English   /   Kannada   /   Nawayathi

بابری مسجد پر فیصلہ سے قبل الرٹ پر یوپی ، بڑھائی گئی سیکیورٹی

share with us

یوپی :06/نومبر 2019(فکروخبر/ذرائع)مرکزی وزارت داخلہ نے ایودھیا اراضی تنازعہ پر سپریم کورٹ کے آنے والے فیصلے کو دیکھتے ہوئے اتر پردیش حکومت کو خصوصی ہدایت اور الرٹ جاری کیا ہے۔ ہدایات کے مطابق قانون و انتظام بنائے رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لیے احتیاطی طور پر ایودھیا کو کسی قلع کی طرح بدل دیا جائے گا۔

مرکزی وزارت داخلہ نے دہشت گردانہ خطرات کے بارے میں خفیہ خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے داخلہ سکریٹری اجے کمار بھلّہ کے حکم پر گزشتہ ہفتہ جاری ایک سرکلر کے ذریعہ اتر پردیش حکومت کو پھر سے محتاط رہنے کے لیے کہا ہے۔ اس میں ریاستی حکومت کو پولس فورس کی زیادہ تعیناتی کا حکم دیا گیا ہے۔ وہیں سوشل سائٹس پر کوئی افواہ نہ پھیلے، اس لیے ان پر بھی نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔

ایک اعلیٰ سطحی ذرائع نے بتایا کہ ایودھیا میں ایک عوامی نظامِ خطاب (پبلک ایڈریس سسٹم) چلانے کے لیے بھی کہا گیا ہے۔ ایسا اندیشہ ہے کہ سماج دشمن عناصر لوگوں کے مذہبی جذبات کو مشتعل کر سکتے ہیں۔ اس لیے سرکلر میں اتر پردیش حکومت کو ریاست میں انتہائی حساس علاقوں پر نظر رکھنے اور اہم مقامات پر پولس فورس تعینات کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

ذرائع نے کہا کہ اتر پردیش کے چیف سکریٹری راجندر کمار تیواری، پولس ڈائریکٹر جنرل او پی سنگھ اور دیگر محکموں کو آخر وقت میں ہونے والی بے ضابطگیوں سے بچنے کے لیے خاص ہدایات بھیجے گئے ہیں۔ خفیہ اطلاعات میں پتہ چلا ہے کہ لشکر طیبہ اور حزب المجاہدین جیسے گروپوں سے جڑے تقریباً نصف درجن دہشت گرد اپنے پاکستانی آقاؤں کے اشارے پر ریاست میں دہشت گردانہ حملے کرنے کے لیے نیپال کی سرحد سے ہو کر اتر پردیش میں داخل ہو چکے ہیں۔

موصول خفیہ اطلاعات میں متنبہ کیا گیا ہے کہ دہشت گرد ایودھیا اور آس پاس کے شہروں میں چھپے ہو سکتے ہیں اور ایودھیا میں ہندو مردوں کی شکل میں داخل ہو سکتے ہیں۔ غور طلب ہے کہ ایودھیا سیکورٹی کو لے کر ہمیشہ ہائی الرٹ پر رہتا ہے۔ خاص طور سے متنازعہ مقام کے آس پاس کافی سیکورٹی رہتی ہے۔

ریاست کے پولس محکمے نے بھروسہ دلایا ہے کہ جس دن سپریم کورٹ ایودھیا معاملے پر اپنا فیصلہ سنائے گا، اس دن قانونی نظام بنائے رکھنے کے لیے شہر میں 50 ہزار سے زیادہ پولس اہلکار تعینات رہیں گے۔ اتر پردیش کے ایک پولس افسر نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ بھیڑ پر نظر رکھنے کے لیے ریپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) اور ڈرون سمیت انسداد دہشت گردی دستہ، خصوصی پولس اور نیم فوجی دستہ کے جوانوں کو بھی تعینات کیا جائے گا۔

افسر کے مطابق آر اے ایف کمپنیوں کے علاوہ پی اے سی کی تقریباً 50 کمپنیاں تیار ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ پی اے سی اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی تقریباً 10 کمپنیاں مستقل طور پر متنازعہ جگہ پر سال بھر کے دوران سیکورٹی کے لیے تعینات رہیں گی۔ افسر نے کہا کہ ایک درجن سے زیادہ پولس سپرنٹنڈنٹ، 30 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور دیگر ذیلی رینک کے افسران کو ایودھیا کی سیکورٹی میں لگایا جائے گا جنھیں کل آٹھ علاقوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا