English   /   Kannada   /   Nawayathi

بوتفلیقہ کی صدارتی انتخابات سے دستبرداری کے بعد عوام کا سڑکوں پرجشن

share with us

شہری ایک دوسرے میں خوشی سے مٹھائیاں بانٹتے رہے، قومی پرچم اٹھائے الجزائر زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے


الجائرز:12مارچ2019(فکروخبر/ذرائع)افریقی ملک الجزائر میں صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کی جانب سے عوامی دباؤ کے بعد صدارتی انتخابات میں بہ طورپر امیدوا دست برداری کے بعد عوام جشن مناتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔عرب ٹی وی کے مطابق صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کی جانب سے صدارتی انتخابات میں بہ طور امیدوار دست برداری کے بعد عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر دیکھی جا رہی ہے، شہری ایک دوسرے میں خوشی سے مٹھائیاں بانٹتے رہے ۔ انہیں قومی پرچم اٹھائے الجزائر زندہ باد کے نعرے لگاتے دیکھا گیا۔الجزائر کے دارالحکومت اور ملک کی تمام بڑی ریاستوں اور شہروں میں لوگوں نے جشن منایا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ الجزائر کی سڑکوں پر ایسا جشن اس وقت دیکھا جاتا ہے قومی فٹ بال ٹیم کسی عالمی مقابلے میں فاتح قرار پائی ہو۔الجزائر کی قومی خبررساں ایجنسی اے پی ایس کے مطابق صدر بوتفلیقہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اب صدارتی انتخابات ملک میں آئینی اور سیاسی اصلاحات کے لیے قومی کانفرنس کے انعقاد کے بعد ہوں گے اور یہ کانفرنس 2019 کے آخر میں ہوگی۔صدر بوتفلیقہ نے گزشتہ روز روز الجزائر کے آرمی چیف آف اسٹاف کے ساتھ ملاقات کی ہے اور اس کے بعد انھوں نے صدارتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔دریں اثنا الجزائری وزیراعظم احمد او یحیی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں ۔النہار ٹی وی کے مطابق صدر نے ان کی جگہ نورالدین بدوی کو نیا وزیراعظم نامزد کیا ہے اور انھیں کابینہ کی ازسرنو تشکیل کی دعوت دی ہے۔الجزائری صدر سوئٹزر لینڈ میں کوئی دو ہفتے تک زیر علاج رہنے کے بعد اتوار کو وطن لوٹے تھے۔ وہ گذشتہ ماہ معمول کے طبی معائنے کے لیے سوئٹزر لینڈ گئے تھے اور جنیوا یونیورسٹی اسپتال میں زیرِ علاج رہے تھے ۔ وہ 2013 میں دل کا دورہ پڑنے کے بعد سے جزوی طور پر معذور ہوچکے ہیں اور گذشتہ برسوں کے دوران میں کم کم ہی عوام میں نظر آئے ہیں۔ آخری مرتبہ وہ گذشتہ سال اپریل میں دارالحکومت الجزائر میں پہیا کرسی (وہیل چئیر )پر دیکھے گئے تھے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا