English   /   Kannada   /   Nawayathi

منور رانا نے ان چھوئے مسائل کو اپنی شاعری کا موضوع بنایا : یوتھ مریم علی کی جانب سے‘‘ رانا نہیں رہے’’ کے عنوان پر ادبی نشست ، شرکائے بزم کی منور رانا کو خراجِ تحسین

share with us

بھٹکل 14؍ فروری 2024(فکروخبرنیوز) خماربارہ بنکوی، بشیر بدر، احمد فراز، احمد ندیم قاسمی، معراج فیض آبادی ، راحت اندوری کے بعد جو مقبولیت ہمارے عہد کے شعرا میں منور رانا کے حصے میں آئی وہ بہت کم لوگوں کو نصیب ہوئی۔ منور رانا نے زندگی کے ان مسائل کو بھی اپنی شاعری کا موضوع بنایا جہاں تک عموماً ہمارے شعراء نے پہنچ حاصل نہیں کی تھی۔ یوتھ مریم علی کی جانب سے محلہ مریم علی میں منور رانا کی یاد میں ‘‘ رانا نہیں رہے’’ منور رانا فکروفن کے آئینہ میں کے عنوان سے منعقد ایک ادبی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا سید سالک ندوی نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ منور رانا نے اپنی شاعری کے لیے سماج کے ایسے مسائل پر طبع آزمائی کی جس کی طرف ہمارے اردو شعری ذخیرہ میں بہت ہی کم مواد پڑھنے کو ملا ہے۔ مولوی سالک ندوی نے منور رانا کی شاعری کے مختلف موضوعات کا احاطہ کرتے ہوئے ان کی شاعری کے مختلف مضامین سے متعلق اشعار کو پیش کرکے سامعین کو محظوظ کیا۔ انہوں نے ان کی شاعری میں پائے جانے والے غربت کے مسائل ، منور رانا کا دوٹوک لہجہ ، ماں کو معشوقہ بناکر کی گئی شاعری اور سیاست پر کی گئی چوٹ ، انوکھے خیالات جیسے مختلف موضوعات پر ان کی شاعری کے نمونے پیش کیے۔ اس ادبی نشست سے استاد جامعہ مولوی جعفر صوان ندوی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے منور رانا کی شاعری میں پائی جانے والی خوبیوں کا تذکرہ کیا۔ پروگرام میں مولوی بشار رکن الدین ندوی ، مولوی رائف کولا ندوی ، شعور عسکری اور ہود سدی باپا نے منور رانا کا کلام ترنم سے پیش کیا۔

اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا ، مکتب جامعہ نوائط کالونی کے طالبِ علم سید حمدان برماور نے ماہرالقادری کے ظہورِ قدسی میں سے سلام کے اشعار پیش کرکے سامعین کو محظوظ کیا۔ مولوی عبداللہ برماورندوی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ مولوی ثمامہ دامداابوندوی ، مولوی صواف قاضیا ندوی اور دیگر نوجوان علماء نے اس نشست کو کامیاب بنانے میں نہایت اہم کردار انجام دیا۔

پروگرام میں محلہ کے کافی طلبہ ونوجوانوں نے شرکت کی ، رات قریب ساڑھے گیارہ بجے پرتکلف عشائیہ کے ساتھ یہ نشست اختتام کو پہنچی۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا