English   /   Kannada   /   Nawayathi

کشمیر میں شراب جیسی لعنت کو عام کرنے کے لئے مزید لائسنس کا اجرا ناقابل برداشت

share with us

سری نگر:27فروری2021(فکروخبرنیوز/ذرائع)متحدہ مجلس علما جموں وکشمیر کا ایک انتہائی اہم اور غیر معمولی اجلاس، مجلس کے بانی صدر اور ممتاز عالم دین مولانا رحمت اللہ میر القاسمی ناظم دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ کی صدارت میں مرکزی جامع مسجد سرینگر کے صدر دفتر پر منعقد ہوا۔

اجلاس میں اس بات پر انتہائی حیرت اور تعجب کا اظہار کیا گیا کہ ایک طرف حکومت جموں وکشمیر میں منشیات کی روک تھام اور انسداد کے حوالے سے بڑے بڑے دعوے کر رہی ہے اور دوسری طرف شراب جیسی ام الخبائث اور لعنت کو عام کرنے کے لئے مزید لائسنسوں کا اجرا کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں یہ بات زور دیکر کہی گئی کہ اس طرح کے اقدامات کشمیری عوام کے لئے کسی بھی قیمت پر قابل قبول نہیں ہیں۔ اس لئے حکومت کو اس طرح کے فیصلے فوری طور پر واپس لینا چاہئے۔

اجلاس میں کشمیری معاشرہ کی ہمہ جہت اصلاح اور بہتری کے لئے مجلس علما کے زیر اہتمام، ریاست گیر سطح پر ایک مہم چلانے کی پر زور وکالت کی گئی اور کہا گیا کہ مجلس کا اجلاس ہر ماہ پابندی سے بلایا جائے تاکہ زمینی صورتحال کا جائزہ لے کر اصلاح معاشرہ کی مہم میں تیزی لائی جاسکے۔

اجلاس میں جامع مسجد سرینگر کو مقفل رکھنے اور میرواعظ کشمیر کی پر امن دینی، دعوتی اور سماجی سرگرمیوں پر قدغنوں کیخلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ آج جبکہ آثار شریف درگاہ حضرت بل ، روحانی مرکز خانقاہ معلی، آستانہ عالیہ چرار شریف، مرکزی امام باڑہ بڈگام اور دیگر تمام مقامات عبادت و ریاضت کیلئے کھول دیئے گئے ہیں معراج النبیؐ، شب برات اور مقدس ماہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر جامع مسجد کھول دینے کے ساتھ ساتھ میرواعظ کی فوری رہائی یقینی بنائی جائے۔

اپنی صدارتی خطاب میں مولانا رحمت اللہ قاسمی نے پوری تفصیل اور وضاحت کے ساتھ کشمیری معاشرہ کی زبوں حالی اور اصلاحی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے البتہ ہمیں اپنی مثبت اور اصلاحی کوششوں میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا