English   /   Kannada   /   Nawayathi

سعودی ولی عہد کی بحرینی فرمانروا سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

share with us


ملاقات میں دونوں قوموں کے باہمی تاریخی، ثقافتی اور تزویراتی تعلقات کے قیام اور تعاون جاری رکھنے پر زور دیا گیا


منامہ:26؍نومبر2018(فکروخبر/ذرائع)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے پڑوسی ملک بحرین کے دورے کے دوران بحرینی فرمانروا حمد بن عیسی آل خلیفہ سے ملاقات کی۔عرب خبررساں ادارے کے مطابق سعودی ولی عہد اور بحرینی فرمانروا کے درمیان ملاقات الصخیر ہوائی اڈے پر ہوئی جہاں دونوں رہ نماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر بحرین کے وزیراعظم شہزادہ خلیفہ بن سلمان آل خلیفہ، ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ اور سعودی ولی عہد کے ہمراہ آئے وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔اس موقع پر بحرینی فرمانروا نے سعودی ولی عہد کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ریاست کا سب سے اعلی اعزاز "الشیخ عیسی بن سلمان" تمغہ بھی عطا کیا۔ ملاقات میں دونوں قوموں کے باہمی تاریخی، ثقافتی اور تزویراتی تعلقات کے قیام اور تمام شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔اس موقع پر سعودی ولی عہد نے شاندار استقبال کرنے اور مہمان نوازی پر بحرینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔الصخیر ہوائی اڈے پر آمد کے موقع پر سعودی ولی عہد اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ استقبال کے لیے بحرینی فرمانروا اور مملکت کی اعلی قیادت خود موجود تھی۔ انہوں نے یکے بعد دیگر تمام مہمانوں سے مصافحہ کیا۔خیال رہے کہ سعودی ولی عہد ان دنوں عرب ممالک کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے اس دورے کا آغاز متحدہ عرب امارات سے کیا جہاں انہوں نے تین دن قیام کیا۔ دورے کے دوسرے مرحلے پر وہ گذشتہ روز منامہ پہنچے جہاں ان کا استقبال کیا گیا۔ سعودی ولی عہد خلیجی عرب ممالک اور دوسرے عرب ملکوں کا بھی دورہ کریں گے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا