English   /   Kannada   /   Nawayathi

یوکرائن میں روس سے کشیدگی کے مقابلے کے لیے مارشل لاء نافذ

share with us

کیو:27؍نومبر2018(فکروخبر/ذرائع)یوکرائن کی پارلیمنٹ نے روس سے کشیدہ تعلقات کا مقابلہ کرنے کے لیے ملک کے کچھ حصوں میں ایک ماہ کے لیے عارضی مارشل لاء کے نفاذ کی منظوری دے دی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کریمیا کے متنازعہ بحری علاقے میں یوکرائن کے بحری جہازوں پر روس کی فائرنگ سے جزیرہ نما کریمیا میں بحری جنگ چھڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ جس سے نمٹنے کے لیے یوکرائن کے صدر نے پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس طلب کر کے ملک میں 60 روزہ مارشل لاء نافذ کرنے کی تجویز رکھی تھی۔

پانچ گھنٹے کے بحث و مباحثے کے بعد پارلیمنٹ نے صدر پیٹرو پوروشینکو کو ملک کی 27 ریاستوں میں سے 10 میں ایک ماہ کے لیے مارشل لاء کے نفاذ کی اجازت دے دی۔ مارشل لاء کے نفاذ کے لیے اُن ریاستوں کا انتخاب کیا گیا ہے جن کی سرحدیں روس سے ملتی ہیں جب کہ دارالحکومت میں مارشل لاء نافذ نہیں ہوگا۔

 

یوکرائن صدر کا کہنا تھا کہ مارشل لاء کا نفاذ انٹیلی جنس رپورٹوں کے بعد کیا گیا ہے جس میں روس کی جانب سے مختلف علاقوں میں حملے کی تیاریوں کی مصدقہ اطلاعات دی گئی تھیں تاہم اس سے ملک میں جاری جمہوری اور سیاسی عمل پر کوئی فرق نہیں پڑے گا اور ملک میں ہونے والے صدارتی الیکشن بھی اپنے وقت پر ہوں گے۔

واضح رہے کہ روس نے کیراچ پورٹ پر 3 یوکرائنی بحری جہازوں پر فائرنگ کرکے 6 اہلکاروں کو زخمی کردیا تھا اور تاحال یوکرائن کے بحری جہاز اور عملہ روس کے قبضے میں ہے۔ عالمی قوتوں نے فریقین سے معاملے کے پُرامن تصفیے کا مطالبہ کیا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا