English   /   Kannada   /   Nawayathi

آسٹریلیا میں طوفان: 2 خواتین سمیت 9 افراد ہلاک

share with us

 

27/دسمبر/2023(فکروخبر/ذرائع)آسٹریلوی ریاستوں وکٹوریہ اور کوئنز لینڈ میں طوفان اور تباہ کن ہواؤں نے حالیہ دنوں میں تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق طوفان کے باعث کشتیاں الٹ گئی اور کنکریٹ کی پاور لائنز کو شدید نقصان پہنچا، حکومتی موسمیاتی بیورو نے خبردار کیا ہے کہ کوئنز لینڈ کے ساحلی علاقوں کو اب بھی ’خطرناک‘ طوفانوں، ’جان لیوا‘ سیلابوں اور ’نقصان دہ‘ ہواؤں کا خطرہ ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ 3 خواتین کوئینز لینڈ کے دیہی قصبے جمپی میں طوفانی پانی کے ایک بڑے نالے کا جائزہ لیتے ہوئے منگل کی سہ پہر سیلابی پانی میں بہہ گئیں، بدھ کو پولیس کے غوطہ خوروں نے بہہ جانے والی 2 خواتین کی لاشیں نکال لی جبکہ تیسری خاتون کو قریبی ندی کے کنارے پر زندہ بچا لیا گیا۔

اے پی پی کے مطابق برسبین کے قریب سالانہ ماہی گیری سفر کے دوران سمندر میں 39 فٹ لمبی کشتی الٹنے سے 11 افراد سمندر میں بہہ گئے، پولیس کا کہنا تھا کہ 3 افراد ڈوب گئے جبکہ زندہ بچ جانے والے 8 افراد کو پانی سے نکال کر ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

پولیس کمشنر کٹارینا کیرول نےصحافیوں کو بتایا کہ موسم کی وجہ سے یہ 24 گھنٹے انتہائی المناک رہے، پولیس نے کہا کہ برسبین کے مضافات میں سیلابی پانی میں لاپتہ ہونے والی ایک نو سالہ لڑکی کی لاش مل گئی ہے جبکہ کوئنز لینڈ کے گولڈ کوسٹ پر 59 سالہ خاتون درخت گرنے کی وجہ سے دم توڑ گئی۔

یوٹیلیٹی کمپنی انرجیکس نے کہا کہ وہ ریاست کے 80 ہزار سے زائد گھروں میں بجلی بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا