English   /   Kannada   /   Nawayathi

مسجد الحرام میں مطاف کے صحن کی صفائی کا ریکارڈ

share with us

مکہ المکرمہ:02جون2019(فکروخبر/ذرائع)مسجد الحرام میں محکمہ صفائی نے رمضان المبارک کی ستائیسویں شب میں تقریباً بیس لاکھ عبادت گذاروں کی موجودگی میں صرف نو منٹ میں مطاف کا صحن صاف کرکے ایک ریکارڈ بنایا ہے۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے انتظامی امور سے متعلق جنرل پریذیڈنسی کے محکمہ صفائی اور قالین نے اعلیٰ کارکردگی کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

محکمہ صفائی اور قالین کے فیلڈ سیکرٹری فھد شراز المالکی نے پریذیڈنسی کی ویب سائٹ پر جاری رپورٹ میں بتایا ہے کہ 'ان کے زیر کمان شعبہ صفائی کے عملے نے لاکھوں عبادت گذاروں کی موجودگی میں مطاف کے صحن کو صرف اور صرف نو منٹ کی قلیل مدت میں شیشے کی طرح چمکا دیا۔
اس موقع پر صحن میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے عبادت گذاروں کی کافی تعداد حرم کے مطاف اور ملحقہ علاقوں میں موجود رہی۔

پہلے مرحلے میں مطاف کے فرش پر موجود بارش کا پانی خشک کیا گیا تاکہ مغرب کی نماز ادا کی جا سکے، جس کے بعد 200 افراد پر مشتمل صفائی کے عملے نے 22 نگرانوں اور 16 صفائی مشینوں کے ذریعے فرش کی دھلائی کی۔
آخر میں مطاف کو 80 لیٹرعود اور گلاب عرق سے معطر کیا گیا۔

شزار المالکی نے بتایا کہ محکمہ صفائی اور قالین نے رمضان المبارک کے آغاز سے اب تک مسجد حرام کے اندر سے 5000 ٹن کوڑا اٹھایا۔

اس کارروائی کو انجام دینے کے لئے صفائی کے لئے مخصوص 4000 متفرق آلات استعمال کئے گئے اور اتنی ہی بڑی تعداد میں کارکنوں نے حصہ لیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'پوری مسجد حرام کی صفائی کا کام 40 منٹ میں مکمل کر لیا جاتا ہے۔ اس کارروائی میں مسجد کا اندرونی حصہ صاف کرنے کے لئے 5600 لیٹر پانی استعمال ہوتا ہے'۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا