English   /   Kannada   /   Nawayathi

سمندرکے راستے آنے والے عازمین حج کے لیے سعودی عرب کا جامع آپریشنل پلان

share with us


مقصد اللہ کے مہمانوں کو ہر ممکن سہولت مہیا کرنا اور ان کی تمام ضروریات پوری کرنے میں ان کی مدد کو یقینی بنانا ہے،حکومت


ریاض:16جولائی2019(فکروخبر/ذرائع)سعودی عرب کی حکومت نے فریضہ حج کی ادائی کیلیے آنے والے فرزندان توحید کی ہر ممکن معاونت کی خاطر بری، بحری اور فضائی تمام راستے کھول دئیے،1440ھ کے حج کے لیے بحری راستوں سے آنے والے عازمین حج کے لیے مکمل اور جامع آپریشنل پروگرام وضع کیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق اس آپریشنل پروگرام کا مقصد اللہ کے مہمانوں کو ہر ممکن سہولت مہیا کرنا اور ان کی تمام ضروریات پوری کرنے میں ان کی مدد کو یقینی بنانا ہے تاکہ وہ فریضہ حج کی ادائی کی عظیم عبادت کے دوران یکسوئی کے ساتھ مناسک حج ادا کر سکیں۔ بحری راستوں سے آنے والے عازمین حج کے لیے آپریشنل پروگرام کی نگرانی سعودی بندرگاہ اتھارٹی کو سونپی گئی ہے جب کہ کئی دیگر سرکاری اور نجی ادارے بھی اس میں تعاون کررہے ہیں۔سعودی عرب کی مختلف بندرگاہوں پر عازمین حج کے لیے استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں۔ جدہ بندرگاہ سے 14 ذی القعدہ کو سمندر کے راستے عازمین حج کا پہلا قافلہ سعودی عرب میں داخل ہوگا۔ اس کے بعد روزانہ کی بنیاد پر عازمین حج کی آمد 4 ذی الحج تک جاری رہے گی۔جدہ اسلامی بندرگاہ میں مسافر ٹرمینل میں فی گھنٹہ 800 عازمین حج کی آمدو رفت کی گنجائش ہے۔ ٹرمینل پر 5 پلیٹ فارم بنائے گئے ہیں۔ تین پلیٹ فارم آنے والے عازمین اور 2 جانے والے حجاج کرام کیلیے ہیں۔ ان تمام پلیٹ فارمزپرعازمین حج کی آمد ورفت کے لیے تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔آپریشنل پروگرام کے تحت عازمین حج کے سامان کی چھان بین کے لیے 14 جدید مشینیں لگائی گئی ہیں۔ عازمین حج کے سامان کی متنقلی کے لیے 700 ٹرالیوں، مریضوں اور خصوصی عازمین حج کے لیے 28 بسوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔بندرگاہ پر حجاج کرام کے لیے بنائے گئے ٹرمینل پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔ فائر بریگیڈ کا عملہ اور آگ بجھانے والے آلات اور دیگر ضروری سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔ جدہ بندرگاہ پر عازمین حج کی رہ نمائی کے لیے 266 گائیڈ مقررکیے گئے ہیں جو عازمین کو مختلف امور میں ان کی رہ نمائی فراہم کررہے ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا