English   /   Kannada   /   Nawayathi

کورونا بحران کے درمیان بننے والی مدھیہ پردیش کی بی جے پی سرکار تبلیغی جماعت سے وابسطہ افراد پر سخت ، بھیجا جیل

share with us

:16 مئی 2020(فکروخبر/ذرائع)تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے کئی لوگ اب تک ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں پھنسے ہوئے ہیں اور جگہ جگہ کوارنٹائن سنٹر میں انھیں الگ تھلگ کر کے رکھا گیا ہے۔ ان میں کئی بیرون ممالک سے تعلق رکھنے والے بھی ہیں جو جلد از جلد اپنے ملک جانا چاہتے ہیں لیکن اجازت نہیں مل رہی۔ اس درمیان مدھیہ پردیش کی شیوراج حکومت تبلیغی جماعت اراکین کے خلاف سخت رخ اختیار کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق بھوپال میں پولس نے تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے 71 لوگوں کو گرفتار کیا ہے جن میں بیشتر بیرون ملکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یو پی میں مہاجر مزدوروں پر ٹوٹا قہر، اندوہناک ٹرک حادثہ میں 24 ہلاک، متعدد زخمی
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ جن 71 تبلیغی جماعت اراکین کو گرفتار کیا گیا ہے ان میں سے 35 کو جیل بھیجا گیا ہے جب کہ 36 کو حراست میں رکھا گیا ہے۔ جیل بھیجے گئے 35 لوگوں میں سے 30 بیرون ممالک سے تعلق رکھتے ہیں جب کہ 5 ہندوستانی ہیں۔ ان سبھی پر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی سمیت دیگر کئی معاملے شہر کے الگ الگ تھانہ علاقوں میں درج کیے گئے ہیں۔ جب مقامی عدالت میں انھیں پیش کیا گیا تو جج نے اپنے چیمبر سے نکل کر عدالت کے باہری کمپاؤنڈ میں سماعت کی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق صرف تبلیغی جماعت اراکین کے خلاف ہی شیوراج حکومت کارروائی نہیں کر رہی ہے بلکہ ان کی مدد کرنے والے لوگوں کے خلاف بھی معاملے درج کیے گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعرات کو پولس نے الگ الگ تھانوں میں 64 بیرون ملکی جماعتی اور 10 ہندوستانی جماعتی کے ساتھ ان کی مدد کرنے والے 13 لوگوں کے خلاف کیس درج کیا تھا۔ حکومتی احکامات اور ویزا کی خلاف ورزی کرنے کے ساتھ دفعہ 188، 269، 270، تعزیرات ہند کی دفعہ 51، قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کی دفعہ 13، 14 اور فورنر ایکٹ 1964 کے تحت یہ کیس درج کیے گئے۔ یہ معاملے شہر کے عیش باغ، منگلوارا، شیاملا ہلس، پپلانی اور تلیا تھانہ علاقہ کے ہیں۔ بیرون ممالک سے آئے ان تبلیغی جماعت اراکین پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ انھوں نے بھوپال پہنچنے پر مقامی پولس کو کوئی جانکاری نہیں دی تھی۔

کچھ ہندی نیوز پورٹل پر آ رہی خبروں کے مطابق بھوپال پولس نے تبلیغی جماعت کے اراکین، اس سے جڑے کچھ ہندوستانی اور دیگر لوگوں کو کوارنٹائن کیا ہے جنھوں نے بھوپال میں ان کے ٹھہرنے کا انتظام کیا تھا۔ بھوپال پولس نے بتایا کہ ان سبھی کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 188، 269، 270، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کی دفعہ 13 اور فارنرس ایکٹ کی دفعہ 14 کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا