English   /   Kannada   /   Nawayathi

فیفا ورلڈ کپ: عالمی سطح پر فلسطینی جدوجہد ابھی تک دفن نہیں ہوئی

share with us

 

15/دسمبر/2022(فکروخبر/ذرائع)فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کے سربراہ جبریل رجوب کا کہنا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ کے تاریخی میچز کے دوران مراکش کی فلسطینیوں کے لیے حمایت سے واضح ہے کہ ان کی جدوجہد ابھی ’دفن‘ نہیں ہوئی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دیگر عرب ممالک کی طرح مراکش نے بھی اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار کرنے کی حمایت کی تھی لیکن مراکشی کھلاڑیوں نے واضح کر دیا ہے کہ دہائیوں پرانے اس تنازعے پر ان کی وفاداریاں کس کے ساتھ ہیں۔

6 دسمبر کو سپین کے خلاف تاریخی فتح اور کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے بعد مراکش کی ٹیم نے گراؤنڈ میں فلسطینی جھنڈا لہرایا تھا۔

مراکشی کھلاڑی ٹورنامنٹ کے دوران بھی فلسطین کے حق میں سوشل میڈیا پر پوسٹس کرتے دکھائی دیے تھے۔

فٹبال ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز میں پہنچنے والے پہلے عرب ملک مراکش کی اس کامیابی پر دیگر عرب ممالک کی طرح مقبوضہ مغربی کنارے، غزہ اور مشرقی یروشلم میں بھی جشن کا سما تھا۔

فلسطینی شہر رام اللہ میں کھیلوں کے سٹور کے مالک کا کہنا تھا کہ مراکش کی ٹیم کے لیے فلسطینیوں میں نہ ختم ہونے والا جذبہ پایا جاتا ہے اور ان کے پاس موجود تمام جرسیاں فروخت ہو گئی تھیں۔

’اگر میرے پاس تین لاکھ جرسیاں ہوتیں تو وہ بھی دو دنوں میں فروخت ہو جاتیں۔‘

فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کے سربراہ جبریل رجوب کا کہنا ہے کہ مراکش کے کھلاڑیوں کے جذبے سے ان کی فلسطینیوں کی جدوجہد کے لیے حمایت ثابت ہوتی ہے، اس سے قطع نظر کہ عرب رہنما کیا فیصلے کرتے ہیں۔

جبریل رجوب جو فلسطینی صدر محمود عباس کی فتح پارٹی کے سیکرٹری جنرل بھی ہیں کا کہنا ہے کہ ’ورلڈ کپ سے یہ جھوٹ بھی ظاہر ہو گیا کہ تعلقات کی بحالی کے معاہدوں کے بعد فلسطینیوں کی جدوجہد دفن ہو گئی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ مراکش کا جذبہ اور قطر میں فلسطینیوں کے لیے اظہار یکجہتی دراصل (اسرائیل کے ساتھ) ’نارملائزیشن کے آئیڈیا پرتھپڑ‘ کے مترادف ہے۔

فلسطینی سنیٹر فار پالیسی اینڈ سروے ریسرچ کے مطابق فلسطینیوں کی ایک بڑی تعداد کے خیال میں فٹبال میچز کے دوران شائقین کی جانب سے جو یکجہتی کا اظہار کیا گیا اس سے ان کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

غزہ میں حکومت کرنے والی جماعت حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا کہ فٹبال ورلڈ کپ سے عالمی سطح پر فلسطینی جدوجہد کی اہمیت کی توثیق ہوئی ہے۔

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا