English   /   Kannada   /   Nawayathi

علی پبلک پری یونیورسٹی بھٹکل کا قاضی جماعت المسلمین بھٹکل کی دعاء کے ساتھ عمل میں آیا افتتاح

share with us

بھٹکل08؍جون2024(فکروخبرنیوز) علی پبلک پری یونیرسٹی بھٹکل کا آج قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب خطیبی ندوی کے دعائیہ کلمات کے ساتھ افتتاح عمل میں آیا۔

اس موقع پر منعقدہ افتتاحی نشست میں علی پبلک کے روحِ رواں مولانا محمد الیاس ندوی نے اللہ تعالیٰ کا بے حد شکریہ ادا کیا اور اسے اللہ کا فضل اور اس کا احسان قرار دیا۔ مولانا نے علی پبلک اسکول کے شروعاتی دور کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے صرف اللہ کے بھروسے اسے شروع کیا اور آج اس کو قائم کیے تقریباً تیرہ سال گذرچکے ہیں اورالحمدللہ قدم بہ قدم ترقی کرتے ہوئے آج اس کی پری یونیورسٹی کا افتتاح عمل میں آرہا ہے۔ مولانا نے ادارہ کے محسنین میں مولانا عبدالباری ندوی رحمۃ اللہ علیہ ، جناب سعید دامودی صاحب ، جناب محتشم عبدالغنی صاحب ، جناب معلم ظفر صاحب اور دیگر کئی محسنین کا تذکرہ کیا ہے۔

کالج کے پرنسپال جناب سہیل صاحب نے کہا کہ الحمدللہ اس کے آغاز سے بے حد خوشی ہورہی ہے۔ ہم کوشش اس بات کی کریں گے کہ یہاں اعلیٰ معیار پر تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر میدانوں میں طلبہ کی بھرپور رہمائی کی جائے اور انہیں معیاری تعلیم دلانے کی کوشش کی جائے گی۔

جنرل سکریٹری انجمن حامی مسلمین بھٹکل جناب اسحاق شاہ بندری نے کہا مولانا محمد الیاس صاحب ندوی اور دیگر ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعہ طلبہ کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کا حوصلہ ملے گا  اور یہ بڑی خوشی کا موقع ہے کہ اتنی کم مدت میں انہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا۔

ان کے علاوہ صدر جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عبدالعلیم قاسمی ، ادارہ تربیتِ اخوان کے ذمہ داران جناب اسماعیل محتشم صاحب ، مجلس اصلاح وتنظیم کے صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر علی پبلک کے ٹرسٹی جناب عبدالحمید صاحب دامودی ، انجمن کے نائب صدر جناب صادق پلور صاحب ، قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی اور دیگراداروں کے ذمہ داران وغیرہ موجود تھے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا