English   /   Kannada   /   Nawayathi

61 برس پرانی فیراری کار پانچ کروڑ 17 لاکھ ڈالر میں فروخت

share with us

14/نومبر/2023(فکروخبر/ذرائع)نیویارک کے ایک نیلام گھر میں 61 برس پرانی فیراری کار پانچ کروڑ 17 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم کے عوض فروخت ہوئی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے نیلام گھر کے لگژری کاروں سے متعلق ذیلی ادارے آر ایم سوتھبے کے حوالے سے بتایا کہ یہ نیلامی میں فروخت ہونے والی دنیا کی دوسری مہنگی ترین کار ہے۔

نیلام گھر نے بتایا کہ پیر کو فروخت ہونے والی یہ کار پچھلے 38 برس سے ایک امریکی کولیکٹر کی ملکیت تھی اور اس کی نیلامی کی قیمت مرسیڈیز 300 ایس ایل آر اوہلن ہاٹ کوپ سے زیادہ تھی جو 2022 میں 135 ملین یورو میں تھی۔ آج کی شرح مبادلہ کے مطابق اس کی قیمت 14 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے برابر ہے ۔

یہ فیراری 250 GTO پیر کی شام چند منٹ کی بولی کے بعد فروخت ہو گئی۔ تاہم آر ایم سودتھبے کو توقع تھی کہ یہ 6 کروڑ ڈالر میں فروخت ہو جائے گی۔

کمپنی نے اس گاڑی کی بولی جیتنے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

سنہ 1962 میں لانچ کی گئی اس تاریخی سکوڈیریا سپورٹس کار کا چیسس نمبر 3765 اور اس کا انجن 390 ہارس پاور ہے- جرمن نوربرگنگ سرکٹ پر ایک ہزار کلومیٹر کی ریس کے ساتھ ساتھ لی مینز کی 24 گھنٹے والی ریس میں بھی یہ دوسرے نمبر پر آئی تھی۔

اٹلی اور سسلی میں کئی برس تک ریسوں میں شامل ہونے کے بعد یہ کار 1960 کی دہائی کے آخر میں امریکہ برآمد کی گئی۔

بعدازاں مرمت اور کچھ تبدیلیوں کے ساتھ یہ گاڑی یکے بعد دیگرے کئی افراد کی ملکیت رہی اور بالآخر 1985 میں اوہائیو کے ایک ’شوق رکھنے والے کولیکٹر‘ کے ہاتھوں میں پہنچی۔ اور اب یہ پیر کو نئے مالک کے پاس جا چکی ہے۔

سوتھبیز نے کہا ہے ’یہ شاندار فیراریGTO اپنے نئے مالک کو مزید ٹورنگ اور ونٹیج ریسنگ سے لطف اندوز ہونے اور دنیا بھر میں بڑی نمائشوں اور تقریبات میں ڈسپلے کا موقع فراہم کرے گی۔

اس سے قبل 2022 میں 135 ملین یورو میں نیلام ہونے والی ایسی ایک اور کار مرسیڈیز 300 SLR Uhlenhaut Coupe تھی۔

آر ایم سوتھبیز کے ترجمان کے مطابق یہ سٹٹ گارٹ میں ایک جرمن صنعت کار کے عجائب گھر میں خفیہ نیلامی میں فروخت ہوئی تھی۔ یہ دنیا بھر میں فروخت ہونے والی اب تک کی سب سے مہنگی کار ہے۔‘

رواں ہفتے نیویارک کے نیلام گھر سوتھبیز اور اس کے کاروباری حریف کرسٹیز نے اپنی آرٹ کی سیلز مکمل کی ہیں اور یہ نیلام گھر مشکل وقت سے بھی متاثر نہیں ہوئے۔ یہ دونوں سات نومبر سے اب تک کروڑوں ڈالر کما چکے ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا