English   /   Kannada   /   Nawayathi

لاک ڈاون میں نرمی ! چند شرائط کے ساتھ آج سے کھلیں گی دکانیں,جانیں تفصیلات

share with us

25 اپریل 2020(فکروخبر/ذرائع )ہندوستان میں کورونا وائرس انفیکشن پر قابو پانے کے لیے گزشتہ تقریباً ایک مہینے سے لاک ڈاؤن ہے۔ اس درمیان مرکزی حکومت نے آج سے سبھی دکانیں کھولنے کی کچھ شرطوں کے ساتھ منظوری دے دی ہے۔ لیکن سنگل اور ملٹی برانڈ شاپنگ مال اب بھی بند رہیں گے۔

ملک بھر میں جاری کورونا لاک ڈاؤن ختم ہونے میں ابھی ایک ہفتہ سے بھی زیادہ کا وقت باقی ہے اور یہ 3 مئی تک جاری رہنا ہے۔ لیکن مرکزی حکومت نے لوگوں کو زبردست راحت دیتے ہوئے آج سے ملک بھر میں گلی محلوں کی سبھی دکانیں کھولنے کی کچھ شرطوں کے ساتھ منظوری دے دی ہے۔ شرطوں کے مطابق دکانوں کو اپنے نصف اسٹاف سے ہی کام چلانا پڑے گا۔ لیکن سنگل اور ملٹی برانڈ شاپنگ مال فی الحال بند ہی رہیں گے۔ ساتھ ہی ہاٹ اسپاٹ اور کنٹمنٹ زون قرار دیے گئے علاقوں میں پابندیاں پہلے کی طرح ہی جاری رہیں گی۔

غور طلب ہے کہ 24 مارچ سے شروع ہوئے لاک ڈاؤن کے دوران سبھی طرح کی دکانیں اور ادارے بند کر دیے گئے تھے، صرف دودھ، سبزی، کرانہ اور دوائی جیسی ضروری چیزوں کی دکانیں کھولنے کی ہی اجازت تھی۔ لیکن لاک ڈاؤن کا ایک مہینہ پورا ہونے پر مزید دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ سے جاری سرکلر کے مطابق حکومت نے رہائشی کالونیوں کے آس پڑوس میں بنی دکانوں اور ایسی تنہا دکانوں کو کھولنے کی اجازت دے دی ہے جو میونسپل کارپوریشنوں اور میونسپلٹیوں کی سرحدوں کے اندر آتی ہوں۔ ساتھ ہی ساتھ وزارت داخلہ نے کچھ شرط بھی سامنے رکھے ہیں۔

ان شرائط میں سب سے اہم یہ ہے کہ سبھی دکانیں ریاستی یا مرکز کے ماتحت قائم ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ ہونی چاہئیں۔ اس کے علاوہ دکانوں میں صرف نصف اسٹاف ہی کام کر سکتا ہے۔ اسٹاف کو ماسک لگانا ضروری ہوگا اور سوشل ڈسٹنسنگ کے قوانین پر عمل کرنا بھی ضروری ہوگا۔

لوگ امید کر رہے ہیں کہ جلد ہی کاروبار ایک بار پھر پٹری پر آئے گا۔ ایک مہینے سے جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے دکانیں بند رہنے سے تاجروں کو کروڑوں کا نقصان ہو چکا ہے۔ دھیان رہے کہ اس سے پہلے 21 اپریل کو حکومت نے اسکولی کتابوں کی دکانوں کو کھولنے کی اجازت دے دی تھی۔ اس کے علاوہ بجلی کے پنکھے فروخت کرنے والی دکانوں کو بھی عائد پابندی والی فہرست سے باہر کر دیا گیا۔ وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ شہری علاقوں میں واقع بریڈ فیکٹریاں اور آٹا مل بھی لاک ڈاؤن کے دوران کام شروع کر سکتی ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا