English   /   Kannada   /   Nawayathi

لڑائی کے دوران اسرائیلی فوجیوں کو قید کرنے کا حماس نے کیا دعویٰ، اسرائیل کا ماننے سے انکار،پھر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔!

share with us

26/مئی/2024ء(فکروخبر/ذرائع)حماس کے عسکری ونگ کے ترجمان نے اتوار کو کہا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے سنیچر کو شمالی غزہ کے جبالیہ میں لڑائی کے دوران اسرائیلی فوجیوں کو پکڑا ہے جبکہ اسرائیلی فوج نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔

حماس کے مسلح ونگ کے ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ کتنے فوجیوں کو پکڑا گیا اور نہ ہی اپنے اس دعوے کا کوئی ثبوت دکھایا۔

اتوار کو علی الصبح الجزیرہ ٹی پر نشر کیے گئے پیغام میں القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہمارے جنگجوؤں نے صہیونی فوج کو ایک سرنگ کے اندر پھنسایا جہاں پہلے سے گھات لگائے جنگجوؤں نے فورسز کے تمام ارکان کو ہلاک، زخمی اور گرفتار کرنے کیا اور پیچھے ہٹ گئے۔‘

اسرائیلی فوج نے اتوار کو حماس کے عسکری ونگ کے اس دعوے کی تردید کی ہے۔

فوج نے ایک بیان میں کہا کہ ’آئی ڈی ایف (اسرائیلی دفاعی افواج) واضح کرتی ہے کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا جس میں کسی اہلکار کو اغوا کیا گیا ہو۔‘

حماس نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایک خون میں لت پت ایک شخص کو سرنگ میں زمین پر گھسیٹتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس کے جسم پر فوجی لباس اور رائفل نمایاں ہیں۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز آزادانہ طور پر ویڈیو میں دکھائے گئے شخص کی شناخت اور نہ ہی اس کی حالت کی تصدیق کر سکی ہے۔

القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ کا یہ بیان اتوار کو غزہ میں جنگ بندی کے مذاکرات کی بحالی کے امکانات بڑھنے کے چند گھنٹے بعد سامنے آئے ہیں۔

اس معاملے سے باخبر ایک اہلکار نے بتایا کہ اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ کی سی آئی اے کے سربراہ اور قطر کے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد اگلے ہفتے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نام اور قومیت کی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک ذریعے نے بتایا کہ ’فیصلہ کیا گیا ہے کہ اگلے ہفتے میں مصر اور قطر کی قیادت کی ثالثی اور امریکہ کی فعال شمولیت کے ساتھ نئی تجاویز کی بنیاد پر مذاکرات شروع ہوں گے۔‘

حماس کے ایک اہلکار نے بعد ازاں اسرائیلی میڈیا کی ان خبروں کی تردید کی کہ منگل کو قاہرہ میں مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے۔

انہوں نے روئٹرز کو بتایا کہ اس حوالے سے ’کوئی تاریخ طے نہیں ہے۔‘

غزہ میں سات ماہ سے زیادہ کی جنگ کے بعد ثالثوں نے ایک پیش رفت کی کوشش کی ہے جس میں اسرائیل اور حماس دونوں کو جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی ایک ساتھ کرنے پر راضی کیا جائے۔

غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جارحیت میں تقریباً 36,000 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسرائیل نے 7 اکتوبر کو جنوبی اسرائیلی کمیونٹیز پر حماس کے زیرقیادت عسکریت پسندوں کے حملے کے جواب میں یہ کارروائی شروع کی تھی۔

حماس کے حملے میں ایک ہزار 200 کے لگ بھگ اسرائیلی ہلاک اور 250 سے زائد کو یرغمال بنا کر غزہ لے جایا گیا تھا۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا