English   /   Kannada   /   Nawayathi

امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم کو کیا خبردار! نتن یاہو سننے کے لیے نہیں ہے تیار!

share with us

 واشنگٹن:14/دسمبر/2023(فکروخبر/ذرائع) امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم کو خبردار کیا ہے کہ غزہ کے شہریوں پر بلا امتیاز بمباری سے اسرائیل اپنی عالمی حمایت کھو رہا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اسرائیل کو امریکا اور یورپی یونین کی حمایت حاصل ہے لیکن غزہ میں بچوں، خواتین اور نہتے شہریوں پر مسلسل بمباری سے وہ اپنی بین الااقوامی حمایت کھو رہا ہے۔

انتخابی مہم کے لیے فنڈز جمع کرنے کی ایک تقریب سے خطاب میں جو بائیڈن نے اسرائیل کے اس مؤقف کی تائید کی کہ جنگ بندی سے حماس مضبوط ہوگی تاہم امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم کو صرف جنگجوؤں کو نشانہ بنانے کی تاکید کی۔

امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو اپنی کابینہ کے سخت گیر ارکان کو تبدیل کرنے کا مشورہ بھی دیدیا جو بلاامتیاز بمباری جیسے انتہائی قدم اُٹھانے پر زور دیتے ہیں۔

دوسری جانب آسٹریلیا، کینیڈا اور نیوزی لینڈ نے بھی غزہ میں اسرائیلی بمباری میں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار جنگ بندی کی مطالبہ کیا۔

تینوں ممالک کے رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حماس کو شکست دینے کا مطلب فلسطینی معصوم شہریوں کو مسلسل تکلیف میں رکھنا نہیں ہونا چاہیے۔ فلسطینی عوام کے لیے کوئی محفوظ جگہ نہیں۔

_________________________________________

اسرائیل نے اپنے اہم حمایتی امریکہ کی طرف سے بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر کہا ہے کہ وہ غزہ جنگ کو ’بین الاقوامی حمایت کے ساتھ یا اس کے بغیر‘ بھی جاری رکھے گا۔ 

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے جنگ بندی کے لیے ایک قرارداد کی بھاری اکثریت سے حمایت کے اگلے ہی دن غزہ پر مزید حملے ہوئے اور غزہ شہر، خان یونس اور رفح میں جھڑپیں شروع ہوگئیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منظور کی گئی قرارداد میں 193 میں سے 153 ممالک نے جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

اسرائیل نے اپنے اہم اتحادی کی طرف سے تنقید کے باوجود جنگ جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ ’دنیا کی اکثریت اس (جنگ بندی) کی حمایت کر رہی ہے، لیکن وہ اندھا دھند بمباری سے اس حمایت کو کھو رہے ہیں۔‘

اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے کہا کہ اسرائیل حماس کے خلاف بین الاقوامی حمایت کے ساتھ یا اس کے بغیر جنگ جاری رکھے گا۔

بدھ کو اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’موجودہ مرحلے پر جنگ بندی دہشت گرد تنظیم حماس کے لیے ایک تحفہ ہے، جو اسے دوبارہ ابھرنے اور اسرائیل کے باشندوں کو دھمکیاں دینے کی اجازت دے گی۔‘

بعد ازاں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل ثابت قدم رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم (جنگ) آخر تک جاری رکھے ہوئے ہیں، ہمیں کوئی بھی چیز نہیں روکے گی، ہم فتح حاصل کرنے تک اسے جاری رکھیں گے۔‘

بائیڈن کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کے لیے جمعرات کو اسرائیل جائیں گے۔

حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے بدھ کے روز کہا کہ جنگ کے بعد غزہ کے لیے کوئی بھی منصوبہ جس میں فلسطینی عسکریت پسند گروپ یا مزاحمتی دھڑے شامل نہ ہوں ایک ’فریب‘ ہے۔

غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملے میں 18 ہزار 600 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ غزہ شہر اور آس پاس کے قصبے کھنڈرات کا ڈھیر بن چکے ہیں اور تقریباً 19 لاکھ  لوگوں کو بے گھر کر دیا گیا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا