English   /   Kannada   /   Nawayathi

افغان جنگ کی خفیہ دستاویزات لیک کرنے پر آسٹریلوی فوج کے وکیل کو سنائی گئی سزا

share with us

14/مئی/2024ء(فکروخبر/ذرائع)آسٹریلیا کی عدالت نے فوج کے ایک سابق وکیل ڈیوڈ میک برائیڈ کو افغانستان جنگ سے متعلق خفیہ دفاعی دستاویزات چُرانے اور میڈیا کو لیک کرنے کے جرم میں پانچ سال سے زیادہ قید کی سزا سنائی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈیوڈ میک برائیڈ جنہوں نے نومبر میں فوجی معلومات چوری کرنے اور شیئر کرنے کے تین الزامات کو قبول کیا تھا، پانچ سال اور آٹھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔

کینبرا میں آسٹریلیا کی کیپیٹل ٹیریٹری کی سپریم کورٹ میں جسٹس ڈیوڈ موسوپ کے فیصلے کے بعد میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ میک برائیڈ کو رہائی سے قبل کم از کم دو سال اور تین ماہ کی قید کاٹنی ہو گی۔

آسٹریلوی نشریاتی ادارے اے بی سی نے کہا ہے کہ اس نے 2017 کی سیریز ’افغان فائلز‘ کے لیے لیک شدہ مواد استعمال کیا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ آسٹریلوی فوجی افغانستان میں غیر مسلح مردوں اور بچوں کے قتل میں ملوث تھے۔

عدالت کے باہر میک برائیڈ کے وکیل مارک ڈیوس نے کہا کہ وہ فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپیل اس سوال کی بنیاد پر دائر ہو گی کہ ’ڈیوٹی‘ کا مطلب کیا ہے۔

گذشتہ برس نومبر میں 60 سالہ وکیل ڈیوڈ میک برائیڈ نے تسلیم کیا تھا کہ انہوں نے خفیہ دستاویزات آسٹریلوی نشریاتی ادارے اے بی سی کے صحافیوں کو دی تھیں۔

’افغان فائلز‘

11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کے بعد 26 ہزار سے زیادہ آسٹریلوی فوجیوں کو طالبان، القاعدہ اور دیگر مسلح تنظیموں کے خلاف امریکی اور اتحادی افواج کے ساتھ لڑنے کے لیے افغانستان بھیجا گیا تھا۔

2013 میں آسٹریلوی فوجیوں کا افغانستان سے انخلا عمل میں آیا تھا تاہم اس کے بعد آسٹریلیا کی ایلیٹ سپیشل فورسز کے یونٹنس سے متعلق خوفناک قسم کے واقعات سامنے آتے رہے۔

ان میں فوجیوں کی جانب سے گھر پر چھاپے میں ایک چھ سالہ بچے کو ہلاک کرنے، ایک مُردہ دشمن کے ہاتھ کاٹنے، ہیلی کاپٹر میں جگہ بنانے کے لیے ایک قیدی کو گولی مار کر ہلاک کرنے جیسے واقعات شامل تھے۔

اے بی سی کے ’افغان فائلز‘ کے انکشافات کی وجہ سے پولیس نے اس کے رپورٹر ڈینیئل اوکس اور اس کے پروڈیوسر سیم کلارک سے خفیہ معلومات حاصل کرنے کے لیے تفتیش کی۔ پولیس نے کیس ختم کرنے سے قبل نشریاتی ادارے کے سڈنی ہیڈ کوارٹر پر چھاپہ بھی مارا تھا۔

نومبر 2020 میں ایک برس سے جاری انکوائری میں بتایا گیا کہ آسٹریلیا کی ایلیٹ سپیشل فورسز نے افغانستان میں 39 شہریوں اور قیدیوں کو ’غیر قانونی طور پر ہلاک‘ کیا۔

انکوائری میں سفارش کی گئی کہ 19 افراد کو آسٹریلوی وفاقی پولیس کے حوالے کیا جائے، متاثرین کے خاندانوں کو معاوضہ ادا کیا جائے، اور فوج میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی جائیں۔

 

ذرائع:اردو نیوز

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا