English   /   Kannada   /   Nawayathi

یو پی القاعدہ مقدمہ میں ماخوذ محمد شکیل اور محمد مستقیم جیل سے رہا

share with us


مشکل وقت میں قانونی امداد فراہم کرنے کے لیئے جمعیۃ علماء کا شکریہ ادا کیا

لکھنؤ 16/ اپریل 2023(پریس ریلیز)ممنوعہ دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے رکن ہونے اور ہندوستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینے جیسے سنگین الزامات کا سامنا کررہے محمد شکیل اور محمد مستقیم کی گذشتہ شب لکھنؤ ڈسٹرکٹ جیل سے رہائی عمل میں آگئی۔ جیل سے رہا ہونے کے بعد ملزمین نے جمعیۃ علماء ہند قانونی امداد کمیٹی کی جانب سے ان کے مقدمہ کی پیروی کرنے والے ایڈوکیٹ مجاہد احمد،ایڈوکیٹ فرقان پٹھان، ایڈوکیٹ محمد سیف سے لکھنئو میں ان کی آفس میں ملاقات کی اور انتہائی مشکل وقت میں انسانی بنیادوں پر ان کے مقدمہ کی پیروی کرنے کے لیئے جمعیۃ علماء کا شکریہ ادا کیا۔دوران ملاقات محمد شکیل اور محمد مستقیم نے صدر جمعیۃ علماء ہندحضرت مولانا سید ارشد مدنی اور جمعیۃ علماء ہند قانونی امدادکمیٹی کے سربراہ گلزاراعظمی کا بھی  خصوصی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ رمضان کے مبارک ایام میں ان کی ضمانت منظور ہوئی اور اب وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ دو سالوں بعد عید منا سکیں گے، یہ سب جمعیۃ علماء کی کوششوں سے ممکن ہوپایا ہے جس کے لیئے ہم تہہ دل سے جمعیۃ علماء کے ممنو ن و مشکور ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں لکھنئو ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ کے جسٹس عطاالرحمن مسعودی اور جسٹس پرکاش شکلا نے دونوں ملزمین کو مشروط ضمانت پر رہا کیئے جانے کا حکم جاری کیا تھا، ملزمین کی پیروی جمعیۃ علماء کی جانب سے ایڈوکیٹ عارف علی خان، ایڈوکیٹ مجاہد احمد، ایڈوکیٹ فرقان پٹھان، ایڈوکیٹ سیف و دیگرنے کی تھی۔
واضح رہے کہ قومی تفتیشی ایجنسی این آئی اے نے پانچ ملزمین مشیرالدین، منہاج احمد،محمد شکیل، محمدمستقیم اور محمد معید کے خلاف ماہ جنوری2023 میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔ملزمین پر یو اے پی اے قانون کی دفعات 13,18,18-B, 20, 39، تعزیرات ہند کی دفعات 121-A, 122, 123 اور دھماکہ خیز مادہ کے قانون کی دفعات 4,5 کے تحت فرد جرم عائد کیا گیا ہے۔ملزمین پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ القاعدہ (انصار غزوۃ الہند) سے جڑے ہوئے ہیں اور ہندوستان بالخصوص اتر پردیش میں دہشت گردانہ کارروائیاں انجا م دے کرحکومت ہند کے خلاف جنگ چھیڑنا چاہتے تھے۔اس مقدمہ کا سامنا کررہے تین ملزمین  محمد شکیل، محمد مستقیم اور محمد معید کو جمعیۃ علماء قانونی امداد فراہم کررہی ہے، ملزم محمد معید کی بھی ضمانت منظو رہوچکی ہے، ضمانت کے دستاویزات کی تصدیق کا عمل جاری ہے، تصدیق ہوتے ہی محمد معید کی بھی جیل سے رہائی عمل میں آجائے گی۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا