English   /   Kannada   /   Nawayathi

"ٹرمپ کے خلاف مواخذہ "ڈیموکریٹس نے الزامات ظاہر کر دیئے

share with us

واشنگٹن:12دسمبر2019(فکروخبر/ذرائع)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے سلسلے میں  حزب اختلاف  ڈیموکریٹس نے ایوان نمائندگان میں باقاعدہ طور پر الزامات کا اعلان کردیا۔

خبر  کے مطابق، ٹرمپ پر دو الزامات عائد کیے گئے ہیں جس میں سیاسی مخالفین  کی تفتیش کے لیے یوکرین پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرکے اختیارات کا غلط استعمال کیا جو ملک سے دھوکہ  دہی ہے۔

ڈیموکریٹس نے دوسرا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسکینڈل کے حوالے سے ہونے والی کانگریس کی تفتیش میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔

رپورٹ کا کہنا ہے کہ  ڈیموکریٹس کے اکثریتی ایوان میں ٹرمپ کے مواخذے کے حق میں  رائے دہی  اگلے ہفتے ہوسکتی ہے جس کے بعد سینیٹ میں  سماعت  ممکنہ طور پر جنوری میں ہو گا۔

دوسری جانب ریپبلکن کی جانب سے نہ تو ایوان نمائندگان اور نہ ہی سینیٹ میں ٹرمپ کی برطرفی کے حق میں کوئی حمایت تاحال سامنے نہیں آئی۔

امریکی ایوان نمائندگان کی قانونی کمیٹی کے چیئرمین جیرالڈ نیڈلر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیموکریٹس کارروائی کریں گے کیونکہ ٹرمپ نے امریکہ کے آئین کو خطرے میں ڈال دیا ہے، 2020 کے انتخابات کی شفافیت کو دھندلا کردیا اور قومی سلامتی کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔

 دوسری جانب  ٹرمپ نے ان  الزامات کو مسترد کرتے ہوئے  تفتیش  کو دھوکہ قرار دیا۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان اسٹیفنی گریشام کا کہنا تھا کہ صدر سینیٹ میں جھوٹے دعووں پر خطاب کریں گے اور توقع ہے کہ تمام خدشات ختم ہوں گے کیونکہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے ۔

یاد رہے کہ 25 ستمبر 2019 کو ڈیموکریٹس کی رکن اور ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے اعلان کیا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر عہدے اور اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات کے تحت مواخذے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا