English   /   Kannada   /   Nawayathi

بھٹکل رابطہ سوسائٹی کے زیرِاہتمام سیول سرویس کے موضوع پر دورزہ ورکشاپ کا آغاز ، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری سمیت کئی معزز شخصیات کی شرکت ، جانیے تفصیلات!

share with us

بھٹکل11؍ فروری 2024(فکروخبرنیوز) رابطہ سوسائٹی بھٹکل کا آج ایک دیرینہ خواب شرمندۂ تعبیر ہورہا ہے۔ ہرسال تعلیمی ایوارڈ پروگرام کے خاطر خواہ نتائج دیکھنے کے بعد ذمہ داران اور اراکین سیول سرویس کے تعلق سے پروگرام منعقد کرنے اور اس کے سلسلہ میں ایک ٹھوس لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے غوروغوض کررہے تھے اور آج اس کی تعبیر مل گئی ہے۔

رابطہ کے زیر اہتمام کریسنٹ اکیڈمی دہلی کے تعاون سے آج دوروز ورکشاپ کا آغاز بعد عصر رابطہ ہال میں ہوا جس کی صدارت آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری اور کرسینٹ اکیڈمی کے روحِ رواں حضرت مولانا فضل الرحیم صاحب مجددی ندوی نے کی۔ ساتھ ہی ساتھ اس دوروزہ ورکشاپ کی افتتاحی نشست میں سیول سرویس کوچنگ کے سلسلہ میں مہارت رکھنے والوں میں جناب اقبال خان صاحب ، جناب لیاقت علی انصاری صاحب ، جناب ڈاکٹر بی آر عبدالواجد صاحب اور شہر کے ذمہ داران وعلماء موجود تھے۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر بی آر عبدالواجد صاحب نے کہا کہ کرسینٹ اکیڈمی کا آغاز سن 2004 میں ہوا تھا اور سن 2019 تک 167 افراد سیول سرویس کے امتحانات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے مختلف شہروں اور علاقوں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے دیگر مراحل میں کامیابی حاصل کرنا آسان ہے لیکن یو پی ایس سی امتحانات میں بڑی محنت کرنی پڑتی ہے لیکن اس اکیڈمی کے تحت الحمدللہ چالیس میں سے دس طلبہ امتحان میں کامیابی حاصل کرتے ہیں۔

علماءِ کرام میں قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی ، بانی وجنرل سکریٹری مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل مولانا محمد الیاس ندوی ، مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد ندوی ، امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے اس میدان میں آگے بڑھنے کو موجودہ دور کی شدید ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عبادت صرف چند مخصوص اعمال کا نام نہیں ہے بلکہ عبادت میں وہ تمام چیزیں داخل ہیں جس سے قوم وملت کو فائدہ پہنچے۔ اس موقع پر اس بات کا بھی اظہارِ خیال کیا گیا ہے کہ یوپی ایس امتحانات میں اب تک کامیاب ہونے والے اور ابھی امتحان کی تیاری کرنے والوں کا دعوتی ذہن بنانے پر زور دینا چاہیے جس سے قوم  و وملت کو فائدہ ہو۔

سکریٹری جنرل رابطہ سوسائٹی بھٹکل جناب عتیق الرحمن منیری نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا۔

جلسہ کا آغاز مولوی زفیف ندوی کی تلاوت سے ہوا اور نعت نوفل دامودی نے پیش کی۔

حضرت مولانا فضل الرحیم مجددی صاحب کی دعا پر مغرب سے قبل اس دوروزہ ورکشاپ کی پہلی نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا