English   /   Kannada   /   Nawayathi

فلپائن کے صدر ہتھیار خریدنے اسرائیل پہنچ گئے ،400افرادپرمشتمل وفد بھی ہمراہ 

share with us

فلپائنی سفارت خانہ بیت المقدس منتقل کرنے پر اسرائیل سے کوئی بات نہیں ہوگی،صدردوتیرکی وضاحت


مقبوضہ بیت المقدس:03؍ستمبر2018(فکرخبر/ذرائع)متنازعہ شخصیت کے مالک فلپائن کے صدر روڈریگو دوتیرتے اسرائیل پہنچ گئے۔عرب ٹی وی کے مطابق روڈریگو کے حالیہ دورہ اسرائیل میں اْن کے ہمراہ 400 افراد پر مشتمل وفد ہے۔ اس وفد کے لیے مقبوضہ بیت المقدس میں واقع ہوٹل رمادا کو مکمل طور پر بْک کر لیا گیا ہے۔ وفد میں روڈریگو کی بیٹی بھی شامل ہے جو فلپائن کے جنوبی شہر داوو کی میئر بھی ہیں۔ روڈریگو کا اسرائیل کا دورہ بدھ تک جاری رہے گا جس کے بعد وہ اْسی روز چار روزہ دورے پر اردن پہنچیں گے۔ اردن میں فلپائن کے صدر شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کریں گے۔فلپائن نے چند ماہ قبل اسرائیل کے ساتھ ہتھیاروں کا پہلا معاہدہ کیا تھا جو کہ امریکا سے باہر اسلحے کا ذریعہ تلاش کرنے کی کوشش ہے۔ فلپائن نے اسرائیل کی تیار کردہ بندوق غلیل پر اعتماد کیا ہے جو وہ اپنے ملک میں 1.2 لاکھ پولیس اور سکیورٹی اہل کاروں کو فراہم کرے گا۔ رواں برس اپریل میں روڈریگو کی ایک تصویر منظر عام پر آئی تھی جس میں وہ یہ ہی بندوق ہاتھ میں تھامے نظر آ رہے ہیں۔اسرائیل پہنچنے سے قبل روڈریگو نے اپنی اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان دفاع، سکیورٹی، قانون کے نفاذ، اقتصادی ترقی، تجارت، سرمایہ کاری اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون چاہتے ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اْن کی بات چیت کے ایجنڈے میں سرفہرست امر اردن اور اسرائیل میں موجود فلپینی شہری ہیں جن کی تعداد 76 ہزار ہے۔ روڈریگو کے مطابق فلپائن کے سفارت خانے کو تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنے کا معاملہ کسی طور زیر بحث نہیں آئے گا، اس لیے کہ خطّے میں ہمارے دیگر شراکت دار بھی ہیں۔ یہ تفصیلات خبر رساں ایجنسیوں نے فلپائن کی وزارت خارجہ کے ایک ذمّے دار کے حوالے سے بتائی ہیں۔ مذکورہ ذمّے دار کے مطابق صدر روڈریگو فلپائن کے دارالحکومت منیلا سے اسرائیل میں لْد کے بن گوریون ایئرپورٹ کے لیے براہ راست فضائی پروازیں شروع کرنے پر بات چیت کریں گے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا