English   /   Kannada   /   Nawayathi

سپریم کورٹ نے ’ٹریکٹر ریلی‘ پر مداخلت سے کیا انکار، کسان 26 جنوری کو ’سنامی‘ لانے کے لیے تیار!

share with us

:20 جنوری2021(فکروخبرنیوز/ذرائع)مرکزی حکومت کے نئے زرعی قوانین کے خلاف کسان گزشتہ 56 دنوں سے دہلی کے بارڈر پر مظاہرہ کر رہے ہیں۔ کسان اور مودی حکومت کے درمیان اب تک کئی دور کی میٹنگیں ہو چکی ہیں، لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو سکا ہے۔ اس درمیان کسان لیڈروں نے 26 جنوری کے موقع پر دہلی میں ’ٹریکٹر ریلی‘ نکالنے کا عزم ایک بار پھر ظاہر کیا ہے۔ ٹریکٹر ریلی کے تعلق سے آج سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی، لیکن عدالت نے اس تنازعہ میں کسی بھی طرح کی مداخلت سے انکار کر دیا اور کہا کہ دہلی پولس اس سلسلے میں فیصلہ لے۔

ٹریکٹر ریلی کے تعلق سے ہوئی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کچھ بھی فیصلہ سنانے سے انکار کر دیا اور کہا کہ یہ انتظام و انصرام کا معاملہ ہے جس پر انتظامیہ کو ہی فیصلہ لینا چاہیے۔ چیف جسٹس ایس اے بوبڈے نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’ہم ٹریکٹر ریلی کو لے کر کوئی فیصلہ نہیں سنائیں گے، عدالت کسی ریلی کو روکے یہ بالکل بھی ٹھیک نہیں ہے۔ ایسے میں دہلی پولس کو ہی اس پر فیصلہ لینا چاہیے۔‘‘ انھوں نے عدالت میں وکیلوں کو مشورہ دیا کہ وہ کسانوں سے اپیل کریں کہ ٹریکٹر ریلی پرامن انداز میں نکالی جائے۔

دوسری طرف کسان ٹریکٹر ریلی نکالنے کے لیے پرعزم ہیں۔ کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے صاف لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ ’’ہمیں دہلی میں ٹریکٹر ریلی نکالنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ دہلی بھی کسانوں کی ہے اور یوم جمہوریہ بھی کسانوں کا ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ آج صبح دہلی پولس اور کسان لیڈروں کی میٹنگ بھی ہوئی، لیکن ابھی تک ٹریکٹر ریلی کو لے کر کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔ حالانکہ کسانوں نے یہ ضرور صاف کر دیا ہے کہ وہ اپنا فیصلہ بدلنے والے نہیں ہیں۔ مودی حکومت کے ساتھ آج کسان لیڈران کی شروع ہوئی میٹنگ سے قبل کسان لیڈر پریم سنگھ پنگو کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ’’گزشتہ میٹنگ میں حکومت نے کہا تھا کہ وہ زرعی قوانین کو رد کرنے کو لے کر من بنا کر آئے گی۔ اگر آج کی میٹنگ کامیاب نہیں ہو پاتی ہے تو 26 تاریخ کو دنیا ہمارا پریڈ دیکھے گی۔ کسانوں میں بہت مایوسی اور غصہ ہے۔ 26 جنوری کو سنامی آئے گی۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا