English   /   Kannada   /   Nawayathi

امریکا: یونیورسٹیوں میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہروں میں گرفتار طلبہ کی تعداد 2200 تک پہنچ گئی

share with us

نیویارک: 04/مئی/2024ء(فکروخبر/ذرائع)امریکی یونیورسٹیوں میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہروں میں گرفتار طلبہ کی تعداد 2200 تک پہنچ گئی ہے۔

امریکی جوان نہتے مظلوم فلسطینیوں کے شانہ بشانہ آواز بلند کر رہے ہیں، امریکا بھر میں فلسطینیوں کے حامی مظاہروں کی لہر کے دوران 18 اپریل سے اب تک کالج اور یونیورسٹی کیمپسز میں دو ہزار دو سو افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

تاہم اس کے برعکس کئی امریکی یونیورسٹیوں کے طلبہ نے موسمِ گرما کی چھٹیوں کے دوران بھی اسرائیل مخالف احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے، اور کہا ہے کہ چھٹیوں میں کیمپ خالی نہیں کیے جائیں گے، دوسری جانب شکاگو یونیورسٹی کے صدر نے سختی سے کہا ہے کہ اسرائیل مخالف احتجاج کیمپ کسی صورت برداشت نہیں۔

احتجاج کرنے والے مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ یونیورسٹیاں اسرائیل اور غزہ میں جنگ کی حمایت کرنے والی کمپنیوں سے علیحدگی اختیار کریں۔ مظاہروں کا مرکز نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی کے صدر نے جمعہ کے روز گزشتہ دو ہفتوں کو ’’کولمبیا کی تاریخ میں سب سے مشکل‘‘ قرار دیا۔

طلبہ کی جانب سے شدید احتجاج اور دعوت نامہ واپس لیے جانے کے مطالبے کے بعد اقوام متحدہ میں امریکی سفیر اب ورمونٹ یونیورسٹی میں گریجویشن کی تقریب سے خطاب نہیں کریں گے، ان کا دعوت نامہ واپس لے لیا گیا ہے۔

ادھر نیو جرسی کی پرنسٹن یونیورسٹی کے طلبہ نے بھوک ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے، فرانس کی مختلف یونیورسٹیز میں بھی اسرائیل مخالف احتجاج میں شدت آ گئی ہے، لیون یونیورسٹی کے طلبہ فلسطینی بچوں کے حق میں نعرے لگاتے رہے، پیرس میں بھی فلسطین اور اسرائیلی حامی طلبہ آمنے سامنے آ گئے، تاہم پولیس نے بیچ بچاؤ کرایا۔

جرمنی میں بھی طلبہ نے فلسطینیوں کے حق میں احتجاج کیا، مظاہرے کے دوران طلبہ اور برلن پولیس آمنے سامنے آئے، جس میں پولیس نے کئی کو گرفتار کر لیا۔ اس وقت امریکا سے یورپ تک احتجاجی طلبہ فلسطینی روایتی کفایہ گلے میں ڈالے سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔

غزہ میں صہیونی افواج کے حملے جاری

فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں قابض صہیونی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں 211 ویں دن بھی جاری رہیں، رفح، نصیرات، دیر البلح اور خان یونس کے اطراف اسرائیلی افواج کے حملوں میں 4 بچوں سمیت 26 فلسطینی شہید اور 51 زخمی ہوئے، شہدا کی مجموعی تعداد 34 ہزار 596 ہو گئی ہے، جب کہ 77 ہزار 816 زخمی ہیں۔

امریکی خفیہ ایجنسی کے سربراہ ولیم برنز مذاکرات کے لیے مصر پہنچ گئے ہیں، غزہ جنگ بندی پر مذاکرات کے لیے حماس کا وفد آج قاہرہ روانہ ہوگا، بات چیت میں مصری اور قطری حکام بھی شریک ہوں گے، حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کا غزہ سے انخلا اور قیدیوں کا تبادلہ ان کے اہم مطالبات ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا