English   /   Kannada   /   Nawayathi

مشرق وسطیٰ سمیت پوری دنیا رمضان کی روایتی رونقوں اور سرگرمیوں سے خالی ہوگی

share with us

 

: 21 اپریل 2020(فکروخبر/ذرائع )مشرق وسطیٰ سمیت پوری دنیا اس سال ماہِ رمضان کی روایتی رونقوں اورسرگرمیوں سےخالی ہو گی۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر کے طور پر نہ تو افطار پارٹیاں ہو سکیں گی اور نہ ہی مساجد میں باجماعت نماز۔  پوری دنیا میں اگلے ہفتے سے مقدس مہینہ رمضان شروع ہونے والا ہے۔ اس ماہ کو مقدس ترین مہینہ تصور کیا جاتا ہے۔
 دنیا بھر میں آباد تمام مسلمان ماہِ رمضان میں طلوعِ فجر سےغروب آفتاب تک تمام دن کچھ نہیں کھاتے پیتے جب کہ شام کو افطار کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ لیکن اس سال تیزی سے پھیلتی کورونا وائرس کی وبا نے سعودی عرب اور لبنان سے لے کر لیبیا اور عراق و یمن کے جنگی علاقوں تک سب جگہ رمضان کی روایت و سرگرمیوں کو محدود سے محدود تر کر دیا ہے۔ سعودی عرب کے مفتی اعظم عبد العزیز الشیخ سمیت متعدد ممالک کے مذہبی حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ رمضان اور عید تک کی تمام نمازیں گھروں میں ادا کی جائیں۔یروشلم کے فلسطینی مفتی محمد حسین نے بھی مسلمانوں کو نماز گھروں پر ادا کرنے کی تاکید کی ہے۔ 
 ترجیح دی جارہی ہے کہ خطے کی تمام مساجد میں تراویح سمیت کوئی اجتماعی عبادت نہ ہو۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر خطے کی بعض مساجد کو بند بھی کر دیا گیا ہے۔ مکہ مکرمہ میں واقع دنیا کی سب سے بڑی مسجد کے موذن علی ملا نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ وہ ہر وقت اس مسجد میں لوگوں کا جمِ غفیر دیکھنے کے عادی ہیں مگر اب یہاں کی ویرانی کو دیکھ کر دل میں درد محسوس ہوتا ہے۔حالیہ ہفتوں میں ایک حیرت انگیز خالی پن نے مقدس کعبہ کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ خانہ کعبہ کے ارد گرد ہر وقت ہزاروں افراد کا مجمع عبادت میں مصروف ہوا کرتا تھا مگر اب یہ سارا علاقہ خالی پڑا ہے۔ 
 رمضان کے مقدس مہینے میں دنیا بھر سے یہاں آنے والے افراد عمرے کی سعادت حاصل کیا کرتے تھے لیکن کورونا وائرس کے سبب عمرے کی ادائیگی پچھلے ماہ سے ہی بند ہے۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی دنیا بھر کے مسلمان سعودی عرب آ کر حج ادا کرنے کے منتظر ہیں لیکن سعودی حکام نے تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام مسلمانوں کو عارضی طور پر حج کی تیاریاں مؤخر کرنے کی تاکید کی ہے۔ 
 سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ کے دیگر ملکوں میں عالمی ادارۂ صحت کی سفارشات کے مطابق پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ ان پابندیوں سے کاروباری اداروں کو نقصان پہنچا ہے جن میں وہ افراد بھی شامل ہیں جو رمضان میں خریداروں کی تمام ضروریات کو پورا کرتے ہیں۔
 دوسری جانب رواں سال بہت سے مسلمانوں نے رمضان شاپنگ بجٹ میں ماسک، دستانوں اورحفاظتی سوٹس کی خریداری کے لیے زیادہ گنجائش رکھی ہے۔ شام کے دارالحکومت دمشق میں کپڑے کی دکان پر کام کرنے والے ۵۱؍ سالہ یونس نے بتایا کہ انہوں نے رمضان کی خریداری پرخرچ کرنے کے لیے رقم بچالی تھی۔ لیکن اسے وائرس سے تحفظ کے لیے درکار سامان کی خریداری پر خرچ کر دیا ہے۔ اُن کے بقول رواں برس عید بھی سادگی سے گزرے گی کیوں کہ کورونا کی وبا نے پوری دنیا کو گھیرے میں لیا ہوا ہے۔
 دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک ایران نے بعض کاروباری سرگرمیوں کو بحال کرنے کی اجازت دی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایران میں اب تک ۵؍ ہزاار سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ متاثرین کی تعداد ۸۰؍ ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایرانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان کے دوران گھر میں نماز ادا کریں اور عاجزی کا خیال رکھیں۔
 مصر کے دارالحکومت قاہرہ کی تنگ گلیوں اور شہروں میں واقع کچھ بازاروں میں اب بھی روایتی رمضان کی خریداری جاری ہے اور لوگ رمضان میں سجاوٹ کی غرض سے رنگین لالٹین اور دیگر سامان خرید کر گھر لے جارہے ہیں۔ 
 خطے کے بہت سے علما نے اُن خیالات کو یکسر مسترد کر دیا ہے کہ اس وبا کی وجہ سے رواں سال کے روزے رکھنے سے مستثنیٰ ہوں گے۔ علما کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے معاشرتی دوری ضروری ہے۔ وائرس نے اُنہیں گھر پر رہتے ہوئے روزے رکھنے سے نہیں روکا۔
 عالمی ادارۂ صحت نے اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ روزہ رکھنے اور کوویڈ ۱۹؍ انفیکشن کے خطرے سے متعلق ابھی کوئی مطالعہ نہیں کیا گیا ہے تاہم صحت مند افراد کو سابقہ برسوں کی طرح اس رمضان میں بھی روزہ رکھنے سے کوئی نقصان نہیں ہو گا

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا