English   /   Kannada   /   Nawayathi

حسن اخلاق اور رزق حلال کی فکر پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔

share with us

آج مسلمان کا نہ گھر محفوظ ہے ، نہ مال اور نہ عزت اس لئے کہ اس سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا دامن چھوٹ گیا ۔ ان خیالات کا اظہار مہتمم مدرسہ شاہی مراد آباد اور نواسہ مولانا محمد حسین احمد مدنی مولانا سید اشہد رشیدی قاسمی نے کیا ۔ وہ مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کی طرف سے خلیفہ جامعہ محلہ میں منعقدہ جلسہ سیرت النبی سے خطاب کررہے تھے ۔ مولانا نے حدیث کے حوالہ سے موجود جم غفیر کو سیرت کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اپنے اندرحفظ امانت ، سچائی ، حسن اخلاق اور رزق حلال کی فکر پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ مولانا نے کہا کہ اگر دنیا میں باعزت زندگی گذارنا چاہتے ہو تو امانت کی ادائیگی کے سلسلہ میں کوتاہ نہ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بغیر تمہاری نماز ، روزہ اور حج قابلِ قبول نہیں ہوگا ۔ مولانا نے قیامت کے ہولناک منظر کو لوگوں کے سامنے پیش کرتے ہوئے حقوق کی ادائیگی کی طرف سے توجہ دلائی اور کہا کہ اس کی وجہ سے وہ بھیانک عذاب کے مستحق ہوسکتے ہیں ۔ مولانا نے سچائی کے حوالہ سے کہا اس دور میں جھوٹ کو گناہ نہیں سمجھا جارہا ہے ۔ اس کو بولنے پر آدمی اپنی عزت سمجھتا ہے جبکہ اس کی عزت اس سے بچ کر زندگی گذارنے میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سچائی کی وجہ سے اللہ دو انعامات سے نوازے گا ۔ تمہارے بگڑے ہوئے کام بنادے گا اور تمہارے گناہوں کو معاف کردے گا ۔ مولانا نے حسن اخلاق کے سلسلہ میں کہا کہ گھر والوں اور دوسروں کے ساتھ حتی کہ غیروں کے ساتھ بھی حسن اخلاق سے پیش آئے ۔ رزق حلال کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے روزی میں بڑی برکت ہوتی ہے اور اللہ دنیا کی پریشانیوں سے اس کو نجات دلاتا ہے ۔ اس سے پہلے ولڈ اسلامک ریسرچ اینڈ دعوہ فورم انڈیا کے چیرمین مولانا ثناء اللہ قاسمی نے دنیا کی تاریخ پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سوائے اسلام کے اور کوئی شریعت دنیا میں باقی رہنے نہیں آئی ۔جو بھی انسان ہدایت چاہتا ہے تو وہ آپ کی زندگی کو دیکھے۔مولانانے موجودہ حالات کے تناظر میں کہا کہ دنیا میں آج مسلمانوں کو مختلف طریقوں سے پریشان کیا جارہا ہے ۔دنیا کو صحیح پیغام دیا جائے تو اس کی کایا پلٹ سکتی ہے ۔ آج مسلمان سیرت کے جلسے تو منارہے ہیں لیکن عملی میدان میں بھی اس کو آگے آنے کی ضرورت ہے مولانا نے کہا کہ جس اعتماد سے صحابہ نے سیرت پر عمل کرکے دکھایا اس کو پیدا کرنے پر دنیا میں انقلاب پیدا ہوسکتا ہے ۔ جلسہ کی صدارت کررہے قاضی خلیفہ جماعت المسلمین واستاد حدیث مولانا خواجہ ندوی نے کہا کہ تمام انبیاء مقدمہ تھے اور اس کی تکمیل آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے ہوئی ۔ مولانا نے کہا کہ دوچار گھنٹوں میں آپ کی سیرت کے چند گوشوں کو جان کر مطمئن ہونا کافی نہیں ہے بلکہ اپنی عملی زندگی میں اس کو جگہ دینے کی ضرورت ہے ۔ مولانا نے بعثت کے اصل مقصد کوواضح کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے لائے ہوئے دین کو اپنے بعد آنے والوں کو پہنچانے والے بنے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو پوری انسانیت کے لئے نمونہ بنایا گیا ہے اور اس میں زمانے کا چیلینج ہے ۔ واضح رہے کہ اس سیرت کے جلسہ کا آغاز مولوی مزمل ہلارے ندوی کی تلاوت سے ہوا ۔ نابینا حافظ محمد انیس بڈو نے نعت پیش کی ۔ جناب سید حسن سقاف نے استقبالیہ اور مولانا ایمن ندوی نے تشکر کے کلمات ادا کئے ۔ نظامت کے فرائض مولوی محمد شعیب جوکاکو ندوی نے انجام دےئے ۔قریب پاؤنے بارہ بجے قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا محمد اقبال ملا ندوی کی دعا پر اس کا اختتام ہوا ۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا