English   /   Kannada   /   Nawayathi

اسرائیلی جارحیت کے خلاف وادی بھر میں مکمل ہڑتال:ریلیوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری (مزید خبریں )

share with us

اطلاعات کے مطابق بارہ مولہ کے مین چوک میں اسرائیل امریکہ کے خلاف نوجوانوں کی کثیر تعداد نے احتجاجی مظاہرئے کئے اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں کو ظلم و تشدد سے بچانے کیلئے آگے آئیں اس دوران مشتعل نوجوانوں نے پولیس وفورسز پر سنگباری شروع کی جس کے نتیجے میں علاقے میں فوری طو رپر خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔ فریقین کے درمیان کافی دیر تک تصادم آرائیوں کا سلسلہ جاری رہا سنگباری اور جوابی پتھراو کی وجہ سے نصف درجن افرا دکو چوٹیں آئیں جن میں کئی ایک کو اسپتال منتقل کیا گیا ۔ ہر ی سنگھ ہائی اسٹریٹ میں اس وقت افرا تفری اور خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا جب بٹہ مالو سے سونہ وار تک چل رہی کئی ٹاٹا 407گاڑیوں پر مشتعل نوجوانوں نے سنگباری کرکے ان کے شیشے چکنا چور کئے اس دوران ٹاٹا 407میں سوار مسافروں میں خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا اور چیخ و پکار کے عالم میں وہ ان گاڑیوں سے نیچے اترے۔ بارہ مولہ قصبے میں اس وقت پولیس نے نوجوانوں کا تعاقب کیا جب اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کرنے والے نوجوانوں نے پولیس وفور سزپر سنگباری شروع کردی جسے قصبے میں افرا تفری اور خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا پولیس نے سنگباری کرنے والے نوجوانوں کا مختلف گلی کوچوں میں گھس کر تعاقب کیا تاہم وقفے وقفے سے دن بھر بانڈی پورہ مین چوک اور اس کے ملحقہ علاقوں میں پولیس وفورسز او رنوجوانوں کے درمیان تصادم آرائیوں کا سلسلہ جاری رہا ۔ نمائندے کے مطابق اننت ناگ میں اس وقت تشدد بھڑک اٹھا جب میرواعظ قاضی یاسر کی سربراہی میں نماز ظہر کے بعد ایک بڑی عوامی ریلی کا انعقاد کیا گیا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اسرائیلی جارحیت کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ اگر چہ دنیا میں اپنے آپ کو انسانی حقوق کا علمبردار کہلاتا ہے تاہم فلسطینیوں کو صفہ ہستی سے مٹانے کیلئے امریکہ نے ہمیشہ درپردہ سازشیں رچائیں ۔ مقررین نے کہاکہ امریکہ اپنی طاقت کو برقرار رکھنے کیلئے مسلمان ملکوں کو آپس میں لڑاتا ہے تاکہ وہ متحد اور منظم ہو کر اسرائیل کے خلاف اپنی طاقت کا استعمال نہ کر سکیں۔ مقررین نے کہاکہ اقوام متحدہ کے ادارے کو چاہئے کہ وہ مظلوم قوموں کو انصاف دلانے کیلئے اپنی خدمات انجام دیں اور اس ادارے کو بڑی طاقتوں کی لونڈی بننے کے بجائے غیر جانبدار طور پر اپنی خدمات انجام دینی چاہئے۔ نمائندے کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کرنے والے نوجوانوں کو پولیس نے جب اننت ناگ لالچوک سے آگے جانے کی اجازت نہیں دیدی تو وہ مشتعل ہوئے اور انہوں نے سنگباری شرو ع کی پولیس نے تشدد پر اتر آئی بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا اور ان نوجوانوں کا تعاقب کیا جو گلی کوچوں سے نکل کر پتھر برسا رہے تھے ۔ ادھر وادی کے دوسرے علاقوں میں بھی نماز ظہر کے بعد اسرائیلی جارحیت کے خلاف ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جن میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کرنے والوں نے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف نفرت کا اظہارکیا گیا ۔ ادھر سوپور قصبے میں فوجی گاڑی کے ذریعے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور تعزیت پرسی کیلئے دن بھر لوگوں کا تانتا بندھا رہا وادی کے اطراف و اکناف سے لوگوں کی کثیر تعداد نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کی ۔ 


چینی لبریشن آرمی نے لداخ سیکٹر میں دراندازی کی ہے 

معاملہ چینی حکومت کے ساتھ اٹھایا گیا ہے۔۔وزیر داخلہ 

سرینگر۔17جولائی (فکروخبر/ذرائع )چینی لبریشن آرمی کی جانب سے ہفتے میں دو بار لداخ سیکٹر میں دراندازی کا اعتراف کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے پارلیمنٹ میں کہاکہ سرحدوں کا تعین نہ ہونے کے باعث اس طرح کے واقعات پیش آتے ہیں تاہم بھارت پر امن طریقے سے چین کے ساتھ سرحدوں کا معاملہ حل کرنے میں یقین رکھتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پارلیمنٹ میں سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ دو دنوں میں چینی لبریشن آرمی کی جانب سے دراندازی کی گئی اور بھارتی حدود میں داخل ہوئے ۔ وزیر داخلہ کے مطابق چمار اور ڈمچو سیکٹر میں چینی لبریشن آرمی نے گاڑی اور گھوڑوں پر سوار ہو کر بھارتی حدود میں گھس آئے ہیں اور دونوں فوجیوں کے درمیان آنکھیں ٹکرائیں بھارتی فوج نے چینی لبریشن آرمی کو واپس جانے پر مجبور کیا تاہم وزیر داخلہ کے مطابق چینی لبریشن آرمی نے دھمکی دی ہے کہ یہ ان کا علاقہ ہے جس پر زبردستی قبضہ جمایا گیا ہے اور اگر بھارت نے قبضے میں لی گئی اراضی کو چھڑانے کے ضمن میں کارگر اقدامات نہیں اٹھائے تو سختی کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ بھارت چین کے ساتھ سرحدوں کا تعین کے مسئلے کو حل کرنے کا خواہشمند ہیں اور اس ضمن میں بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ انہیں امید ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات متاثر ہوئے بغیر سرحدوں کا تعین کرنے میں مشکلات کا سامنا نہیں کرناپڑے گا۔ 


پی ڈی پی کرپٹ اور مفاد پرستوں کا ٹولہ لوگوں کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ۔۔عمر عبداللہ

سرینگر۔17جولائی (فکروخبر/ذرائع )نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر اور وزیرا علیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ حکومت انتظامیہ کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے اپنے وعدے پر کاربند ہے اور اس سلسلے میں تمام ممکنہ اقدامات کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پنچایت راج سے لیکر نئی انتظامی اکائیوں تک کئے گئے تمام تاریخی اور انقلابی اقدامات کا مقصد حکومت کو عوام کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستی کابینہ نے نئے انتظامی یونٹوں کو فوری اور عملی طور پر قابل کار بنانے کیلئے 63.22کروڑ روپے واگذار کئے ہیں۔کارگذار صدر نے کہاکہ ان انتظامی اکائیوں سے نہ صرف لوگوں کی دیرینہ مانگوں کو پورا کیا گیا بلکہ ان کے ذریعے بے روزگار نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کئے گئے۔ نئی اکائیوں کے قیام سے 5860اسامیاں وجود میں لائیں گئیں جن میں 181گزیٹیڈ اسامیاں بھی شامل ہیں۔ یو این این کے مطابق عمر عبداللہ نے کہا کہ عوام کو غذائی اجناس کی فراہمی میں معقولیت لانے کیلئے کابینہ نے 7697راشن سیل ڈپو قائم کرنے کو منظوری دی ہے۔ ان ڈیپوں کے قیام سے 15000سے زائد نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ ان باتوں کا اظہار عمر عبداللہ نے چرار شریف میں پارٹی ورکروں اور عہدیداروں کے ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُن کے ہمراہ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صدرِ صوبہ کشمیر ناصر اسلم وانی اور سینئر لیڈر و کابینہ وزیر عبدالرحیم راتھر بھی تھے۔ کارگذار صدر نے پارٹی ورکروں سے کہا کہ وہ کمر بستہ ہوکر گھر گھر مہم چلا کر پی ڈی پی کی طرف سے حکومت اور نیشنل کانفرنس کیخلاف پھیلائے جارہے بے بنیاد اور جھوٹے پروپیگنڈا کا توڑ کریں۔ انہوں نے پارٹی ورکروں سے کہا کہ عوام کو پی ڈی پی کی اصلیت اور اُن کے حربوں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ عام لوگوں اُن کے جھانسے میں نہ آسکے۔ انہوں نے کہاکہ جذباتی اور فریبی نعرے لگانا اور عوام کے جذبات کا استحصال کرنا پی ڈی پی کا شیوا رہا ہے۔ پی ڈی پی والے اپنے مفادِ خصوصی کیلئے انہی حربوں کے ذریعے عوام کو گمراہ کرکے اقتدار پر قابض ہونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مفتی سعید کی جماعت اسمبلی انتخابات میں بھی پارلیمانی انتخابات کی طرح دھوکہ دہی اور فریب کاری کے ذریعے زرکثیر خرچ کرکے ووٹ خریدنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ یہ وہی رقوم ہے جو پی ڈی پی کے بیرونِ ریاست آقا انہیں کشمیریوں کے مفادات کے منافی کام کرنے عوض فراہم کرتے رہتے ہیں۔ عمر عبداللہ نے پارٹی ورکروں سے کہا کہ وہ عوام کو موجودہ حکومت کی 5سالہ کارکردگی کے بارے میں آگہی دلائیں ۔ ’’آپ لوگوں کو بتائیں کہ موجودہ مخلوط حکومت 1947سے اب تک کی پہلی حکومت ہے جس نے 5سال میں 1750میگاواٹ بجلی کی پیدا کیلئے 
پروجیکٹوں کی تعمیر شروع کی جبکہ 1947سے 2008تک ریاست میں محض750میگاواٹ بجلی کی پیداوار ہی عمل میں لائی جاسکی ہے ، جس میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا تعمیر کردہ 450میگاواٹ بغلیہار فسٹ بھی شامل ہے۔ انہوں نے ورکروں سے کہا کہ آپ عوام کو بتائیں کہ نیشنل کانفرنس مخلوط حکومت نے گذشتہ5سال میں دو درجن سے زیادہ ڈگری کالج، کئی پالی ٹینک، آئی ٹی آئی، نصف درجن یونیورسٹی کیمپس اور 2سنٹرل یونیورسٹیوں کے قیام کے علاوہ ہر ایک شعبے میں لاتعداد تاریخی اور انقلابی کام انجام دیئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مخلوط حکومت نے ریاست کے ہر ایک سیکٹر میں ہمہ جہت تعمیر و ترقی کے کام کئے اور ریاست کو ہر حال میں خودکفیل بنانے کیلئے بنیاد ڈالی۔ 



مدینہ میں عازمین حج کے کھانے کا بندوبست 

لکھنؤ۔17جولائی(فکروخبر/ذرائع)اس سال عازمین حج کیلئے مدینہ منورہ کی بلڈنگوں میں کھانا پکانے کی سہولت مہیا نہیں ہوگی بلکہ عازمین حج کو انکی بلڈنگ میں ہی ناشتہ اور کھانا مہیا کرانے کی ذمہ داری بلڈنگ مالک کی ہوگی۔یہ جانکاری سکریٹری ریاستی حج کمیٹی ڈاکٹر سلطان احمد نے دی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ آٹھ روز کے کھانے کا کُل خرچ سعودی ریال ۱۲۰؍آئیگا۔ کھانے میں چاول ۱۵۰گرام، دو روٹی؍چپاتی ۱۰۰گرام، دال؍سانبھر ۱۵۰گرام، ملی۔جلی سبزی؍چکن؍میٹ(باری۔باری)۱۵۰گرام، اچار، دہی شامل ہوگا۔ کھانے کی رقم حج کیلئے جمع کرائے جا رہے کُل خرچ میں شامل ہے۔ عازمین حج کو الگ سے کوئی رقم نہیں دینی ہوگی۔


این ڈی اے حکومت کا عام بجٹ عوام کے لیے مایوس کن

ایم پی مولانا اسرارالحق قاسمی کااظہار خیال

نئی دہلی۔17جولائی (فکروخبر/ذرائع )این ڈی اے حکومت کے پہلے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کشن گنج سے کانگریس کے ایم پی مولانا اسرارالحق قاسمی نے کہا کہ الیکشن کے دوران بی جے پی نے عوام کو جس طرح کے سبز باغ دکھائے تھے اور ملک کو ترقی و خوش حالی کی پٹری پر لانے کا وعدہ کیاتھا،اس کااین ڈی اے حکومت کے پہلے بجٹ میں کہیں کوئی وجود نہیں ہے اورصحیح بات یہ ہے کہ عوام اس بجٹ کے سامنے آنے کے بعداپنے آپ کو ٹھگا ہوا محسوس کررہے ہیں۔مولانا نے کہا کہ وزیرخزانہ ارون جیٹلی کے ذریعہ پیش کردہ یہ عام بجٹ صرف اور صرف خوش حال طبقوں،امیروں اور صنعت کاروں کو فائدہ پہنچانے والا ہے۔مولانا نے اس بجٹ میں مسلمانوں کو نظرانداز کیے جانے معاملے کو بھی زور و شور سے اٹھاتے ہوئے کہا کہ جس طرح حکومت نے ایس سی،ایس ٹی کی فلاح و بہبود کے لیے ایک خطیر رقم مختص کی ہے،ضرورت تھی کہ مسلمانوں کی معاشی ترقی کے لیے بھی کسی خاص پیکج کا اعلان کیا جاتا،کیوں کہ متعددسرکاری رپورٹوں سے یہ حقیقت واضح ہوچکی ہے کہ ہندوستان میں مسلمانوں کی حالت ایس سی،ایس ٹی سے بھی بدتر ہے،مگرحکومت نے اس تعلق سے انتہائی سبک سری کا مظاہرہ کیا ہے۔کانگریسی ایم پی نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی اقلیت کے لیے اس بجٹ میں جو رقم مختص کی گئی ہے ،وہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے اور اس سے مسلمانوں کے معاشی و اقتصادی مسائل کا ازالہ قطعی ناممکن ہے،مولانانے مودی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلمانوں کی پس ماندگی اور معاشی زبوں حالی کو دور کرنے اور انھیں مین اسٹریم سے جوڑنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے،ایسا کیے بغیران کا ’’سب کا ساتھ،سب کا وکاس‘‘کا نعرہ محض نعرہ رہے گا، مولانانے مودی حکومت کے مدرسہ جدیدکاری منصوبے پربھی تنقید کی اور کہا کہ اس سے مسلمانوں کے اصل تعلیمی نظام پرضرب لگنے کا خدشہ ہے،مولاناقاسمی نے بحث کے دوران اپنے حلقۂ انتخاب کشن گنج کی مختلف ضروریات و مسائل سے بھی مودی حکومت کو واقف کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ علاقے میں وبائی امراض کے بے تحاشا پھیلنے اور غربت و افلاس کی کثرت کی وجہ سے ایک میڈیکل کالج اور ایمس کے طرز پر ایک بڑا اسپتال بنایاجائے،اسی طرح سیمانچل ایریا میں سال بہ سال سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کی طرف بھی مولانانے حکومت کی توجہ مبذول کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس بحران پر قابو پانے کے لیے یوپی اے حکومت میں منظور شدہ’’مہاننداسب بیسن اسکیم‘‘کوجلد ازجلد شروع کیاجائے تاکہ خطے کو معاشی تباہی و بربادی سے محفوظ کیا جاسکے،مولانا نے مودی حکومت سے سیمانچل میں روزگار کے مواقع فراہم کرانے کابھی مطالبہ کیا۔انھوں نے کہا کہ علاقے کے لاکھوں نوجوان روزی روٹی کی تلاش میں دوردراز کے شہروں کا رخ کرتے ہیں،اگر حکومت اس علاقے میں اسمال اور ہیوی انڈسٹریزشروع کرتی ہے،تولاکھوں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے اورخطے کی معاشی پس ماندگی بھی دور ہوگی۔


کوٹے دار کے خلاف گاؤں کے لوگوں نے کیا مظاہرہ

سدھارتھ نگر۔17جولائی(فکروخبر/ذرائع) برڈپور نمبر۱۱ کے دیہی عوام نے منگل کو یوم تحصیل کے موقع پر کوٹے دار پر غلہ تقسیم نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے شکایتی درخواست یوم تحصیل کے انچارج افسر نوگڑھ کو دے کر کوٹیدار کے خلاف کاروائی کامطالبہ کیاہے۔ موضع برڈپور نمبر ۱۱ کے ۱۹؍ٹولوں کے دیہی عوام کے ذریعہ ۲؍مقامی کوٹیداروں پر بی پی ایل اور اے پی ایل کے غلہ کی تقسیم نہ کرنے کا الزام لگایاگیا ہے۔ یوم تحصیل میں سمگر گرام برڈپور نمبر۱۱ کے ٹولہ مہاپالی کے شمال و جنوب کریم پور، دولت پور، دیانگر، حسناپور، گلاب گڑھ، دیوی نگر، رسولپور، محمد نگر سمیت کل ۱۹؍ٹولوں کے دیہی عوام کے ذریعہ کوٹیدار جھکری اور سومناتھ پر اے پی ایل اور بی پی ایل کا غلہ تقسیم نہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ شکایتی درخواست میں دیہی عوام نے دونوں کوٹیداروں پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ مناسب شرح دوکاندار کے ذریعہ غلہ، مٹی کا تیل، شکر وغیرہ زیادہ قیمتوں پر دیا جاتا ہے اس کے علاوہ بی پی ایل کارڈ ہولڈروں کو آج تک راشن نہ دینے کی بات بھی کہی گئی ہے جس کے بعد دیہی عوام کے ذریعہ احتجاج کرنے پر کوٹیداروں کے ذریعہ بی پی ایل کارڈ پر غلہ نہ ملنے کی بات کہی جاتی ہے۔ اے پی ایل کارڈ ہولڈروں کو حکومت کے ذریعہ جو غلہ کوٹیدار کے ذریعہ ملنا چاہئے اسے اے پی ایل غلہ کوٹیداروں نے آج تک کسی بھی کارڈ حاملین میں تقسیم نہیں کیا اور نہ ہی اے پی ایل کارڈ حاملین کو اس بارے میں اطلاع دی کوٹیداروں کو لائسنس ملنے سے لیکر آج تک اے پی ایل کارڈ حاملین کے خلاف جانچ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ شکایت کرنے والوں میں سشیل کمار مشرا، کسم، موہن گری، شیو شنکر، منی رام، پرمیلا، ہری رام، نورجہاں، سنتوش موریہ، پنّواسی موریہ، رادھیکا، خوشبو، گجراتی دیوی، زیب النساء وغیرہ شامل تھے۔


میرٹھ میں کی چارنوجوانوں نے لڑکی کی اجتماعی آبروریزی

میرٹھ ۔17جولائی(فکروخبر/ذرائع)ضلع میں الگ الگ وارداتوں میں دولڑکیوں کے ساتھ اجتماعی آبروریزی کے واقعات پیش آئے ہیں پولیس نے ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد ان کی سرگرمی سے تلاش شروع کردی ہے۔پہلی واردات تھانہ سرورکپور علاقہ میں پیش آئی جہاں چارنوجوانوں نے لڑکی کو اغواکر کے اس کی اجتماعی آبروریزی کی پولیس نے متاثرہ لڑکی کے گھر والوں کی تحریر پرملزمین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ان کی گرفتاری کی کوشش شروع کردی ہے پولیس کے ایک ترجمان نے متاثرہ لڑکی کی تحریر کی بنیاد پر بتایا کہ دوشنبہ کی شب ۱۴؍سالہ لڑکی گھر سے کچھ فاصلے پر واقع ہینڈ پمپ سے پانی لینے کیلئے جارہی تھی اسی دوران چارنوجوانو ں نے اسلحہ دکھا کر لڑکی کو اغواکرلیا اور قریب کے جنگل میں لے جاکر چاروں نوجوانو ں نے لڑکی کی آبروریزی کی ۔ترجمان نے بتایا کہ ملزمین لڑکی کو بیہوشی کی حالت میں چھوڑ کر چلا گیا ہوش میں آنے کے بعدلڑکی نے گھروالوں کو پوراواقعہ بتایا کہ گھر والوں نے منگل کو تھانہ میں تحریر دے کر مقدمہ درج کرالیا۔


چلتی ٹرین سے اتر نے کی کوشش میں وکرم ڈرائیور کی موت 

لکھنؤ۔17جولائی(فکروخبر/ذرائع) چلتی ٹرین سے اترنے کی کوشش کر رہے وکرم ڈرائیور کا پیر پھسل گیااور وہ ٹرین کی زدمیں آگیا جس سے کٹ کر اس کی دردناک موت ہو گئی۔ مسافروں نے لائن پر لاش پڑی دیکھ کر اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچی اٹونجہ پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ اٹونجہ کے نگر چوگواں کاباشندہ وکرم ڈرائیور (۲۵) شوبھت شکلا منگل کو اپنی رشتہ داری میں گیا تھا۔ بدھ کی صبح وہ لکھنؤ لوٹ رہا تھا۔ جب ٹرین اٹونجہ اسٹیشن پر رکنے کیلئے دھیمی ہوئی تو چلتی گاڑی سے شوبھت نے اترنے کی کوشش کی۔ ٹرین سے اترتے وقت اچانک اس کا پیر پھسل گیا اور شوبھت ٹرین کی زد میں آگیا جس سے کٹ کر اس کی موت ہو گئی۔ ریلوے لائن پر لاش پڑی دیکھ کر مسافروں نے اس حادثہ کی اطلاع پولیس کودی۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر پولیس نے لاش کوقبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ اس حادثہ کی اطلاع شوبھت کے بھائی انکت نے دی ہے۔ 


پی جی آئی احاطہ میں ڈاکٹر کی نوکرانی کی آبروریزی

لکھنؤ۔17جولائی(فکروخبر/ذرائع)پی جی آئی احاطہ میں رہنے والے ایک ڈاکٹر جوڑے کی نوکرانی کی منگل کو ان کے ڈرائیور نے آبروریزی کی۔ مخالفت کرنے پر ملزم نے اس کے ساتھ مار پیٹ کر کے جان سے مارنے کی دھمکی دیتا ہوا فرار ہو گیا۔ متاثرہ نے واردات کی اطلاع ڈاکٹر جوڑے کو دی۔ گھر پہنچے ڈاکٹر جوڑے نے پہلے تو زخمی لڑکی کو علاج کیلئے اسپتال میں داخل کرایا اور اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ آبروریزی کی اطلاع پر حرکت میں آئی پولیس نے فوراً ملزم ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔ فی الحال متاثرہ لڑکی کی حالت اب بہتر بتائی جارہی ہے۔ سی او کینٹ ببیتا سنگھ نے بتایا کہ پی جی آئی میں تعینات ڈاکٹر روپالی اپنے شوہر ڈاکٹر ہمانشو کے ساتھ پی جی آئی احاطہ میں رہتی ہیں۔ ڈاکٹر ہمانشو کے جی ایم یو میں بطور ڈاکٹر ملازمت کررہے ہیں۔ ان کے گھر اناؤ کا رہنے والا ڈرائیور رامو (۲۶) کام کرتا ہے۔ رامو پی جی آئی کلی مغرب علاقہ میں رہتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ منگل کی صبح ڈرائیور رامو ڈاکٹر جوڑے کو اسپتال چھوڑ کر گھر پہنچا۔ ڈاکٹر کے گھر پر ان کی نوکرانی ۲۱ سالہ (تبدیل شدہ نام) نوکرانی کو گھر میں تنہا دیکھ کر ملزم نے اس کے ساتھ آبروریزی کی۔ مخالفت کرنے پر ڈرائیور نے نوکرانی کو بری طرح سے پیٹا اور پھر منھ کھولنے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ اس حادثہ کے بعد متاثرہ لڑکی نے فون کر کے حادثہ کی اطلاع ڈاکٹر جوڑے کو دی۔ نوکرانی کے ساتھ گھر میں آبروریزی کی بات سن کر دونوں ڈاکٹر میاں بیوی گھر پہنچے ۔ اس وقت لڑکی کی حالت کافی نازک تھی۔ دونوں نے فوری اس کو علاج کیلئے اسپتال میں داخل کرایا۔ دیر رات ڈاکٹر جوڑے نے آبروریزی کی اطلاع پی جی آئی پولیس کو دی۔ پی جی آئی احاطہ میں لڑکی سے آبروریزی کی اطلاع پاکر پولیس حرکت میں آگئی۔ پولیس نے متاثرہ لڑکی کی جھلکاری بائی اسپتال میں طبی جانچ کرائی اور ملزم رامو کے خلاف آبروریزی کی رپورٹ درج کی۔ پولیس نے اس معاملہ میں ڈرائیور رامو کو گرفتارکر لیا ہے۔ میڈیکل رپورٹ میں آبروریزی کی تصدیق ہو گئی ہے۔


ایس پی نے شروع کی ضمنی انتخابات کی تیاری

لکھنؤ۔17جولائی(فکروخبر/ذرائع) ریاست میں بی جے پی ممبران اسمبلی کے رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے سے خالی ہوئی سیٹوں پر ممکنہ ضمنی انتخاب کو دیکھتے ہوئے سماج وادی پارٹی نے اپنی تیاری تیز کر دی ہے۔ پارٹی کے لیڈران اور وزراء کی الگ الگ علاقوں کیلئے ٹیم بنا دی ہے۔ ٹیم نے اسمبلی حلقوں میں ابھی سے اپنی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔ واضح ہو کہ ریاست میں جن بارہ اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہونا ہے ان میں روہنیا کو چھوڑ کر باقی نشستوں پر بی جے پی کا قبضہ تھا۔ لوک سبھا انتخابات میں مودی لہر پر سوال بی جے پی نے ریاست کی ۸۰ لو ک سبھا سیٹوں میں سے ۷۱ سیٹوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ دو سیٹوں پر اس کی معاون اپنا دل نے انتخاب میں کامیابی حاصل کی۔ ریاست کی اہم اپوزیشن پارٹی بی ایس پی نے ضمنی انتخاب نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسے میں اسمبلی ضمنی انتخاب بی جے پی اور سماج وادی پارٹی کی کیلئے وقارکا سوال بن چکاہے حالانکہ ضمنی انتخابات کو لیکر ابھی کوئی ہلچل بھی نہیں ہے لیکن سماج وادی اور بی جے پی دونوں پارٹیاں ممکنہ مقابلہ کو لیکر کافی بیدار ہیں اور کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتی ہیں۔ سماج وادی پارٹی نے ان سیٹوں پر اسمبلی وار کمیٹیاں بناکر جلسے شروع کر کے پارٹی لیڈران اور کارکنان سے ان کا من ٹٹولنا شروع کردیاہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اسمبلی وار جلسہ کر کے پارٹی جلد ہی امیدوار طے کردے گی۔ویسے بھی سماج وادی پارٹی کے رہنما ملائم سنگھ یادو نے ممبران اور لیڈران کو ضمنی انتخابات کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا