English   /   Kannada   /   Nawayathi

مہاراشٹرا سی ایم ادھو ٹھاکرے کا حکومت سے مزدوروں کیلئے خصوصی ٹرینوں کا مطالبہ

share with us

24 اپریل 2020(فکروخبر/ذرائع )مہاراشٹر کی ادھوٹھاکرے کی قیادت میں متحدہ اتحاد کی حکومت نے گزشتہ تین دن میں دوسری بارمرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پھنسے ہوئے دیگر ریاستوں کے مزدوروں اورملازمت پیشہ افراد کوان کے وطن پہنچانے کے  لئے ممبئی اور پونے سے خصوصی ٹرینیں شروع کی جائیں ۔ان دونوں شہروںمیں پھنسے لاکھوں تارکین وطن کے لئے پیشگی منصوبہ بندی کے ذریعہ ٹرین شروع کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
 وزیر اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے جاری کئے گئے خط میں ، جو وزارت ریلوے اور مرکزی حکومت دونوں کو روانہ کیا گیا ہے ، کہا گیا ہے کہ ۳؍  مئی کو لاک ڈائون ختم ہونے کے بعد ، دیگر ریاستوں سے آنے والے ہزاروں تارکین وطن گھروں کو واپس جانے کے خواہش مند ہوں گے  اس  لئے محکمہ ریلوے ان کے لیے خصوصی ٹرینیں شروع کرے اور اس کے لیے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔چونکہ مہاراشٹر ایک اہم صنعتی ریاست ہے اور سب سے زیادہ تعمیراتی سرگرمیاں یہیں چل رہی ہیں، خاص طور پر اترپردیش ، بہار اور دیگر شمالی ریاستوں سے نقل مکانی کرنے والے غیر رسمی مزدوروں کی ایک بڑی تعداد ان شعبوں میں کام کر رہی ہے ۔لاک ڈائون کی وجہ سے ، مہاراشٹرمیں لگ بھگ ساڑھے چھ لاکھ تارکین وطن مختلف علاقوں کے کیمپوں میں رہ رہے ہیں جہاں ریاست انہیں روزانہ کھانا اور صحت کی سہولیات فراہم کررہی ہے۔اسی طرح کی ایک اور بڑی تعداد میں تارکین وطن کو مختلف این جی اوز یا سماجی تنظیموں نے انہیں کھانا فراہم کیا اور دیکھ بھال کی جارہی ہے کیونکہ اب  یہ تمام مزدوربے روزگار ہیں اور وہ اپنی آبائی ریاستوں میں واپس جانے کے خواہاں ہیں اس لئے ان کے گھر جانے کے انتظامات کئے جائیں۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے  بین وزارتی مرکزی ٹیم  ۲؍ دن پہلے بھی  صورتحال سے آگاہ کرچکے ہیں جو یہاں کورونا کی حالت  اور لاک ڈائون  کے انتظامات  کا جائزہ لینے کے لئے آئی تھی ۔  
 ادھو ٹھاکرے نے  مزید کہا کہ ۳؍ مئی کو لاک ڈائون ہٹانے کے بعد یا مرکز کی جانب سے فیصلہ کردہ کسی اور تاریخ کے بعد ، تمام ریلوے اسٹیشنوں پر ان مزدوروں کا ایک بار پھر بہت زیادہ رش ہوگا اور دشواری پیش آئے گی۔اس کے پیش نظر ، انہوں نے وزارت ریل  سے اپیل کی کہ وہ ممبئی اور پونے سے خصوصی ریل گاڑیوں کو ملک بھر  کے تمام بڑے شہروں تک چلانے کے لئے پہلے سے ہی ضروری انتظامات کریں ، تاکہ تمام تارکین وطن کو جگہ دی جاسکے اور یقینی بنایا جاسکے کہ وہاں کے کسی بھی ریلوے اسٹیشن پر امن و امان کی کوئی پریشانی نہ پیدا ہو۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوںہی حکومت نے ایک لاکھ سے زائد مہاراشٹر کے مزدوروںکو میڈیکل چیک اپ کے بعد ان کے گھر جانے کی اجازت دی تھی ۔ اس سے ایک بہت بڑا بحران ٹل گیا تھا  اور اب ریاستی حکومت ایک مرتبہ پھر غیر ریاستی مزدوروں کا بحران ٹالنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ ممبئی اور مہاراشٹر جو کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہیں ، وہاں تعداد اور نہ بڑھے۔ 
 ادھو ٹھاکرے نے واضح کیا ہے کہ اگر حکومت کو یہ محسوس ہو رہا ہے کہ ۳۰؍ اپریل سے ۱۵؍ مئی کے درمیان کورونا کے معاملات بہت زیادہ بڑھیں گے توپھر حکومت کو موجودہ وقت کا پورا پورا استعمال کرتے ہوئے مزدوروںکو ان کے گھر پہنچانے کی انتظام کرنا چاہئے اس کئی طرح کے فائدے ہوںگے ۔ سب سے بڑا فائدہ یہ ہو گا کہ  مزدور اپنے اپنے گھروںکو پہنچ جائیں گے اور ان کے متاثر ہونے کا خطرہ کم از کم ختم ہو جائے گا۔ ساتھ ہی ریاستی مشنری پر جو بوجھ پڑ رہا ہے وہ کم ہو جائے گا جس سےدیگر شعبوں کی طرف زیادہ دھیان دینے کا موقع ملے گا۔ اسی لئے مرکزی حکومت اور وزارت ریل دونوں سے اپیل کی جارہی ہے کہ  وہ اس بحران پر غور کرے اور پیشگی تیاری کرے تاکہ کوئی نیا بحران پیدا نہ ہو ۔ 

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا