English   /   Kannada   /   Nawayathi

راجیہ سبھا چیئرمین جگدیپ دھنکڑ کے خط کا ملکارجن کھرگے نے دیا سخت جواب

share with us

راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے سرمائی اجلاس میں اراکین  پارلیمان کی ریکارڈ معطلی  کے معاملے میں راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکر کے خط کا سخت جواب دیتے ہوئے  پیر کو ان سے یہ کہہ کر ملاقات کرنے سے انکار کردیا کہ وہ شہر (دہلی) میں نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکر نے۲۳؍دسمبر کو ملکارجن کھرگے کوخط لکھا تھا جس میں پارلیمنٹ میں رخنہ اندازی اور اپوزیشن اراکین کی معطلی کے معاملے پر بات چیت کیلئے پیر (۲۵؍دسمبر) کو اپنی رہائش پر گفتگو کیلئے  انہیں مدعو کیا تھا۔
کھرگے نے میٹنگ کیلئے کوئی نئی تاریخ  طے کرنے کی اپیل کرتے ہوئے نائب صدر کو راجیہ سبھا سے اراکین کی اندھادھند معطلی کے معاملے میں آئینہ دکھایا اور کہا کہ معطلی کو اپوزیشن کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کیاگیا۔ انہوں نے راجیہ سبھا کے چیئرمین پر بغیر سوچے سمجھے اراکین کو معطل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ ضابطہ شکنی کا الزام عائد کرکے اُس رکن کو بھی معطل کردیاگیاتھا جو اُس دن ایوان میں آیا نہیں تھا۔  یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ   اراکین  پارلیمان  ’’پہلے سے طے شدہ اور منصوبہ بند‘‘ تھی۔   سرمائی  اجلاس  کے  دوران ہونے والی معطلی کے معاملے کو بھول کر بڑھنے کے دھنکر کے مشورے سے اتفاق کرتے ہوئے کھرگے نے راجیہ سبھا کے چیئر مین کو یہ کہہ کر آئینہ دکھایا  کہ وہ ایوان  کے محافظ ہیں اس لئے انہیں ایوان کے وقار کا تحفظ کرنا چاہئے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ’’آپ  ایوان کے محافظ ہیں ،ایوان کے وقار کو  قائم رکھنے، پارلیمانی حقوق کی حفاظت  اور پارلیمنٹ میں بحث  و مباحثہ کے ذریعہ سے حکومت کو جوابدہ بنانے  کے لوگوں کے حق کے تحفظ میں آپ کو سب سے آگے رہنا چاہئے۔‘‘ کھرگے نے بہت ہی مہذب انداز میں دھنکر کو اس بات کیلئے بھی آڑے ہاتھوں لیا کہ پارلیمنٹ کی سیکوریٹی میں کوتاہی کے معاملے میں ایوان میں وزیر داخلہ کے بیان نہ دینے کو بھی انہوں نے نظر انداز کر دیا۔ کھرگے نے لکھا ہے کہ ’’اوربھی زیادہ افسوسناک یہ ہے کہ وزیر داخلہ نے(پارلیمنٹ کی سیکوریٹی کے معاملے میں )اپنا پہلا بیان ایک ٹی وی چینل کو دیا حالانکہ پارلیمنٹ کا اجلاس جاری تھامگر چیئر مین کو نہیں  لگا کہ یہ جمہوریت کے مندر کی توہین ہے۔‘‘
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اراکین کی معطلی پہلے سے طے شدہ تھی، کھرگے نے ٹی ایم سی کے راجیہ سبھا کے رکن ساکیت گوکھلے  کے پوسٹ کا حوالہ دیا اور کہا کہ چیئرمین کو معلوم ہوگا کہ ’’ایک مرکزی وزیر‘‘ نے ’’اپوزیشن کے ایم پی‘‘ کو مبینہ طور پر پہلے  ہی بتادیاتھا کہ راجیہ سبھا میں وزیر داخلہ کے پیش ہونے سے پہلے اپوزیشن کے زیادہ تر اراکین معطل کردیئے جائیں  گے۔ ‘‘ کانگریس صدر  نے دوٹوک انداز میں راجیہ سبھا کے چیئرمین کو آگاہ کیا کہ ’’یہ حکمراں محاذ کی خود  پارلیمنٹ کو غیر اہم کرنے جانی بوجھی حکمت عملی ہے۔ اراکین کو معطل کرکے حکومت ۱۴۶؍ اراکین پارلیمان کے ووٹروں کے آواز کو دبا رہی ہے۔‘‘

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا