English   /   Kannada   /   Nawayathi

پی ایم مودی کا قوم کے نام خط، کہا دوسرے ممالک کے مقابلہ ہندوستان کی اجتماعی طاقت اور صلاحیت منفرد

share with us

نئی دہلی:30 مئی 2020(فکروخبر/ذرائع) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس (كووڈ- 19) سے نمٹنے کے لئے پورے ملک نے اپنے منفرد اتحاد اور عزائم سے پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت کی دوسری مدت کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ہموطنوں کے نام کھلے خط میں پی ایم مودی نے اپنے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 130 کروڑ لوگوں کا حال اور مستقبل کبھی بھی کوئی آفت فیصلہ نہیں کر سکتی۔

پی ایم مودی نے اپنے خط میں لکھا کہ ’’اپنے ہموطنوں کی توقعات اور حسرتوں کو پورا کرنے کی سمت میں تیز رفتار سے آگے بڑھ رہے تھے، لیکن اسی درمیان کورونا وائرس وبا نے دنیا کے ساتھ ہمارے ملک کو بھی الجھا دیا۔ جہاں ایک طرف عظیم اقتصادی وسائل اور جدید ہیلتھ سسٹم کے ساتھ طاقتیں ہیں، وہیں دوسری طرف ہمارا ملک ایک بہت بڑا آبادی اور محدود وسائل کے درمیان مسائل سے گھرا ہوا ہے‘‘۔

انہوں نے کہا، "زیادہ تر کے ذہن میں یہ خدشہ گھر کیے ہوئے تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہندوستان دنیا کے لئے ایک مسئلہ نہ بن جائے، لیکن آج آپ نے دنیا کو ہماری طرف دیکھنے کے نظریہ اور سوچ کے تصور کو تبدیل کر دیا۔ آپ نے ثابت کر دیا ہے کہ دنیا کے طاقتور اور خوشحال ممالک کے مقابلے میں ہندوستان کی اجتماعی طاقت اور صلاحیت منفرد ہے‘‘۔

وزیر اعظم نے مزید کہا ’’ہم نے اب تک جس صبروتحمل کا مظاہرہ کیا ہے، اسے جاری رکھنا ہے۔ موجودہ بحران کی اس گھڑی میں بحث کا مسئلہ یہ بھی ہے کہ ہندوستان سمیت مختلف ممالک کی معیشت کو کس طرح بحال کیا جائے گا‘‘۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان نے اپنے اتحاد ویکجہتی اور کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں عزائم سے دنیا کو حیران کیا ہے، اس کے پیش نظر ہمیں پورا یقین ہے کہ ہم اقتصادی احیاء کی سمت میں بھی سنگ میل ثابت ہوں گے‘‘۔

انہوں نے کہا’’عالمی وبا کی وجہ سے یہ یقینی طور پر بحران کی گھڑی ہے، لیکن ہم ہندوستانیوں کے لئے یہ ایک عزم مصمم کا وقت ہے۔ ہمیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ 130 کروڑ کا حال اور مستقبل کبھی بھی منفی حالات فیصلہ نہیں کر سکتے۔ ہم خود اپنا حال اور اپنا مستقبل طے کریں گے۔ ہم ترقی کی راہ پر گامزن رہیں گے اور کامیابی بھی حاصل کریں گے‘‘۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا