپرستوں کو مبارکباد پیش کی۔ مولانا نے کہا کہ حافظِ قرآن بننا کسی اعزاز سے کم نہیں لیکن اس اعزاز کے حاصل ہوتے ہی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں۔ حافظِ قرآن بننے کے بعد سب سے بڑی ذمہ داری اس کو یاد رکھنی ہے۔ کم عمری کی وجہ سے بچوں کی دلچسپی کھیل کود کی جانب زیادہ ہوتی ہے لیکن ہمیں حفظ کو پختہ کرنے کے سلسلہ میں فکر مند ہونا چاہیے، ساتھ ہی ہم سب کو قرآن کریم کے احکامات اور اس کے تقاضوں پر بھی عمل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ 
علی پبلک اسکول بھٹکل کے روحِ رواں مولانا محمد الیاس ندوی نے شہر میں حال ہی میں حافظ ِ قرآن میں بننے والوں کی فہرست شمار کرتے ہوئے ان کے جذبات کے عکاسی بھی کی اور بتایا کہ آپ ان طلباء کی محنت اور ذوق کااندازہ لگائیے جس آپ کو اس نتیجہ پر پہنچنے میں دیر نہیں لگے گی کہ ہماری قوم میں کتنے ذہین درجہ کے افراد موجود ہیں۔ مولانا نے حفظِ قرآن شروع کرنے کی تشویق بھی دلاتے ہوئے اس کا ایک آسان لائحہ بھی بتایا۔ 
اس موقع پر استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل وخطیب جمعہ مسجد تنظیم مولانا محمد انصار خطیب ندوی مدنی اور ناظم جامعہ اسلامیہ بھٹکل جناب ماسٹر شفیع صاحب، امام مسجد ہدیٰ مولانا اشرف صاحب نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا