English   /   Kannada   /   Nawayathi

چین میں سمندری طوفان لیکیما سے ہلاکتوں میں اضافہ

share with us

ژیجیانگ:11 اگست 2019 (فکروخبر/ ذرائع )چین کے صوبے ژیجیانگ میں سنیچر کو آنے والے سمندری طوفان لیکیما کی وجہ سے اب تک 28 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 20 افراد لاپتہ ہیں۔حکام کے مطابق صوبے کے تقریباً 50 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 10 لاکھ سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

لیکیما سنیچر کی صبح چین کے معاشی مرکز شنگھائی اور تائیوان کے درمیان وینلنگ کے علاقے سے ٹکرایا جس سے علاقہ فوراً ہی تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارشوں کی لپیٹ میں آگیا۔

چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں وین ژو شہر میں ہوئیں جہاں شدید بارشوں کی وجہ سے مٹی کے تودے گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔یہ لینڈ سلائیڈنگ اس وقت ہوئی جب مٹی سے ایک قدرتی ڈیم سا بن گیا جس نے منہدم ہونے سے قبل اپنے اندر شدید بارشوں کا پانی جمع کر لیا جو بعد میں ایک ساتھ بہہ گیا۔

ریسکیو اہلکار سیلابی صورتحال کی وجہ سے پھنس جانے والے کار و سکوٹر سواروں کو بچاتے اور تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے ممکنہ طور پر دبے ہوئے افراد کی تلاش کرتے نظر آئے۔

ین ژو شہر میں ریسکیو اہلکار ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کر رہے ہیںژیجیانگ صوبے میں لیکیما نے فصلوں کو نقصان پہنچایا جبکہ 34 ہزار گھر تباہ ہوئے ہیں۔ سرکاری میڈیا کے مطابق اس طوفان سے براہِ راست معاشی نقصان 14.57 ارب یوآن (1.7 ارب پاؤنڈ) کے برابر ہے۔

چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کی جانب سے اتوار کو جاری کی گئی فوٹیج میں لنہائی شہر میں جہاں سڑکیں مکمل طور پر زیرِ آب آ چکی ہیں، ریسکیو اہلکاروں کو کشتیوں میں سوار دیکھا جا سکتا ہے۔

لیکیما اب شنگھائی پر سے گزر چکا ہے اور متوقع ہے کہ یہ اتوار کی شپ شینڈونگ صوبے میں تباہی مچائے گا۔شنگھائی نے تقریباً ڈھائی لاکھ شہریوں کا انخلا کروایا ہے۔

اس سمندری طوفان کی وجہ سے 3200 سے زیادہ پروازیں منسوخ ہوئی ہیں جبکہ شنگھائی، بیجنگ اور دوسرے شہروں نے طیارے گراؤنڈ کر دیے ہیں۔چین کے سرکاری خبر رساں ادارے ژنہوا نیوز کے مطابق یہ ویسے تو اس سال کا نوواں سمندری طوفان ہے مگر حالیہ برسوں میں آنے والا شدید ترین طوفان بھی ہے۔

چین میں موسم کی پیش گوئی کرنے والے حکام کا کہنا ہے کہ زمین سے ٹکرانے کے وقت ہواؤں کی 187 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار والا یہ طوفان 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال کی جانب بڑھ رہا ہے۔

اس سے پہلے یہ تائیوان سے گزرا جہاں اس نے اس کے شمالی کنارے کو چھوا جس کی وجہ سے کچھ افراد زخمی ہوئے اور کچھ عمارتوں کو نقصان پہنچا۔لیکیما اس وقت مغربی بحرالکاہل میں موجود دو سمندری طوفانوں میں سے ایک ہے۔

مشرق کی جانب سمندری طوفان کروسا شمالی ماریانا جزائر اور گوام میں شدید بارشوں کا سبب بن رہا ہے۔یہ اس وقت شمال مغرب بڑھ رہا ہے اور موسمیاتی اداروں کا کہنا ہے کہ یہ اگلے ہفتے کسی وقت جاپان سے ٹکرائے گا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا