English   /   Kannada   /   Nawayathi

بریکنگ نیوز : راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت منسوخ

share with us

نئی دہلی: کیرالہ کے وائیناڈ سے کانگریس کے رکن پارلیمان راہل گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت منسوخ کر دی گئی ہے۔ کانگریس اور راہل گاندھی کے لیے یہ بڑا جھٹکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق آج رکنیت منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ جمعرات کو سورت کی سیشن کورٹ نے ہتک عزت کے ایک مقدمے میں راہل گاندھی کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے دو سال قید اور 15000 روپے جرمانے عائد کیا تھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ اگر راہل گاندھی کو کم سزا دی جاتی ہے تو عوام میں غلط پیغام جائے گا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ کے اس انتباہ کو بھی دہرایا، جس میں سپریم کورٹ نے راہل گاندھی کو خبردار کیا تھا۔ سال 2018 میں 'چوکیدار چور ہے' معاملے پر سپریم کورٹ نے راہل گاندھی کو انتباہ دیا تھا۔ حالانکہ راہل نے اس معاملے میں معافی بھی مانگی تھی۔

دراصل راہل گاندھی کو جس تقریر میں قصوروار ٹھہرایا گیا ہے، اس میں انہوں نے کہا تھا کہ تمام چوروں کا سرنیم مودی کیوں ہوتا ہے۔ ٹی وی چینل پر بحث کے دوران سینئر ایڈووکیٹ آریہ مان سندرم نے کہا کہ تمام چوروں کے سرنیم مودی کیوں ہے، اس کا مطلب ہے کہ جو بھی چوری کرتا ہے وہ صرف مودی سرنیم والے ہیں، دوسرے چوری نہیں کرتے۔ یعنی ان کے بیان سے براہ راست توہین کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس کا سرنیم مودی ہے اس کی توہین کی گئی ہے تو اس میں انفرادی لوگ بھی شامل ہیں جن کی بدنامی ہوئی ہے۔

اب اس معاملے پر کانگریس کا شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ کانگریس نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل پر بیان دیا ہے کہ ’’راہل گاندھی جی کی لوک سبھا رکنیت ختم کر دی گئی۔ وہ آپ کے اور اس ملک کے لیے لگاتار سڑک سے پارلیمنٹ تک لڑ رہے ہیں، جمہوریت کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ ہر سازش کے باوجود وہ یہ لڑائی ہر قیمت پر جاری رکھیں گے اور اس معاملے میں قانونی کارروائی کریں گے۔ لڑائی جاری ہے۔‘‘

راہل گاندھی کی پارلیمانی رکنیت رد ہونے پر راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے بھی سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے اس فیصلے کی تنقید کی ہے۔ اشوک گہلوت نے کہا کہ ’’راہل گاندھی اپوزیشن کی آواز ہیں اور اب یہ آواز اس تاناشاہی کے خلاف مزید مضبوط ہوگی۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ’’راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت ختم کرنا تاناشاہی کی ایک مثال ہے۔ بی جے پی یہ نہ بھولے کہ یہی طریقہ انھوں نے اندرا گاندھی کے خلاف اختیار کیا تھا اور ان کو منھ کی کھانی پڑی۔ راہل گاندھی ملک کی آواز ہیں جو اس تاناشاہی کے خلاف اب مزید مضبوط ہوگی۔‘‘

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا