English   /   Kannada   /   Nawayathi

اہلیہ کا انتقال پرنواز شریف کی پیرول پر رہائی،کلثوم نواز کا جسد خاکی جمعہ کو لایا جائے گا لاہور

share with us

لاہور:12؍ستمبر2018(فکروخبر/ذرائع)نواز شریف، ان کی صاحب زادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو پیرول پر رہا کر دیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کی رپورٹوں کی مطابق ابتدائی طور پر بارہ گھنٹے کی رہائی کے بعد پیرول کی مدت میں تین روزہ توسیع کی گئی ہے۔

پاکستانی صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے مطابق اگر کلثوم نواز کی تدفین میں کسی وجہ سے تاخیر ہوئی تو رہائی میں مزید توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے ایسی رپورٹوں کی بھی تردید کی کہ جاتی عمرہ کو سب جیل قرار دیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کے مطابق تینوں افراد کو پیرول پر رہائی کے قوانین کے مطابق عارضی رہائی دی گئی ہے۔

کلثوم نواز کی تدفین

دوسری جانب شہباز شریف لندن روانہ ہو گئے ہیں۔ پاکستان کی سابق خاتون اول کلثوم نواز کی لندن میں نماز جنازہ جمعرات کے روز ادا کی جائے گی جس کے بعد ان کی میت پاکستان روانہ کر دی جائے گی۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق نواز شریف کی اہلیہ کی میت جمعے کی صبح لاہور پہنچے گی اور اسی روز ان کی نماز جنازہ ادا کیے جانے کے بعد تدفین کر دی جائے گی۔

نواز شریف کی طبیعت ناساز

سابق پاکستانی وزیر اعظم محمد نواز شریف کو ان کی بیٹی اور داماد سمیت منگل کی شب پیرول پر رہائی دی گئی تھی جس کے بعد انہیں خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچا دیا گیا تھا۔

مقامی میڈیا کے مطابق نواز شریف طبیعت خراب ہونے کے باعث جاتی عمرہ میں پاکستان مسلم لیگ کے کارکنوں اور تعزیت کے لیے آنے والے افراد سے ملاقات نہیں کر رہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا