English   /   Kannada   /   Nawayathi

پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 13 ہزار 328 ہوگئی، 281 جاں بحق

share with us

اسلام آباد27 اپریل 2020(فکروخبر/ذرائع )ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 13 ہزار 328 ہوگئی جب کہ اب تک یہ وائرس 281 افراد کی جان لے چکا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں لوگوں میں کورونا وائرس کی تشخیص کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد اس وائرس کا شکار افراد کی مصدقہ تعداد 13 ہزار 328 ہوگئی ہے تاہم اس میں سے 3029 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔

کہاں کتنے مریض

پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد 5446 ہے، اس کے علاوہ سندھ میں 4615، خیبرپختونخوا 1864، بلوچستان میں 781، اسلام آباد میں 245، گلگت بلتستان میں 318  جب کہ پاک مقبوضہ کشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 59 ہوگئی ہے۔

ایک دن میں 12 افراد جاں بحق

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس نے ایک دن میں مزید 12 افراد کی جان لے لی، جس کے بعد ملک میں اس وائرس کے ہاتھوں جہاں فانی سے کوچ کرنے والوں کی تعداد 281 ہوگئی ہے۔

پی آئی اے کے فضائی میزبان متاثر

پی آئی اے کے مزید تین فضائی میزبان کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں۔ تینوں فضائی میزبان لندن کی پرواز پر ڈیوٹی کے بعد پاکستان پہنچے تھے اور کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر انہیں ہوٹل میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ ان میں سے دو کا تعلق لاہور اور ایک کا پشاور سے ہے۔ پی آئی اے کے اب تک دس ملازمین کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

چین سے مزید طبی سامان آگیا

چین سے خریدے گئے طبی سامان ایک اور کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔ پی آئی اے کا خصوصی طیارہ 18 ٹن سامان لیکر اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچا۔
سامان میں 159 وینٹلیٹرز، 15ایکسرے مشین، 200 تھرمل گنز، ڈاکٹروں اور طبی عملہ کے لیے ذاتی حفاظتی اشیاء، مختلف ضروری ادویات، 30 ہزار دستانوں کے جوڑے، 5ہزار حفاظتی عینکیں، 2لاکھ 90ہزار سرجیکل ماسک اور 15ہزار حفاظتی سوٹ شامل ہیں۔

رمضان المبارک کے لیے احتیاطی تدابیر اور اصول

حکومت نے رمضان المبارک کے دوران کورونا سے بچنے کے لیے عبادات سمیت مختلف شعبوں کے لیے احتیاطی تدابیر پر مشتمل رہنما اصول جاری کردیے ہیں۔ جس کے تحت مساجد میں 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد اور بچوں کی اجازت نہیں ہوگی، رمضان المبارک کے دوران مساجد کا رخ کرنے والوں کے لیے گھر سے وضو کرکے آنا، باجماعت نماز اور تراویح کے لیے صفوں کے درمیان چھ فٹ کا فاصلہ رکھنا، سحر و افطار کے اجتماعات نہیں ہوں، قالین یا چٹائی اٹھا کر فرش کو باقاعدگی سے کلورینٹڈ پانی سے دھونا ہوگا۔ اعتکاف کے خواہش مند گھر پر ہی اعتکاف بیٹھیں گے۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا