English   /   Kannada   /   Nawayathi

یو اے ای کا غیرملکیوں کو کاروبار کے مکمل مالکانہ حقوق دینے کا اعلان

share with us


غیر ملکی افراد کو کاروباری اداروں کا مکمل انتظام اپنے پاس رکھنے کی اجازت حاصل ہوجائے گی،اماراتی وزیراعظم


ابوظہبی:03جولائی2019(فکروخبر/ذرائع)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ملک میں دہائیوں سے عائد پابندی اٹھاتے ہوئے غیر ملکیوں کو تجارتی مراکز پر مکمل مالکانہ حقوق تفویض کرنے کا فیصلہ کرلیا۔اس پابندی کے خاتمے کے بعد غیر ملکی افراد کو کاروباری اداروں کا مکمل انتظام اپنے پاس رکھنے کی اجازت حاصل ہوجائے گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ابوظہبی میں میری صدارت میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں 122 معاشی سرگرمیوں میں 100 فیصد غیر ملکی ملکیت کی منظوری دے دی گئی۔اس اعلان سے دہائیوں قبل نافذ کی گئی پابندی کا خاتمہ ہوگیا جس کے تحت غیر ملکیوں کو صرف 49 فیصد مالکانہ حقوق حاصل ہوتے تھے۔اپنی ٹوئٹ میں شیخ محمد بن راشد المکتوم کا مزید کہنا تھا کہ اس اجازت کا اطلاق زراعت، مینوفیکچرنگ، متبادل توانائی، ای کامرس ٹرانسپورٹ، ایئرپورٹٹس، تعمیرات اور انٹرٹینمنٹ کے شعبوں میں ہوگا۔7 عرب ریاستوں پر مشتمل متحدہ عرب امارات میں اہم کاروباری شعبوں میں غیر ملکی ملکیت کے بارے میں فیصلہ خود یو اے ای حکومت کرے گی۔شیخ محمد المکتوم کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے یو اے ای کی معیشت کے دروازے تمام قومیتوں کے کھلیں گے جس سے یہ عالمی سرمایہ کاری کا بہترین مقام بن جائے گا۔دنیائے عرب کی سب سے متنوع اور دوسری بڑی کابینہ نے ابتدائی طور پر انتہائی اہم 13 معاشی شعبہ جات کی اجازت دی ہے۔یو اے ای کا دارالحکومت ابو ظہبی تیل کے وسیع ترین وسائل سے مالامال ہے جس کی روزانہ کی پیداوار 30 لاکھ بیرل ہے۔اس کے علاوہ عرب دنیا میں متحدہ عرب امارات براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری وصول کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے جس کو گزشتہ برس اس مد میں 11 ارب ڈالر حاصل ہوئے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا