English   /   Kannada   /   Nawayathi

جمعیۃ علماء ہند پورے ملک میں دہشت گردی کے خلاف ۱۸؍ نومبر کو دہشت گردی مخالف دھرنے کا اہتمام کریگی(مزید اہم ترین خبریں)

share with us

یہ دھرنا ۱۸؍نومبر بروز بدھ صبح ۱۰؍بجے جمعیۃ علماء مدھیہ پردیش کے صدر حاجی محمد ہارون ایڈوکیٹ کی قیادت میں اقبال میدان میں شروع ہوگا، اِس میں بھوپال کے امن پسند شہریوں سے شرکت کرکے دہشت گردی کے خلاف اپنے واشگاف ردّعمل کے اظہار کی اپیل کی گئی ہے۔


کانگریس خوف کی سیاست کرنا چاہتی ہے ۔ اقلیتی امور کی مرکزی وزیر نجمہ ہیبت اللہ 

نئی دہلی، 17 نومبر (فکروخبر/ذرائع) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سینئر رہنما اور اقلیتی امور کی مرکزی وزیر نے کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی ہندوستان میں جو حالت ہے اس کے لئے صرف کانگریس ذمہ دار ہے جس کا آئینہ سچر کمیٹی نے اسے دکھا دیا ہے۔یہ بات انہوں نے آج یہاں ایک وفدسے کہی۔
آل انڈیا تنظیم علماء حق کے قومی صدرمولانا محمداعجاز عرفی قاسمی کی قیادت میں گزشتہ کل ایک وفد سے مسلمانوں کے متعلق مسائل پر گفتگو کے دوران محترمہ ہیبت اللہ نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ مسلمانوں کوخوفزدہ کرکے ا ن سے ووٹ حاصل کرتی رہی اور ان پر حکومت کرتی رہی مگر اس کے لئے اس نے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ اگر کانگریس نے کچھ کیا ہوتا تو مسلمانوں کی حالت اس قدر خراب نہیں ہوتی۔مولانا اعجاز عرفی قاسمی کی مسلمانوں کے بارے میں بی جے پی کے نظریہ پر توجہ دلائے جانے پر انہوں نے کہاکہ کانگریس نے ہمیشہ مسلمانوں کو بی جے پی سے ڈرا دھمکا رکھا ہے اور اس طرح مسلمان کانگریس کے ووٹ بینک بنے رہے۔ انہوں نے کہاکہ آج مسلمان تمام شعبہ حیات میں پسماندہ ہیں۔ اس کا ذمہ دار کون ہے۔ آخرملک پر کس نے طویل عرصہ تک حکومت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کانگریسی حکومت کو یہ معلوم ہوتا کہ مسلمانوں کی حالت دلتوں سے بدتر ہے تو وہ کانگریس سچر کمیٹی کی تشکیل ہی نہیں کرتی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ پنڈت جواہر لال نہرو نے ہندوستان کو ایک نئی سمت دینے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور جو کچھ ملک میں ہے ان کی دین ہے لیکن دیگر رہنماؤں کو نظر انداز نہیں کیا جانا ہئے تھاکیوں کہ ملک کی تعمیر نو میں ان کا رول کسی سے کمتر نہیں ہے۔یہ بات انہوں نے آج یہاں ایک وفد سے کہی۔محترمہ ہیبت اللہ نے کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس بات کی تھی ملک کی تعمیر نو میں اہم کردار ادا کرنے والے تمام رہنماؤں اور مجاہدین آزادی کے نام پر ادارے قائم کئے جاتے لیکن صورت حال اس کے برخلاف رہی۔ انہوں نے کہاکہ نہرو خاندان کے نام پر دو سو سے زائد ادارے ہیں۔ دیگر رہنماؤں کے نام پر کچھ ہی ادارے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے دادا جان (مولانا ابوالکلام آزاد) کے نام پر دہلی میں صرف میڈیکل کالج ہے اور بھوپال میں ایک انجنینئرنگ کالج ہے اس کے علاوہ حیدرآبادمیں اردو یونیورسٹی کا نام مولانا آزاد کے نام پر رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پنڈت جواہر لال نہرو تک کانگریس کے حالات ٹھیک تھے اور سب کا خیال رکھا جاتا تھا لیکن اس کے بعد معاملہ بدسے بدتر ہوتا چلا گیا اور کانگریس نہرو، مولانا آزاد ، راجندر پرساد اور سردار بلبھ بھائی پٹیل کی پارٹی نہ ہوکرپرائیویٹ لمیٹیڈ پارٹی بن گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ سب جانتے ہیں کہ مولانا آزادکی کتنی قربانیاں تھیں۔ انہوں نے زندگی کا ایک بڑا حصہ جیل میں گزارا ہے اور ملک کی آزادی کے لئے اپنی ازدواجی زندگی سے بھی سمجھوتہ کیا لیکن انگریزوں کی کوئی رعایت لینے کے لئے تیار نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کے دور حکومت میں مولانا آزاد پر کوئی کام نہیں ہوا ان کو پوری طرح سے نظر انداز کیا گیا۔ 
محترمہ ہیبت اللہ نے کہاکہ اگر مولانا آزاد پاکستان چلے گئے ہوتے تو وہ جناح سے بڑے لیڈر ہوتے اور جناح کی جگہ بابائے قوم مولانا آزاد ہوتے لیکن مولانا آزاد نے نہ صرف خود نہیں گئے بلکہ مسلمانوں کی بڑی آبادی کو پاکستان جانے سے روکا۔جس کی وجہ سے یہاں مساجد اور عبادت گاہیں آباد ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مولاناکی خصوصیت تھی کہ انہوں نے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا مسلمان اور ملک کے لئے لڑتے رہے۔وفد کے اراکین میں صحافی عابد انور، آل انڈیا متحدہ ملی محاذ کے قومی جنرل سکریٹری احسن مہتاب خان اور اسعد مختار شامل تھے۔


انصار رضا صاحب کو قوم کی ترجمانی کرنی چاہئے نہ کہ اپنے مسلک کی:خورشید عالم

نئی دہلی 17نومبر (فکروخبر/ذرائع)مورخہ 14نومبر کو ’زی نیوز‘ چینل پر ہوئے مذاکرے بعنوان ’پیرس حملے‘ میں حصہ لیتے ہوئے خواجہ غریب نواز فاؤنڈیشن کے چیئرمین انصار رضا نے ایک بار پھر ملت کو تقسیم اوراس کی شبیہ مسلک کے نام پر خراب کرنے کی کوشش کی۔ دہشت گردی کے مسئلہ پر صحیح روشنی ڈالنے کے بجائے انھوں نے کہا کہ وہ تین سال سے یہ بات چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں کہ دہشت گرد وہابی، دیوبندی اور اہلحدیث میں ہی ملیں گے۔ انھوں نے اس سلسلے میں کانگریس لیڈر دک وجے سنگھ کا حوالہ دیا کہ یہ بات انھوں نے پارلیمنٹ میں بھی کہی تھی۔ سوال یہ ہے کہ انصار رضا اسلام اور مسلمانوں کی نمائندگی کرنے جاتے ہیں یا اپنے مسلک کی۔ ظاہر سی بات ہے کہ چینل والے انھیں اسلام اور مسلمانوں کی نمائندگی کے لیے بلاتے ہیں نہ کہ اپنے محدود مسلک کی نمائندگی کے لیے۔ میں نے کئی چینلوں پر دیکھاکہ انصار رضا مسلمانوں اور اسلام سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے کے بجائے غلط فہمیوں کو زیادہ بڑھاتے ہیں اور ناظرین جن کی اکثریت غیر مسلموں کی ہوتی ہے انھیں گمراہ کرتے ہیں۔ میں ایک بار پھر یہ کہنا چاہتا ہوں انصار رضاتاریخ، سماجیات اور اسلام کے متعلق معلومات اور مطالعہ میں اضافہ کرنے کی کوشش کریں ان کو یہ سمجھنا ہوگا کہ جو لوگ مذاکرات میں وشو ہندو پریشد، آر ایس ایس اور بی جے پی کی طرف سے نمائندگی کرتے ہیں وہ خاصے تعلیم یافتہ اور مسلمانوں واسلام سے متعلق بہت سی جانکاری لے کر بیٹھتے ہیں۔آخیر میں ان سے درخواست ہے کہ اگرمطالعہ کرنا ان کے بس کی بات نہیں ہے تو پھر انھیں یہ میدان چھوڑ دینا چاہیے۔ بنیادی معلومات کے بغیر صرف کچھ سے کچھ بولنا اور شور مچانے سے بات نہیں بنتی ہے۔ میں اب تک درجنوں پروگرام دیکھ چکا ہوں لیکن آج تک انھوں نے کوئی بات حوالے سے نہیں کہی ہے۔ جب بھی کوئی سوال ہوتا ہے تو وہ ادھر اُدھر کی باتیں کرکے اصل بات کو گول کرجاتے ہیں جس کے نتیجہ میں سنگھ اور بی جے پی والوں میں غلط بیانی کے لیے مزید جرأت پیداہوجاتی ہے اور مسلمانوں میں یہ پیغام جاتا ہے کہ ملت بانجھ ہوگئی ہے جس کی وجہ سے بے پڑھے لکھے لوگ اس کی نمائندگی کررہے ہیں۔ گزشتہ دنوں انھوں نے ’نیوز نیشن‘ کے ایک پروگرام میں یہ کہہ دیا کہ اب میں مسلمانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ مسلمان زیادہ سے زیادہ بچے پیدا کریں۔ یہ واضح طور پر فرقہ پرستوں کے ہاتھوں کھیلنے کا معاملہ ہے اور فرقہ پرستوں پر جو دباؤ بنتا ہے اس کو ختم کرنے کی کوشش ہے۔
6/3،F-785، ذاکر نگر، نئی دہلی۔ 110025
موبائل: 09910610029
ای میل: khursheedalam29@gmail.com


بٹالہ میں دو نوجوانوں کی لاشیں برآمد

بٹالہ۔17نومبر(فکروخبر/ذرائع ) پنجاب میں بٹالہ کے سول لائن پولیس تھانہ کے پنڈر گاؤں میں آج دو نوجوانوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ ایس ایچ او سکھندر سنگھ نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت نرمل (26) اور روی (22) کے طور پر کی گئی ہے ۔ انھوے نے کہا کہ بلووال رہائشی کرتار سنگھ نے اطلاع دی کہ اس کے بیٹے روی اور اس کے دوست نرمل نے بہت زیادہ شراب پی تھی جس سے دونوں کی موت ہو گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش برآمد کر کے پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی ہے ۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔


نتیش کمار کی حلف برداری میں شامل ہوں گی ممتا بنرجی

کولکتہ۔17نومبر(فکروخبر/ذرائع ) مغربی بنگال کی وزیر اعلی محترمہ ممتا بنرجی 20 نومبر کو ہونی والی بہار کے وزیر اعلی نتیش کی حلف برداری کی تقریب میں شامل ہو ں گی۔ ترمل کانگریس کے ترجمان ڈیریک او برائن نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب میں شامل ہونے کے لئے مسٹر کمار نے محترمہ بنرجی کو دعوت نامہ بھیجا ہے ، جسے انہوں نے قبول کر لیا ہے ۔واضح رہے کہ بہار اسمبلی انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کرنے پر محترمہ بنرجی نے مسٹر کمار کو مبارک باد دی تھی۔


ہوٹل کے کمرے میں دہلی کا شہری مرا ہوا ملا

بیکانیر۔17نومبر(فکروخبر/ذرائع ) راجستھان میں بیکانیر کے کوٹ گیٹ تھانہ علاقے میں گزشتہ رات ایک ہوٹل میں دہلی کے ایک شخص کی موت ہوگئی۔ پولیس کے ذرائع نے آج بتایا کہ متوفی اروند سنگھ 15 نومبر کو کے ای ایم روڈ پر واقع سٹی ہوٹل کے ایک کمرے میں رکا تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ اس نے کل صبح ناشتہ کیا جب رات میں اس نے کسی طرح کے کھانے کا آرڈر نہیں دیا اور دروازہ کھٹکھٹانے پر جواب نہیں ملا تو ہوٹل کے ملازموں نے پولیس کو اطلاع دی۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی موجودگی میں رات تقریباً سوا آٹھ بجے دروازہ کھولا گیا تو اروند سنگھ بستر پر بے دم پڑا ملا۔ لاش کے پاس ہی کامپوز کی گولیاں برآمد ہوئیں۔ کمرے کی حالت سے معلوم ہوا کہ اس نے قے بھی کی تھی۔ اس نے ہوٹل کے اینٹری رجسٹر میں اپنے ننیہال نئی دہلی کا پتہ درج کرایا تھا۔ پولیس کے مطابق اروند سنگھ کے والد امریکہ میں رہتے ہیں اور انہیں اطلاع دے دی گئی ہے ۔ وہ وہاں سے روانہ ہوچکے ہیں۔


پٹرو ل کی قیمتوں میں اضافہ جلے پر نمک چھڑکنے کے مترادف

لکھنؤ۔17نومبر(فکروخبر/ذرائع ) مرکز کی مودی حکومت کے ذریعہ ڈیزل و پٹرول کی قیمت میں مسلسل اضافہ اور سروس ٹیکس لگائے جانے کی اترپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ڈاکٹر نرمل کھتری نے سخت مذمت کی ہے، ڈاکٹر کھتری نے کہا کہ اس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔پردیش کانگریس صدر ڈاکٹر نرمل کھتری نے کہا کہ مودی حکومت مہنگائی کو روکنے کے نام پراقتدارمیں آئی،اور جب سے حکومت کی باگ ڈور سنبھالی ہے اسی وقت سے ڈیزل اور اورپٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیاجارہا ہے، اور غیر ضروری طریقہ سے سروس ٹیکس پر ۵؍ فیصد اضافہ اور’’ سوچھ بھارت اپ کر کے‘‘ نام سے اقتصادی بوجھ عوام پر ڈالا جارہا ہے،بین الاقوامی بازارمیں کچے تیل کے داموں میں بھاری گراوٹ آنے کے باوجود تما م پٹرولیم اشیاء کے داموں میں اضافہ کیاگیا ہے، مرکزی حکومت پٹرولیم کمپنیوں کو فائدہ پہونچانے کی نیت سے ملک اور صوبہ کی عوام پر اقتصادی بوجھ ڈالنے کا کام کررہی ہے۔ڈاکٹر کھتری نے کہا کہ جس طرح گذشتہ ڈیڑھ سالوں میں چاہے ڈیزل ہو یاپٹرول دالیں ہوں یاکھانے پینے کی اشیاء، تمام لازمی اشیاء میں بے تحاشہ اضافہ ہوا،ایک طرف عوام جہاں بے تحاشہ مہنگائی سے پریشان تھی،وہیں پٹرول اورڈیزل کی قیمت میں اضافہ کے ساتھ ہی ۵؍ فیصدسروس ٹیکس لگاکر مہنگائی سے متاثر عواکے جلے پر نمک چھڑکنے کا کام کیا ہے، اس ٹیکس لگنے سے ریل سفر کے ساتھ ہی کھانے پینے کی اشیاء بھی مہنگی ہوجائیں گی،جس کااثر عوام پرپڑے گا،مرکزی حکومت جمع خوروں اور کالابازاری کرنے والوں پر پابندی لگانے میں پوری طرح ناکام ثابت ہوچکی ہے، اور غیر ضروی طریقے سے عوام پراقتصادی بوجھ ڈالنے پر کمر بستہ ہے۔


نوجوان نے گھر میں پھانسی لگا کردے دی جان

کنبہ والوں نے معشوقہ کے گھر والوں پر لگایا پریشان کرنے کا الزام 

لکھنؤ۔17نومبر(فکروخبر/ذرائع )مڑیاؤں علاقے میں رہنے والے ایک سلائی کاریگر نے اپنے گھر میں پھانسی لگا کر جان دے دی ۔ نوجوان کے کنبہ نے اس کی معشوقہ کے کنبہ والوں پر پریشان کرنے کا الزام لگایا ہے ۔ فی الحال ابھی تک اس معاملے میں پولیس سے کوئی شکایت نہیں کی گئی ہے۔ مڑیاؤں کے پریتی نگر باشندہ رام جیون کنوجیا کا بیٹا ۲۲ سالہ مونونے گھر کے کمرے میں پنکھے میں رسی کے سہارے لٹک کر اپنی جان دے دی ۔ اس کی بھابھی انو جب کمرے میں پہنچی تو نظر لاش پرپڑی ۔ انو نے شور مچایا تو لوگ مدد کے لئے جمع ہوگئے ۔ اطلاع پر پہنچی پولیس نے تفتیش کے بعد لاش پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی ۔ والد رام سجیون نے بتایاکہ مونو کا محلہ میں رہنے والی ایک لڑکی سے معاشقہ چل رہاتھا ۔ کچھ عرصہ پہلے مونو اور لڑکی کہیں چلے گئے تھے لیکن کنبہ والے کسی طرح تلاش کرکے واپس لے آیا ۔ اس کے ساتھ ہی طے ہوا تھا کہ دونوں کی شادی لڑکی کے بالغ ہونے پر کرادی جائے گی ۔ اس کے بعد لڑکی کے کنبہ والے اس بات سے مکر گئے ۔مونو نے لڑکی کے کنبہ والوں کے سامنے شادی کی تجویز رکھی تو انہوں نے تجویز ٹھکرادی ۔ بتایاجاتاہے کہ دوشنبہ کو مونو اور اس کی بھابھی گھر پر تنہا تھے ۔ تبھی لڑکی کے والد اور چچا بانکا اور ہسیا لیکر ان کے گھر پہنچ گئے ۔ وہ لوگ ہنگامہ کرنے لگے ۔وہیں خود کوتنہا پاکر مونوبھاگ کر گھر کے اندر بنے کمرے میں چھپ گیا اور پھانسی لگالی ۔ فی الحال اس سلسلے میں مونو کے کنبہ والوں نے کسی طرح کی کوئی رپورٹ درج نہیں کرائی ہے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا